غریب طبقے پر بوجھ کم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں : وزیراعظم

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے 15 نومبر سے پورے ملک میں گنے کی کرشنگ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ چینی کے ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوری میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ حکومت غریب طبقے پر بوجھ کم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات لے رہی ہے جب کہ احساس راشن،کامیاب پاکستان،کسان کارڈ اور دیگر پروگرام غریبوں کے ریلیف کے لیے جاری کیے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پرائس کنٹرول پر اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا حماد اظہر، فواد چوہدری، خسرو بختیار، فخر امام، فروغ نسیم، مشیر خزانہ شوکت ترین، شہزاد اکبر اور شہباز گل سمیت دیگر نے شرکت کی جب کہ چیئرمین ایف بی آر ، چیف سیکرٹری پنجاب، بلوچستان اور کے پی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس میں چینی کے اسٹاک اور قیمتوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ اس وقت ملک میں وافر مقدار میں چینی موجود ہے سندھ کی شوگر ملوں کی بندش کے فیصلے سے قیمتیں بڑھی ہیں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چینی کے مکمل اسٹاک کو مارکیٹ میں لایا جائے اور 15 نومبر سے پورے ملک میں گنےکی کرشنگ کا آغاز کیا جائے، اس دوران کرشنگ قوانین پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں اشیاء کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں، پاکستان درآمدی اشیاء پر انحصار کرتا ہے اس لیے مقامی مارکیٹ پر اثرات مرتب ہورہے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت غریب طبقے پر بوجھ کم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات لے رہی ہے، احساس راشن،کامیاب پاکستان،کسان کارڈ اور دیگر پروگرام غریبوں کے ریلیف کے لیے جاری کیے۔

عمران خان نے کہا کہ عوام کے سامنےحقائق اور اعداد و شمار پیش کیےجائیں، مؤثر آگاہی مہم چلائی جائے جب کہ ذخیرہ اندوزوں، ناجائز منافع خوری کے مرتکب افراد کےخلاف سخت کارروائی کی جائے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومت مہنگائی کے اثرات کا احساس رکھتی ہے اور سیاست سے بالاتر ہوکر عوام کی خدمت پرتوجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے