جمعہ : 31 دسمبر 2021 کی اہم ترین عالمی خبریں

روس کا نئے ہائپرسونک ’زرکون‘ کروز میزائلوں کا تجربہ

روس نے ایک درجن کے قریب ’زرکون‘ نامی ہائپرسونک کروز میزائلوں کا تجربہ کیا ہے۔ روسی نیوز ایجنسی انٹرفیکس کے مطابق دس کروز میزائل فریگیٹ اور دیگر دو میزائل آبدوز سے فائر کیے گئے۔ روسی صدر پوٹن نے اس تجربے کو ملک کے لیے ایک بڑا قدم قرار دیا۔ان کے بقول گزشتہ ہفتے کیے گئے یہ میزائل تجربے روسی دفاعی صلاحیتوں میں ایک اہم اضافہ ہیں۔ صدر پوٹن نے سن 2018 میں ہائپرسونک ہتھیاروں کی تیاری کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ دنیا کے کسی بھی مقام کو نشانہ بنا سکتے ہیں اور امریکا کے میزائل ڈیفینس سسٹم سے بچ بھی سکتے ہیں۔

[pullquote]ایران نے سیمرغ راکٹ کامیابی سے خلاء میں بھیج دیا[/pullquote]

ایران نے ایک سیٹیلائٹ کامیابی سے خلاء میں بھیجنے کا دعوی کیا ہے۔ ایرانی وزارت دفاع کے ترجمان کے مطابق سیمرغ نامی خلائی راکٹ نے تین تحقیقی آلات کو چار سو ستر کلومیٹر کی بلندی پر مدار میں پہنچایا۔ تہران کا یہ راکٹ لانچ ویانا میں ایران اور مغربی ممالک کے درمیان جاری مذاکراتی عمل میں رکاوٹ کا سبب بھی بن سکتا ہے۔ ایران کا دعویٰ ہے کہ اس کے بیلسٹک میزائل اور خلائی پروگرام صرف شہری اور دفاعی مقاصد کے لیے ہیں۔ تاہم مغربی ممالک ان پر تحفظات کا اظہار کرتے ہیں۔

[pullquote]بائیڈن پوٹن بات چیت: یوکرائن کا موضوع چھایا رہا[/pullquote]

امریکی صدر جو بائیڈن نے ایک مرتبہ پھر روسی صد ولادیمیر پوٹن کو یوکرائن پر فوجی کارروائی کرنے سے خبردار کیا ہے۔ بائیڈن نے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے اپنے روسی ہم منصب سے کہا کہ ایسا کرنے پر امریکا اور اس کے اتحادی ’’فیصلہ کن جواب دیں گے۔‘‘ ساتھ ہی واشنگٹن حکومت ماسکو پر سخت اقتصادی پابندیاں بھی عائد کر سکتی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے جمعرات کی رات تقریباً ایک گھنٹے طویل بات چیت کی ہے۔ آئندہ برس دس جنوری کو جنیوا میں دونوں ملکوں کے درمیان ہونے والے مذاکرات سے قبل یوکرائن تنازعے پر دونوں رہنماؤں کی یہ دوسری بات چیت تھی۔

[pullquote]اسرائیلی فوجیوں پر چاقو سے حملہ کرنے والا فلسطینی ہلاک[/pullquote]

اسرائیلی فوجیوں اور شہریوں پر خنجر سے حملہ کرنے والے ایک فلسطینی شہری کو فوج نے گولی مار کر ہلاک کر دیا ہے۔ اسرائیلی فوج کے ایک بیان کے مطابق ہلاک کیے جانے والے فلسطینی نے مقبوضہ مغربی کنارے کے ایک بس اسٹاپ پر اسرائیلی فوجیوں اور عام شہریوں پر چاقو سے حملہ کرنے کی کوشش کی تھی۔ فلسطینی حکام نے حملہ آور کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے اس کا نام عامر عاطف رایان بتایا ہے۔

[pullquote]جرمن فوجی دھمکی آمیز ویڈیو جاری کرنے پر گرفتار[/pullquote]

جرمن فوج کے ایک اہلکار کو حکومت کی کورونا پالیسیوں کے خلاف ایک دھمکی آمیز ویڈیو جاری کرنے پر میونخ میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔جرمن وزارت دفاع کے ایک بیان کے مطابق اس ویڈیو میں قانون کی حکمرانی کو چیلنج کیا گیا تھا، جو کہ ناقابل قبول ہیں۔ آن لائن میڈیا میں گردش کرنے والی اس ویڈیو میں جرمن فوج وردی میں ملبوس ایک شخص کو فوجیوں اور نرسوں کے لیے کورونا ویکسین لازمی قرار دیے جانے کی مخالفت کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ اس شخص نے ویڈیو پیغام میں حکومت کو اپنی پالیسی تبدیل کرنے کا الٹی میٹم بھی دیا تھا۔

[pullquote]مالی میں حملہ، آٹھ فوجی ہلاک[/pullquote]

مغربی مالی میں کیے جانے والے ایک حملے میں آٹھ فوجیوں کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ فوج کے مطابق اس حملے میں سات دیگر فوجی زخمی اور دو فوجی گاڑیاں بھی تباہ ہوئی ہیں جبکہ جوابی کارروائی میں بتیس حملہ آور ہلاک ہو ئے۔ تاہم حملہ کرنے والے گروہ کی شناخت نہیں بتائی گئی۔ ساحل خطے کے ممالک مالی، نائجر اور برکینا فاسو میں اسلامی انتہا پسند اکثر پرتشدد کارروائیاں کرتے ہیں۔ اس تنازعے کی وجہ سے پورے خطے میں ہزاروں افراد ہلاک اور 20 لاکھ کے قریب بے گھر ہو چکے ہیں۔ فرانس نے مالی میں سن 2013 کے دوران جنگجوؤں کی سرکوبی کے لیے ایک فوجی مشن تعینات کیا تھا۔

[pullquote]کورونا ویکسین کی فراہمی کو مزید منصفانہ بنایا جائے، ایمنسٹی[/pullquote]

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے دنیا بھر میں کورونا ویکسین کی غیر مساوی تقسیم کی مذمت کی ہے۔ لندن میں انسانی حقوق کی اس بین الاقوامی تنظیم نے کہا کہ دولت مند ممالک اور دوا ساز کمپنیاں ویکسین کی منصفانہ تقسیم میں ’تباہ کن طور پر ناکام‘ ہو گئی ہیں۔ عالمی سطح پر بہت سارے افراد زندگی بچانے والی اس ویکسین تک رسائی سے ابھی بھی محروم ہیں۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جنرل سیکریٹری اگنس کالامارڈ نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کورونا ویکسین کی گیارہ ارب خوراکیں تیار کیے جانے کے باوجود کم آمدنی والے ممالک میں صرف سات فیصد افراد ہی ویکسین کی پہلی خوراک حاصل کر سکے ہیں۔

[pullquote]جرمن چانسلر نے سال نو کے پیغام میں عوام سے یکجا رہنے کا کہا ہے[/pullquote]

جرمن چانسلر اولاف شولس نے عوام سے کورونا وائرس کی نئی لہر کے خلاف لڑائی میں یکجہتی کے مظاہرے کا مطالبہ کیا ہے۔ نئے سال کی آمد کے موقع پر اپنے خطاب میں شولس نے کہا کہ جرمنی میں بسنے والے تمام افراد کو واقعی وی سب کچھ کرنا چاہیے جس سے نئے سال میں وبا کو شکست دی جا سکے۔ اس کے علاوہ اپنے خطاب میں جرمن چانسلر نے ماحولیاتی تحفظ کے لیے ریاست اور معیشت کی وسیع تر تنظیم نو میں تعاون کا بھی مطالبہ کیا۔ ان کے بقول یہ ایک بہت بڑا کام ہے۔ شولس نے مزید کہا کہ جرمنی آئندہ بھی یورپی یونین کی کامیابی کے لیے کام کرتا رہا گے، جو کہ امن، قانون کی حکمرانی اور جمہوریت جیسے مشترکہ اقدار پر قائم ہے۔

[pullquote]کولوراڈو میں جنگلاتی آگ کے سبب ہزاروں افراد نقل مکانی پر مجبور[/pullquote]

امریکی ریاست کولوراڈو میں جنگلاتی آگ کے نتیجے میں ہزاروں افراد نقل مکانی پر مجبور ہو گئے۔ حکام کے مطابق سینکڑوں گھر اور کاروبار تباہ ہو چکے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ لوئی ول اور سپیرئر کے رہائشی سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ اب تک ہزاروں افراد کو محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ امریکی محکمہ موسمیات نے صورتحال کو انتہائی خطرناک قرار دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ تیز ہوائیں آگ بجھانے کے عمل کو مزید مشکل بنارہی ہیں۔ اس خطے میں موسم سرما کے دوران جنگل میں آگ لگنا نہایت غیر معمولی ہے۔ امریکا کے دیگر مغربی حصوں کی طرح کولوراڈو بھی خشک سالی کا شکار ہے جس کی وجہ سے اس علاقے میں آگ بھڑک گئی ہے۔

[pullquote]سوڈان میں فوجی بغاوت کے خلاف مظاہرے، چار افراد ہلاک[/pullquote]

سوڈان میں فوجی حکمرانوں کے خلاف احتجاج کے دوران سکیورٹی فورسز نے ہزاروں مظاہرین کے خلاف کارروائی کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق دارالحکومت خرطوم اور ام درمان شہر میں سکیورٹی فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم چار افراد ہلاک ہو گئے۔ مظاہرین ’فوجی حکمرانی نامنظور‘ اور ’فوجی بیرکوں میں واپس جائیں‘ جیسے نعرے لگا رہے تھے۔ اس دوران آنسو گیس کا استعمال بھی کیا گیا۔ واضح رہے اکتوبر کے اواخر میں سوڈان کے اعلیٰ ترین جنرل عبدالفتح البرہان نے ہنگامی حالت نافذ کرتے ہوئے حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کر لیا تھا۔ اس فوجی بغاوت کے خلاف مظاہروں میں اب تک باون افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے