منگل : 21 دسمبر 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]پوٹن نے یورپ میں تناؤ کا الزام مغرب پر عائد کر دیا[/pullquote]

روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے یورپ میں بڑھتے ہوئے تناؤ کی ذمہ داری یہ کہتے ہوئے مغرب پر عائد کر دی ہے کہ اس نے سرد جنگ کے نتائج کا غلط اندازہ لگایا۔ سینیئر روسی فوجی حکام سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا اگر مغرب کی طرف سے کوئی اشتعال انگیزی ہوتی ہے تو روس اس کا مناسب جواب دے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ روس اپنی فوج کو مزید بڑھائے گا۔ خیال رہے کہ روس نے اپنے ہزاروں فوجی اس وقت یوکرائن کی سرحد پر تعینات کر رکھے ہیں جو تناؤ کی وجہ بنی ہوئی ہے۔

[pullquote]آئی ایم ایف کی طرف سے غریب ممالک کے لیے قرضے میں مزید ریلیف[/pullquote]

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے غریب ممالک کے لیے قرضوں میں مزید ریلیف منظور کیا ہے۔ آئی ایم ایف کے مطابق 25 ممالک کو سی سی آر ٹی ڈیزاسٹر ریلیف فنڈ کے تحت جنوری سے اپریل 2022 تک مجموعی طور پر 115 ملین ڈالرز کا ریلیف دیا جائے گا۔ اس فنڈ کے تحت ایسے غریب ترین ممالک کو قرضے فراہم کیے جاتے ہیں جو قدرتی آفات سے متاثر ہوئے ہوں یا صحت کے حوالے سے بحران کا شکار ہوں۔ آئی ایم ایف کے مطابق قرضوں میں ریلیف دینے کا یہ پانچواں اور آخری مرحلہ ہے۔

[pullquote]دبئی کے حکمران کو طلاق کے تصفیے کے لیے 550 ملین پاؤنڈز ادا کرنے کا حکم[/pullquote]

لندن کی ایک عدالت نے دبئی کے حکمران کو حکم دیا ہے کہ وہ طلاق کے تصفیے کے لیے 550 ملین پاؤنڈز کی رقم ادا کریں۔ یہ رقم 730 ملین امریکی ڈالرز کے برابر بنتی ہے۔ یہ کسی طلاق کے تصفیے کے لیے سب سے زیادہ رقم خیال کی جا رہی ہے۔ جج فِلپ مور نے حکم جاری کیا کہ شیخ محمد بن راشد المکتوم اپنی سابق اہلیہ حیا بنت الحسین کو 251.5 ملین پاؤنڈز جبکہ بچوں کے اخراجات کے لیے 290 ملین پاؤنڈز کی رقم ادا کریں۔ خیال رہے کہ دبئی کے حکمران اور ان کی سابقہ اہلیہ کے درمیان بچوں کی تحویل پر مقدمہ چل رہا ہے۔

[pullquote]اسرائیلی پارلیمان نے امریکا کے سفر پر پابندی کو منظوری دے دی[/pullquote]

اسرائیل ارکان پارلیمان نے اومیکرون ویریئنٹ کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر اپنے شہریوں پر پابندی عائد کر دی ہے کہ وہ امریکا کا سفر نہیں کر سکتے۔ اسرائیلی کابینہ نے پیر کے روز امریکا کو سفر کے لحاظ سے اپنی ’ریڈ لسٹ‘ یا سرخ فہرست میں شامل کر دیا ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم نیفتالی بینٹ کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا تھا کہ پارلیمان کی منظوری کے بعد اس فیصلے پر عملدرآمد منگل کی شب سے شروع ہو گا۔ اس فیصلے کے تحت اسرائیلی شہریوں کو خصوصی اجازت نامے کے بغیر امریکا یا کینیڈا کا سفر کرنے سے روک دیا گیا ہے۔

[pullquote]کورونا کے پھیلاؤ سے بچنے کے لیے اقدامات پر غور کے لیے جرمن صوبوں کی کانفرنس[/pullquote]

جرمنی کی وفاقی اور صوبائی حکومتیں آج ہونے والی ایک کانفرنس میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اقدامات پر غور کر رہی ہیں۔ صوبائی حکومتیں اس حوالے سے نئی پابندیاں لگانے کے حق میں ہیں۔ اس حوالے سے تیار کی گئیں مجوزہ تجاویز میں پہلی بار ایسے لوگوں پر بھی سماجی رابطوں کی پابندی عائد کی جا سکتی ہے جو ویکسینیشن کرا چکے ہیں یا جو کووڈ انیس سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔ اگر یہ تجاویز منظور کر لی جاتی ہیں تو 28 دسمبر کے بعد زیادہ سے زیادہ 10 لوگ ایک جگہ جمع ہو سکیں گے۔

[pullquote]امریکا میں اومیکرون کے پھیلاؤ کے خدشات میں اضافہ[/pullquote]

امریکا میں کورونا وائرس کی نئی تبدیل شدہ قسم اومیکرون کی انفیکشنز کی تعداد مسلسل بڑھ رہی ہے۔ امریکی محکمہ صحت سی ڈی سی کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ہونے والی نئی انفیکشنز میں سے 73.2 فیصد اومیکرون ویریئنٹ کے سبب تھیں۔ اس سے ایک ہفتہ قبل یہ شرح محض 12.6 فیصد تھی۔ اومیکرون کے تیز رفتار پھیلاؤ کے سبب امریکا میں خوف وہراس بڑھ رہا ہے۔ امریکی صدر جو بائیڈن آج منگل کو اس حوالے سے قوم سے خطاب بھی کریں گے۔ خیال رہے کہ کووڈ انیس کے سبب سب سے زیادہ ہلاکتیں امریکا میں ہوئی ہیں جو آٹھ لاکھ سے تجاوز کر چکی ہیں۔

[pullquote]جرمنی میں کووڈ پابندیوں کے خلاف مظاہرے[/pullquote]

جرمنی میں عائد کورونا پابندیوں کے خلاف گزشتہ شب ملک کے جنوبی شہر منہائم میں سینکڑوں لوگوں نے احتجاج کیا۔ باڈن ورٹمبرگ کی صوبائی حکومت کی طرف سے ایسے اجتماعات پر پابندی عائد ہے لیکن مظاہرین نے اسے نظر انداز کر دیا۔ سکیورٹی فورسز نے اس مظاہرے کو منشتر کرنے کی کوشش کی تو مظاہرین نے مزاحمت دکھائی اور یوں صورتحال پرتشدد ہو گئی۔ پولیس حکام نے بتایا کہ پرتشدد واقعات کے نتیجے میں 13 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے، جن میں سے ایک کو ہسپتال میں داخل بھی کرانا پڑا۔ 13 افراد کو حراست میں بھی لے لیا گیا ہے۔

[pullquote]لیرا کی قدر بچانے کے لیے ترک صدر کے مزید اقدامات[/pullquote]

ترکی کی کرنسی لِیرا کی گرتی ہوئی قدر کو روکنے کے لیے ترک حکومت کی طرف سے مزید اقدامات کیے گئے ہیں۔ ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے دیگر اقدامات کے علاوہ اس بات کا بھی اعلان کیا کہ لوگوں کی بچتوں کو شرح مبادلہ سے نقصان نہیں پہنچنا چاہیے۔ تُرک لیرا کی قدر میں ڈالر اور یورو کے مقابلے میں ریکارڈ کمی ہوئی تھی تاہم تازہ اقدامات کے سبب اس کی قدر میں ان دونوں کرنسیوں کے مقابلے میں 25 فیصد تک بحالی ہوئی ہے۔ ترک صدر کے اقدامات کے مطابق اگر بینکوں کی طرف سے پیشکش کردہ منافع کے مقابلے میں بینک میں جمع کرائی گئی رقوم کی قدر کم ہوتی ہے تو ایسے اکاؤنٹ ہولڈرز کے نقصان کو پورا کیا جائے گا۔

[pullquote]روس نے دو جرمن سفارت کار ملک سے نکال دیے[/pullquote]

روس نے دو جرمن سفارت کاروں کو ناپسندیدہ شخصیات قرار دیتے ہوئے ملک چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔ اس کا اعلان روسی وزارت خارجہ کی طرف سے کیا گیا ہے۔ یہ پیشرفت جرمنی کی طرف سے روسی سفارت خانے کے دو اہلکاروں کو ملک بدر کرنے کے رد عمل میں سامنے آئی ہے۔ ان روسی اہلکاروں کی ملک بدری کا فیصلہ جارجیا کے ایک شہری کو برلن کے ایک پارک میں گولی مار کر ہلاک کر دیے جانے کے معاملے میں کیا گیا تھا۔ اگست 2019ء میں ہونے والے اس قتل کے مقدمے میں ایک جرمن عدالت نے گزشتہ منگل کو ایک روسی شہری کو عمر قید کی سزا دی تھی۔

[pullquote]جاپان میں تین افراد کو سزائے موت دے دی گئی[/pullquote]

جاپان میں آج منگل کو تین افراد کو سنائی گئی سزائے موت پر عملدرآمد کر دیا گیا ہے۔ جاپانی وزیراعظم فومیو کِشیدا کے دور اقتدار میں سزائے موت پر عملدرآمد کا یہ پہلا واقعہ ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل آخری مرتبہ سزائے موت 26 دسمبر 2019 کو دی گئی تھی۔ جاپان میں ایک سو سے زائد افراد کو سزائے موت سنائی جا چکی ہے مگر اس پر عملدرآمد ہونا باقی ہے۔ جاپان ایسے بہت کم صنعتی ممالک میں سے ایک ہے جہاں اب بھی سزائے موت دی جاتی ہے۔ بین الاقوامی دباؤ کے باوجود زیادہ تر جاپانی اس سزا کے حق میں ہیں۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے