جمعہ : 10 دسمبر 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]برطانوی عدالت نے اسانج کی حوالگی پر پابندی ختم کردی[/pullquote]

لندن کی ایک اپیل کورٹ نے امریکا کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے وکی لیکس کے بانی جولیان اسانج کو امریکا کی تحویل میں دینے پر پابندی ختم کردی ہے۔ اس فیصلے کے بعد اسانج کو امریکا کے حوالے کیا جاسکتا ہے۔ قبل ازیں برطانیہ کی ایک زیریں عدالت نے پچاس سالہ اسانج کی صحت اور امریکا میں ممکنہ سزا کے خدشے کی وجہ سے حوالگی روک دی تھی۔ واشنگٹن حکومت نے اس عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی تھی۔ امریکا نے اسانج پر عراق اور افغانستان میں امریکی فوجی کارروائیوں کے خفیہ مواد چوری کرنے اور انہیں شائع کرنے کا الزام لگایا ہے۔ روس نے برطانوی اپیل کورٹ کے فیصلے کو ’شرمناک‘ قرار دیا ہے۔ وکی لیکس کے بانی اس فیصلے کے خلاف برطانوی سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر سکتے ہیں۔

[pullquote]جرمن چانسلر شولس کا پیرس اور برسلز کا دورہ[/pullquote]

جرمنی کے نئے چانسلر اولاف شولس اپنے پہلے غیر ملکی دورے کے لیے فرانس پہنچ گئے۔ پیرس میں شولس فرانسیسی صدر ایمانویل ماکروں سے ملاقات کر رہے ہیں۔ جرمن چانسلر نے برلن سے روانگی سے قبل اس دورے کو یورپی بلاک کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے جرمنی اور فرانس کی مشترکہ حکمت عملی تیار کرنے کے لیے اہم قرار دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ملاقات کے دوران روس – یوکرائن سرحد پر جاری تنازعہ، ایران جوہری معاہدے کی بحالی اور چین کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی۔ جرمن چانسلر پیرس سے برسلز روانہ ہوں گے، جہاں ان کی نیٹو کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات متوقع ہے۔

[pullquote]نوبل امن انعام آزادی صحافت کے چیمپئن کے نام[/pullquote]

ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں آج فلپائن اور روس سے تعلق رکھنے والے آزادی صحافت کے سرگرم کارکنوں کو اس سال کے نوبل امن انعام سے نوازا جارہا ہے۔ نیوز ویب سائٹ ریپلر کی شریک بانی ماریا ریسا اور نووایا گزیٹا کے چیف ایڈیٹر دمتری مراتوف کو یہ انعام اپنے اپنے ملکوں میں آزادی اظہار کے تحفظ کی کوششوں کے لیے دیا گیا ہے۔ ناروے میں نوبل کمیٹی کی سربراہ کا کہنا ہے کہ ایک صحت مند اور جمہوری معاشرے کا انحصار بااعتماد معلومات پر ہوتا ہے۔ دنیا بھر میں آزاد اور غیرجانبدار صحافت کو اس وقت شدید خطرات کا سامنا ہے۔

[pullquote]بیجنگ سرمائی اولمپکس کے سفارتی بائیکاٹ پر ایران کی مذمت[/pullquote]

ایران نے مغربی ممالک کی جانب سے بیجنگ سرمائی اولمپکس کے سفارتی بائیکاٹ کی شدید مذمت کی ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ بیجنگ اولمپکس 2022ء کا ’سفارتی بائیکاٹ‘ ہو یا ایرانی ٹیموں کے لیے مالیاتی وسائل تک رسائی روکنا، سب کو کھیلوں کو سیاسی رنگ دینے کی مذمت کرنا چاہیے۔ انہوں نے بیجنگ میں آئندہ برس فروری سے شروع ہونے والی ونٹر اولمپکس میں شرکت کا اعلان کرتے ہوئے چین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ چین کی طرف سے مبینہ انسانی حقوق کی پامالیوں کے نتیجے میں امریکا، کینیڈا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور برطانیہ سرمائی اولمپکس میں اپنے سفارتکاروں کو بھیجنے سے انکار کرچکے ہیں جبکہ ان ممالک کے کھلاڑی کھیلوں میں حصہ لیں گے۔

[pullquote]نائجیریا میں مسجد پر حملہ، درجن سے زائد افراد ہلاک[/pullquote]

مغربی افریقی ملک نائجیریا کے شمالی خطے میں مسلح افراد نے مسجد پر حملہ کر کے سولہ عبادت گزاروں کو ہلاک اور متعدد افراد کو اغوا کرلیا ہے۔ مقامی حکام کے مطابق یہ پرتشدد واقعہ نائجر صوبہ کے مشیگو علاقے کے ایک گاؤں میں جمعرات کو اس وقت پیش آیا جب موٹر سائیکل پر سوار درجنوں مسلح حملہ آوروں نے گاؤں پر حملہ کردیا۔ انہوں نے مسجد میں عبادت کرنے والے افراد کو ہلاک کرتے ہوئے لوٹ مار بھی کی۔ نائیجیریا کی پولیس نے نو ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق نائجیریا کے شمال وسطی اور شمال مغربی علاقوں میں مقامی مسلح گروہ تاوان کے لیے رہائشیوں کو اغوا اور قتل کرتے ہیں۔

[pullquote]یورپی یونین کے رکن ممالک 40000 افغانیوں کو پناہ دینا چاہتے ہیں[/pullquote]

یورپی یونین کے پندرہ رکن ممالک نے چالیس ہزار ضرورت مند افغان شہریوں کو پناہ فراہم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ اس بات کا اعلان داخلی امور کی یورپی کمیشنر یُلوا یوہانسن نے ای یو کے وزرائے داخلہ کے اجلاس کے بعد کیا۔ افغانستان میں عسکریت پسند گروہ طالبان کی طرف سے اقتدار سنبھالنے کے بعد کئی افراد کی جان کو خطرات لاحق ہیں اور ایسے شہری ملک چھوڑنے کی کوشش میں ہیں۔ جاری کردہ بیان کے مطابق یورپی ممالک میں جرمنی کو پچیس ہزار اور نیدرلینڈز کو تین ہزار جبکہ اسپین اور فرانس کو ڈھائی ڈھائی ہزار افراد کو پناہ فراہم کرنا چاہیے۔

[pullquote]جمہوریت کانفرنس: امریکی صدر کا جمہوری اقدار کے تحفظ پر زور[/pullquote]

امریکا عالمی سطح پر جمہوری نظام کی مضبوطی کے لیے کروڑوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے واشنگٹن میں اعلان کیا کہ یہ رقم دنیا بھر میں آزادی صحافت کی حمایت اور بدعنوانی کو روکنے کے لیے استعمال کی جانا چاہیے۔ امریکی صدر نے جمہوریت کے حوالے سے ایک بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا ہے، جس میں ایک سو سے زائد سربراہان مملکت و حکومت نے مشترکہ طور پر جمہوری اقدار کے تحفظ پر زور دیا۔ صدر بائیڈن نے کہا کہ جمہوریت حادثاتی طور پر عمل میں نہیں آتی۔ اس دو روزہ ورچوئل کانفرنس میں دنیا بھر میں جمہوریت کو بہتر بنانے کے لیے تبادلہ خیال کیا جارہا ہے۔

[pullquote]میکسیکو میں ٹرک حادثہ، پچاس سے زائد تارکین وطن ہلاک[/pullquote]

میکسیکو میں دو ٹرکوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں کم از کم ترہپن افراد ہلاک ہوگئے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد تارکین وطن تھے۔ وہ ایک ٹرک میں سوار تھے، جو جنوبی میکسیکو کے علاقے چیاپاس دے کورزو میں الٹ گیا۔ مقامی حکام کے مطابق اس حادثے میں کم از کم چالیس دیگر افراد بھی زخمی ہوگئے۔ ہر سال لاکھوں مہاجرین میکسیکو کے راستے امریکا پہنچنے کی کوششیں کرتے ہیں۔ انسانی اسمگلرز متعدد تارکین وطن افراد کو ٹرکوں میں بھر کر سرحد عبور کروانے کی کوشش کرتے ہیں۔

[pullquote]فرانس یورپی یونین کی سرحدوں کی سخت حفاظت کرنے کا خواہاں[/pullquote]

فرانس آئندہ برس جنوری سے شروع ہونے والی یورپی یونین کی کونسل کی صدارت کے دوران سرحدی حفاظت اور ای یو کی خودمختاری کو مضبوط بنانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ فرانسیسی صدر ایمانویل ماکروں نے پیرس میں یورپی یونین کی بیرونی سرحدوں کے تحفظ کے لیے ایک نئے طریقہ کار کے حق میں بات کی ہے۔ ان کے مطابق شینگن زون میں بحران کی صورت میں دیگر رکن ممالک کی جانب سے سکیورٹی فورسز اور سامان بھیجے جانے پر غور کیا جاسکتا ہے۔ ماکروں نے کہا کہ یورپ اُس صورت میں ہی خودمختار ہوگا، جب اس کی سرحدیں کنٹرول میں ہوں گی۔

[pullquote]نکاراگوا نے تائیوان کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کردیے[/pullquote]

وسطی امریکی ملک نکاراگوا نے چین کی حمایت کرتے ہوئے تائیوان کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ نکاراگوا کے وزیر خارجہ ڈینس مونکاڈا نے ایک بیان میں کہا کہ بیجنگ میں واحد قانونی حکومت موجود ہے جو پورے چین کی نمائندگی کرتی ہے۔ بیجنگ حکومت تائیوان کو اپنا ایک صوبہ قرار دیتی ہے اور ضرورت پڑنے پر طاقت کے زور پر تائی پے کے ساتھ دوبارہ اتحاد کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ چین کی جانب سے کوشش کی جارہی ہے کہ تائیوان کو بین الاقوامی سطح پر تنہا کیا جائے۔ اس وقت صرف چودہ ایسے ممالک ہیں جو تائیوان کو ایک ریاست کے طور پر تسلیم کرتے ہیں۔

[pullquote]جرمن چانسلر شولس کا صوبائی حکمران کے ساتھ پہلا اجلاس[/pullquote]

جرمنی کے نئے چانسلر اولاف شولس نے سولہ وفاقی ریاستوں کے سربراہان کے ساتھ پہلے اجلاس میں کورونا کے خلاف ’فوری اور فیصلہ کن کارروائی‘ کا اعلان کیا ہے۔ نئے لائحہ عمل کے لیے کورونا ماہرین کی ایک کونسل تشکیل دی گئی ہے جو آئندہ ہفتے ملک میں تازہ صورتحال کا جائزہ لے گی۔ صوبائی حکمرانوں نے ویڈیو کانفرنس کے دوران اس بات پر زور دیا کہ ’ضرورت پڑنے پر‘ کرسمس کے دوران مزید پابندیوں پر غور کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ کورونا ضوابط کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کرنے والوں اور انٹرنیٹ پر پرتشدد کاررائیوں کا مطالبہ کرنے والوں کے خلاف اقدامات کا عندیہ دیا گیا ہے۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے