پیر : 03 جنوری 2022 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]برازیل کے صدر بولسونارو کو ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا[/pullquote]
برازیل کے صدر جیئر بولسونارو کو آج پیر کی صبح ساؤ پاؤلو کے ایک ہسپتال میں داخل کرانا پڑ گیا۔ انہیں پیٹ میں شدید درد کی شکایت تھی اور ڈاکٹر یہ طے کرنے کی کوشش میں ہیں کہ آیا ان کا آپریشن کیا جانا چاہیے۔ دو ہزار اٹھارہ کی صدارتی انتخابی مہم کے دوران بولسونارو پر چاقو سے حملہ کیا گیا تھا۔ اس کے بعد سے انہیں اب تک کئی مرتبہ ہسپتال میں داخل ہونا پڑ چکا ہے۔

[pullquote]تائیوان میں زلزلے کے طاقت ور جھٹکے[/pullquote]

تائیوان میں آج پیر کے روز زلزلے کے طاقت ور جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ان جھٹکوں کی شدت ریکٹر اسکیل پر چھ اعشاریہ دو ریکارڈ کی گئی۔ مقامی وقت کے مطابق یہ زلزلہ شام کے وقت آیا، جس نے دارالحکومت تائی پے اور اس جزیرہ ریاست کے زیادہ تر شمالی حصے میں ہزاروں عمارات کو ہلا کر رکھ دیا۔ زلزلے کا مرکز اس جزیرے کے شہر ہُوآلیئن سے مشرق کی طرف سمندر میں تقریباﹰ انتیس کلومیٹر کی گہرائی میں ریکارڈ کیا گیا۔ فوری طور پر کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں۔

[pullquote]جرمن علاقے زاؤرلینڈ میں مسلمانوں کی درجنوں قبروں کی توڑ پھوڑ[/pullquote]

جرمن علاقے زاؤرلینڈ کے شہر اِیزرلوہن میں نامعلوم افراد نے ایک مقامی قبرستان کے مسلمانوں کے لیے مخصوص حصے میں تقریباﹰ تیس قبروں کی توڑ پھوڑ کی اور کتبے بھی گرا دیے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ اکتیس دسمبر اور یکم جنوری کے درمیان ممکنہ طور پر شام کے وقت پیش آیا۔ اس واقعے کی جرمن شہر ہاگن میں وفاقی دفتر استغاثہ کی طرف سے چھان بین جاری ہے۔ نامعلوم ملزمان کا تاحال کوئی پتہ نہیں چل سکا۔

[pullquote]سوڈان میں فوجی بغاوت کے خلاف مظاہروں میں مزید دو افراد ہلاک، وزیر اعظم حمدوک مستعفی[/pullquote]

سوڈانی وزیر اعظم عبداللہ حمدوک کل اتوار کو رات گئے اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے۔ قبل ازیں ملک میں فوجی بغاوت کے خلاف ہونے والے نئے عوامی مظاہروں میں مزید دو افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ پچیس اکتوبر کے روز فوج کی طرف سے اقتدار پر قبضے کے بعد سے مجموعی طور پر یہ بارہواں موقع تھا کہ اس بغاوت کے خلاف وسیع تر عوامی مظاہرے کیے گئے۔ سوڈان میں ایسے عوامی مظاہرے قریب دو ماہ قبل شروع ہوئے تھے اور ان میں اب تک چون افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو چکے ہیں۔

[pullquote]روس نے یوکرائن میں فوجی مداخلت کی تو جواب ’فیصلہ کن‘ ہو گا، صدر بائیڈن[/pullquote]

امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ روس کی طرف سے یوکرائن میں ممکنہ فوجی مداخلت کی صورت میں امریکا کی طرف سے اس کا ’فیصلہ کن‘ جواب دیا جائے گا۔ صدر بائیڈن نے یہ بات یوکرائن کے صدر وولودیمیر زیلنکسی کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو میں کہی۔ واشنگٹن کا الزام ہے کہ روس اپنے جنوبی ہمسایہ ملک یوکرائن کو فوجی کارروائی کی مسلسل دھمکیاں دے رہا ہے۔ ماسکو نے یوکرائن کے ساتھ سرحد پر اپنے تقریباﹰ ایک لاکھ فوجی بھی تعینات کر رکھے ہیں۔ یوکرائنی صدر زیلنکسی نے اس فون کال کے بعد ایک ٹویٹ میں صدر بائیڈن کی طرف سے حمایت پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

[pullquote]جنوبی افریقہ کی قومی اسمبلی میں آگ، چھت منہدم ہو گئی[/pullquote]

جنوبی افریقہ کی قومی اسمبلی میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں اس عمارت کی چھت منہدم ہو گئی۔ پولیس نے بتایا کہ یہ آگ کل اتوار کی صبح لگی اور ایک اکاون سالہ مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اسے کل منگل کے روز عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ اس آتشزدگی کے نتیجے میں تین حصوں پر مشتمل عمارت کے اُس حصے کو بھی شدید نقصان پہنچا، جہاں اسمبلی کا اجلاس ہوتا تھا۔ اس واقعے میں کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں۔ ملکی صدر رامافوسا نے اس آتشزدگی کو ایک ’تباہ کن واقعہ‘ قرار دیا ہے۔

[pullquote]بھارت میں پندرہ سے اٹھارہ برس تک کے نوجوانوں کی کورونا ویکسینیشن شروع[/pullquote]

بھارت میں آج پیر سے پندرہ سے لے کر اٹھارہ برس تک کے نوجوانوں کی کورونا ویکسینیشن شروع کر دی گئی۔ یہ عمل کورونا وائرس کے اومیکرون ویریئنٹ کے ملک میں تیز رفتار پھیلاؤ کے خدشات کے باعث فوری طور پر شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں تقریباﹰ چونتیس ہزار نئی کورونا انفیکشنز اور کووڈ انیس کے باعث مزید ایک سو تیئیس اموات ریکارڈ کی گئیں۔ وزارت صحت نے بتایا کہ ملک میں کورونا وائرس کی اومیکرون انفیکشنز کی مجموعی تعداد اب سترہ سو ہو گئی ہے۔

[pullquote]شام میں داعش کے راکٹ حملے میں پانچ سرکاری فوجی ہلاک، بیس زخمی[/pullquote]

مشرق وسطیٰ کی خانہ جنگی کی شکار ریاست شام میں دہشت گرد تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ یا داعش کے ایک راکٹ حملے میں ملکی فوج کے پانچ سپاہی ہلاک اور بیس دیگر زخمی ہو گئے۔ سرکاری میڈیا نے پیر کے روز بتایا کہ یہ راکٹ حملہ ملک کے مشرق میں کل اتوار کی شام کیا گیا۔ داعش نے دو ہزار چودہ میں شام اور عراق کے وسیع تر علاقوں پر قبضہ کر کے وہاں اپنی نام نہاد خلافت کا اعلان کر دیا تھا۔ دو ہزار انیس میں اس دہشت گرد تنظیم کا اس کے زیر اثر تمام علاقوں پر کنٹرول ختم ہو گیا تھا۔ شام اور عراق میں داعش کی طرف سے وقفے وقفے سے خونریز حملے اب بھی دیکھنے میں آتے ہیں۔

[pullquote]جرمنی میں ایک دن میں کورونا وائرس کی ساڑھے اٹھارہ ہزار سے زائد نئی انفیکشنز[/pullquote]

جرمنی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی ساڑھے اٹھارہ ہزار سے زائد نئی انفیکشنز ریکارڈ کی گئیں۔ اس دوران کووڈ انیس کے مزید اڑسٹھ مریض انتقال بھی کر گئے۔ وبائی امراض کی روک تھام کے نگران ملکی ادارے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ نے پیر کی صبح برلن میں بتایا کہ ملک میں کورونا انفیکشنز کی مجموعی تعداد اب سات اعشاریہ دو ملین سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ اس وبائی مرض کا شکار ہو کر اب تک ایک لاکھ بارہ ہزار دو سو سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]مالی کی بڑی سیاسی جماعتوں نے جمہوریت کی بحالی کا پانچ سالہ فوجی منصوبہ رد کر دیا[/pullquote]

افریقی ملک مالی کی بڑی سیاسی جماعتو‌ں کے اتحاد نے ملکی فوج کا وہ منصوبہ مسترد کر دیا ہے، جس کے مطابق ملک میں پانچ سال کے اندر اندر جمہوریت بحال کر دی جائے گی۔ ان دس سیاسی جماعتوں کے مطابق فوج کی طرف سے پانچ سال میں جمہوریت کی بحالی کا منصوبہ اپنی طوالت کے باعث نامناسب اور ناقابل قبول ہے۔ فوجی حکام نے یہ منصوبہ گزشتہ ہفتے کے روز مغربی افریقی ممالک کے بلاک ایکوواس کی قیادت کو پیش کیا تھا۔ اس منصوبے پر بحث کے لیے ایکوواس کی رکن ریاستوں کا ایک اجلاس اتوار نو جنوری کو ہو گا۔

[pullquote]کینیا: تحفظ فطرت کے لیے سرگرم عالمی شہرت یافتہ ماہر رچرڈ لیکی انتقال کر گئے[/pullquote]

کینیا کے تحفظ فطرت کے لیے کام کرنے والے عالمی شہرت یافتہ ماہر اور قدیمی بشریاتی علوم کے محقق رچرڈ لیکی ستتر برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کی موت کا اعلان کینیا کے صدر اُوہُورُو کینیاٹا نے کیا اور ان کے انتقال کو بہت بڑا نقصان قرار دیا۔ رچرڈ لیکی نے ایک محقق کے طور پر اس امر کے شواہد مہیا کیے تھے کہ زمین پر نسل انسانی کا ارتقا افریقہ سے ہوا تھا۔ رچرڈ لیکی کے والدین لوئی اور میری لیکی بھی علم بشریات کے عالمی شہرت یافتہ ماہرین تھے۔ رچرڈ لیکی اپنی زندگی میں کینیا میں قومی عجائب گھروں کے سربراہ بھی رہے تھے۔

[pullquote]لیونل میسی اور تین دیگر فٹ بالر کورونا وائرس سے متاثر[/pullquote]

فرانسیسی فٹ بال کلب پیرس ساں جَیرماں کے سٹار کھلاڑی لیونل میسی اور تین دیگر فٹ بالروں کے کورونا ٹیسٹوں کے نتائج مثبت آئے ہیں۔ اس کلب کی طرف سے بتایا گیا کہ یہ چاروں کھلاڑی اب قرنطینہ میں ہیں۔ ارجنٹائن سے تعلق رکھنے والے میسی اس وقت ارجنٹائن ہی میں ہیں اور ان کو اپنے کلب کی طرف سے فرنچ فٹ بال لیگ کا اگلا میچ اولمپیک لیونیز کے خلاف نو جنوری کو کھیلنا تھا۔ پیرس ساں جَیرمان کے کوچ پوشےتِینو کے مطابق جب تک میسی کے کورونا ٹیسٹ رزلٹ منفی نہیں آتے، وہ ارجنٹائن سے فرانس واپسی کا سفر نہیں کر سکیں گے۔

[pullquote]آل راؤنڈر محمد حفیظ بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہو گئے[/pullquote]

پاکستان کے سٹار آل راؤنڈر محمد حفیظ نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے پیر کے روز لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ فخر اور اطمینان کے احساسات کے ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہو رہے ہیں۔ اس وقت اکتالیس سالہ محمد حفیظ نے اپنے اٹھارہ برسوں پر محیط انٹرنیشنل کیریئر میں تین سو بانوے میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ انہوں نے پچپن ٹیسٹ، دو سو اٹھارہ ون ڈے اور ایک سو انیس ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں بارہ ہزار سات سو اسی رنز بنائے اور دو سو تریپن وکٹیں بھی حاصل کیں۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے