ہفتہ : 04 دسمبر 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]سیالکوٹ سانحہ ، درجنوں مشتبہ افراد گرفتار[/pullquote]

سیالکوٹ سانحے کے ایک دن بعد پولیس نے درجنوں مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ پنجاب پولیس کے ترجمان نے بتایا ہے کہ سی سی ٹی وی اور موبائل فوٹیج کی مدد سے مشتبہ افراد کی نشان دہی کی جا رہی ہے۔ ادھر سری لنکن وزیر اعظم مہیندا راجا پاکسے نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ پاکستانی وزیر اعظم ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں ضرور لائیں گے۔ ہفتے کو مشتعل ہجوم نے ایک سری لنکن شہری پر توہین مذہب کا الزام لگاتے ہوئے اسے سرعام ہلاک کر کے اس کی لاش کو آگ لگا دی تھی۔ عمران خان نے کہا ہے کہ ملزمان کو سزا ضرور دی جائے گی۔

[pullquote]یوکرائن میں روسی کارروائی مشکل بنا دیں گے، امریکی صدر[/pullquote]

امریکی صدر جو بائیڈن نے عہد ظاہر کیا ہے کہ روس کی طرف سے یوکرائن میں کسی بھی قسم کی عسکری کارروائی کو روکنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سابق سوویت ملک میں روسی فوجی کارروائی کو’انتہائی مشکل’ بنا دیا جائے گا۔ قبل ازیں امریکی خفیہ حکام نے ایسی خبروں کی تصدیق کر دی تھی کہ روس نے یوکرائن میں ایک نیا حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے، جو آئندہ سال کے اوائل میں کیا جا سکتا ہے۔ یوکرائن اور نیٹو پہلے ہی ان خطرات کا اظہار کرتے آ رہے تھے۔ تاہم ماسکو حکومت ایسے خدشات رد کرتی ہے۔

[pullquote]کووڈ انیس کو سنجیدہ لیں، بطور چانسلر میرکل کا آخری ویڈیو پیغام[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کورونا کی عالمی وبا کے خلاف سبھی شہریوں کو یک جہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس کا مقابلہ کرنا چاہیے۔ بطور چانسلر اپنے آخری ہفتہ وار ویڈیو پیغام میں میرکل نے یہ درخواست بھی کہ کہ زیادہ سے زیادہ لوگ ویکسین لگوائیں۔ کووڈ انیس کی نئی تبدیل شدہ قسم اومیکرون کی وجہ سے ایسے خطرات ہیں کہ یہ وائرس زیادہ تیزی سے پھیل سکتا ہے۔ میرکل نے کہا کہ اس عالمی وبا کو سنجیدہ لیتے ہوئے تمام احیتاطی تدابیر لینا چاہییں۔ سولہ برس تک اقتدار میں رہنے والی میرکل آئندہ ہفتے چانسلر کے عہدے سے سبکدوش ہو رہی ہیں۔

[pullquote]پنج شیر کے گورنر پر ناکام حملہ[/pullquote]

افغان صوبے پنج شیر میں طالبان حکومت کے گورنر ایک بم حملے میں بال بال بچ گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ہفتے کے دن کابل میں سڑک کے کنارے نصب بم سے مولوی قدر اللہ کی گاڑی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی لیکن وہ محفوظ رہے۔ اس حملے میں ان کے کسی محافظ کو بھی کوئی چوٹ نہیں آئی۔ فوری طور پر کسی گروہ نے اس کارروائی کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ طالبان کی عمل داری کے بعد افغانستان میں فعال داعش کے جنگجوؤں نے طالبان کے خلاف کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔

[pullquote]آسٹریلیا میں اومیکرون لیکن حکام پرامید[/pullquote]

آسٹریلیا نے کہا ہے کہ کووڈ انیس کی تبدیل شدہ نئی قسم اومیکرون کے متعدد کیس رجسٹر کیے گئے ہیں۔ ہفتے کے دن حکام نے بتایا کہ سڈنی میں ہی تیرہ افراد میں یہ وائرس پایا گیا ہے جبکہ خدشہ ہے کہ ریاست کوئینز لینڈ میں بھی یہ ویرئینٹ پہنچ چکا ہے۔ طبی ماہرین نے امید ظاہر کی ہے کہ یہ نئی قسم کووڈ انیس کی پرانی اقسام کے مقابلے میں زیادہ خطرناک ثابت نہیں ہو گی۔ اومیکرون کی دریافت کے بعد اس عالمی وبا کے حوالے سے عالمی سطح پر تشویش میں اضافہ ہوا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ نئی قسم زیادہ تیزی سے پھیلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

[pullquote]عراق میں اسلامک اسٹیٹ کا حملہ، تین افراد مارے گئے[/pullquote]

عراق کے خودمختار علاقے کردستان میں اسلامک اسٹیٹ کے جنگجوؤں کے ایک حملے میں تین افراد ہلاک جبکہ دس کرد فوجی زخمی ہو گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ جمعے کے دن یہ حملہ مخمور ریجن میں کیا گیا، جو دہشت گرد تنظیم داعش کا گڑھ قرار دیا جاتا ہے۔ اس علاقے میں یہ جنگجو پہلے بھی شہریوں اور سکیورٹی فورسز کو نشانہ بناتے رہے ہیں۔ ادھر کرد وزیر اعظم نے زور دیا ہے کہ ایسے حملوں کے سدباب کی خاطر کرد فورسز اور عراقی حکام کو زیادہ تعاون کرنے کی ضرورت ہے۔

[pullquote]افغانستان میں مشترکہ یورپی سفارتی مشن شروع کرنے کا منصوبہ[/pullquote]

فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے کہا ہے کہ متعدد یورپی ممالک افغانستان میں سفارتی مشن شروع کرنے کی کوشش میں ہیں۔ ہفتے کے دن ماکروں نے دوحہ میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ کوشش ہے کہ افغانستان میں یورپ کا ایک مشترکہ مشن کام کرنا شروع کر دے تاکہ یورپی سفارت کار ایک مرتبہ پھرافغانستان جا کر اپنی ذمہ داریاں نبھا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ البتہ یورپی ممالک کے اس قدم سے یہ مراد نہیں کہ طالبان کی حکومت تسلیم کیا جا رہا ہے۔

[pullquote]چین کی امریکی جمہوری نظام پر کڑی تنقید[/pullquote]

چین کی کمیونسٹ پارٹی نے امریکی جمہوریت پر کڑی تنقید کی ہے۔ پارٹی حکام نے کہا کہ جس طرح امریکا میں کووڈ انیس کی عالمی وبا پر ردعمل ظاہر کیا گیا ہے، اس کے بعد وہ کسی دوسرے ملک کو کس طرح لیکچر دیتے ہوئے اپنے جمہوری نظام کو ایک مثال کے طور پر پیش کر سکتا ہے۔ یہ بیانات ایک ایسے وقت پر سامنے آئے ہیں، جب امریکا آئندہ ہفتے گلوبل ڈیموکریسی سمٹ کا انعقاد کر رہا ہے، جس کی میزبانی صدر جو بائیڈن کریں گے۔ اس دو روزہ ورچویل کانفرنس میں ایک سو دس ممالک کے حکام شریک ہوں گے تاہم چین اور روس کو مدعو نہیں کیا گیا ہے۔

[pullquote]گیمبیا میں صدارتی الیکشن، جمہوریت کے لیے امتحان[/pullquote]

گیمبیا میں آج صدارتی الیکشن کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ اس مغربی افریقی ملک کے یہ ایسے پہلے صدارتی انتخابات ہیں، جس میں معزول شدہ صدر یحیی جامع حصہ نہیں لے رہے ہیں۔ اس انتخابی عمل کو اس ملک کے نئے جمہوری نظام کے لیے ایک امتحان قرار دیا جا رہا ہے، جس میں پانچ سیاسی پارٹیوں اور ایک آزاد صدارتی امیدوار میدان میں اترا ہے۔ تمام صدارتی امیدوارں نے ملک میں جمہوری بنیادوں کو مضبوط بنانے کا عہد کیا ہے۔ موجودہ صدر آدما بارو نے اپنے سیاسی اتحاد کی مدد سے طویل عرصے تک ملک پر قابض رہنے والے جامع کو سن دو ہزار سولہ میں معزول کر دیا تھا۔

[pullquote]اعجاز پاٹیل کی ایک اننگز میں دس وکٹیں[/pullquote]

بھارت اور نیوزی لینڈ کے مابین ممبئی میں جاری دوسرے ٹیسٹ میں کیوی لیگ سپنر اعجاز پاٹیل نے ایک اننگز میں دس وکٹیں لے کر نیوزی لینڈ کے لیے ایک نیا ریکارڈ بنا دیا ہے۔ اس سے قبل صرف دو کھلاڑی ہی کسی ٹیسٹ میچ کی ایک اننگز میں دس وکٹیں لینے میں کامیاب ہو سکے ہیں۔ انگلش بولر جم لیکر نے آسٹریلیا کے خلاف یہ اعزاز انیس سو چھپن میں حاصل کیا تھا کہ جبکہ بھارتی بولر انیل کومبلے نے انیس سو ننانوے میں پاکستان کے خلاف یہ کارنامہ سر انجام دیا تھا۔ تینتیس سالہ پاٹیل کی عمدہ کارکردگی کی بدولت بھارتی ٹیم پہلی اننگز میں تین سو پچیس رنز بنا سکی۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے