تشدد کبھی بھی بہتر جواب نہیں، جرمنی کا قزاقستان کو انتباہ
جرمنی نے مظاہرین کے خلاف قزاقستان کی حکومت کے سخت آپریشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ تشدد اور طاقت کا استعمال کبھی بھی ایک مناسب جواب نہیں ہو سکتا۔ جرمنی نے قزاقستان میں جاری پرتشدد واقعات کے تمام فریقین سے اشتعال پسندی ترک کرنے اور پرامن حل تلاش کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ گزشتہ ایک ہفتے سے قزاقستان میں پرتشدد مظاہرے جاری ہیں۔ حکومت نے مظاہرین کو ’دہشت گرد‘ قرار دیتے ہوئے فوج کو احکامات دیے ہیں کہ وہ ’مظاہرین کو دیکھتے ہی گولی‘ مار دیں۔ واضح رہے کہ قزاقستان میں یہ مظاہرے گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی بلند قیمتوں کے خلاف شروع ہوئے تھے۔
یوکرائنی تنازعہ، روس اور امریکا کے درمیان مذاکرات پیر کو
یوکرائنی تنازعے پر امریکا اور روس کے درمیان مذاکرات پیر کے روز سے جنیوا میں شروع ہو رہے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ امریکا کی جانب سے نائب وزیرخارجہ وینڈی شیرمین اور نائب روسی وزیرخارجہ سیرگئی ریباکوف ایک دوسرے کا سامنا کریں گے۔ یہ دونوں سینیئر سفارتکار نصف صدی سے زائد کا تجربہ رکھتے ہیں۔ روس نے قریب ایک لاکھ فوجی یوکرائنی سرحد پر تعینات کر رکھے ہیں۔ اس کا مطالبہ ہے کہ مغربی دفاعی اتحاد نیٹو مشرق کی جانب اپنی وسعت کو روکے اور یوکرائن کو اپنا رکن بنانے سے اجتناب برتے۔ ماہرین کے مطابق ان مذاکرات میں کسی فوری پیش رفت کی توقع نہیں ہے۔
صدر بائیڈن کی جانب سے فوج کی مرکزی کمان کی سربراہی کے لیے بری فوجی جرنیل نامزد
امریکی صدر جو بائیڈن امریکا کی مرکزی کمان کی سربراہی کے لیے بری فوج کے جنرل ایرِک کُوریلا کا نام پیش کر رہے ہیں۔ خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے متعدد عسکری ذرائع کے حوالے سے اس خبر کی تصدیق کی ہے۔ دوسری جانب امریکی سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ نوٹِس میں کُوریلا کو فور اسٹار جنرل کے عہدے کے لیے نامزد کیا گیا ہے، تاہم نئی ذمہ داریوں کا ذکر نہیں کیا گیا ۔ اگر سینیٹ جنرل کوُریلا کے نام کی توثیق کرتی ہے تو وہ جنرل فرانک مِک کینزی کی جگہ امریکی فوج کی مرکزی کمان کی سربراہی سنبھالیں گے۔
مارب اور شبوا میں عرب اتحاد کے حوثی باغیوں پر حملے
سعودی قیادت میں عرب اتحاد کی جانب سے قدرتی وسائل کے حامل یمنی صوبوں شبوا اور مارب میں ایران نواز حوثی باغیوں کے خلاف حملے کیے گئے۔ عرب اتحاد کے مطابق ان عسکری کارروائیوں کے ذریعے حوثی باغیوں کی پیش قدمی روک دی گئی ہے۔ رواں برس کے آغاز پر حوثی باغیوں کی جانب سے یمنی حکومت کے مضبوط گڑھ مارب کے خلاف بڑی عسکری کارروائی کا آغاز ہوا تھا۔ اس صوبے کا مرکزی شہر اور تیل اور گیس کا انفراسٹرکچر حکومتی فورسز کے قبضے میں ہے۔
ایتھوپیا میں فضائی حملے میں دو بچوں سمیت تین مہاجرین ہلاک ہوئے، اقوام متحدہ
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین نے کہا ہے کہ ایتھوپیا کے تیگرائے علاقے میں کیے گئے ایک فضائی حملے میں تین اریٹرین مہاجرین ہلاک ہوئے، جن میں سے دو بچے تھے۔ عالمی ادارہ برائے مہاجرین کے بیان میں تاہم یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ یہ حملہ کس نے کیا۔ تیگرائے باغی اس تنازعے کے دوران اریٹریا سے تعلق رکھنے والے مہاجرین کے کیمپس کو نشانہ بنا چکے ہیں۔ عالمی ادارہ برائے مہاجرین کے سربراہ فلیپو گرانڈی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہےکہ اس فضائی حملے میں دیگر چار مہاجر زخمی بھی ہوئے ہیں۔
گرائے جانے والے ڈرونز حماس کے لیے نگرانی کر رہے تھے، اسرائیل
اسرائیلی سکیورٹی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی جانب سے گرائے گئے ڈرونز لبنانی شعیہ عسکری تنظیم حزب اللہ کے لیے جاسوسی کا کام انجام دے رہے تھے۔ اسرائیلی بیان میں کہا گیا ہے کہ ان ڈرونز کی سرگرمیاں بتاتی ہیں کہ لبنان میں حزب اللہ کی صلاحتیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ لبنان اور اسرائیل تکنیکی اعتبار سے حالت جنگ میں ہیں اور ان کی باہمی سرحد پر ڈرونز کے ذریعے نگرانی اور جاسوسی ایک معمول ہے۔ اسرائیلی دعوے کے مطابق پکڑے گئے ڈرونز سے حاصل کردہ فوٹیج میں شمالی اسرائیلی آبادی کے علاقے اور فوجی پوسٹ کی تصاویر برآمد ہوئی ہیں۔
حزب اللہ ، عرب سلامتی کے لیے خطرہ ہے، سعودی سفیر
بیروت میں موجود سعودی سفیر ولید بخاری نے شعیہ عسکری تنظیم حزب اللہ کو عرب دنیا کے لیےخطرہ قرار دیا ہے۔ اس سے قبل حزب اللہ نے سعودی بادشاہ سلمان کو ’’دہشت گرد‘‘ قرار دیا تھا۔ سعودی سفیر نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو میں کہاکہ یمن میں جاری جنگ کی وجہ سے لبنان اور خلیجی عرب ریاستوں کے مابین پیدا کشیدگی کی سب سے بڑی وجہ حزب اللہ ہے ۔ بخاری کا کہنا تھا کہ ریاض حکومت کو امید ہے کہ سیاسی جماعتیں لبنان کو اپنی اولین ترجیح بنائیں گی اور حزب اللہ کی دہشت کا خاتمہ کریں گی۔
افغان تارکین وطن کا جرمنی میں انضمام آسان بنایا جائے گا، جرمن حکومت
نئی جرمن حکومت نے اعلان کیا ہے کہ افغانستان سے فرار ہو کر جرمنی پہنچنے والے تارکین وطن کا جرمن معاشرے میں انضمام آسان بنایا جائے گا۔ نئی وزیرداخلہ نینسی فیزر نے افغانستان سے جرمنی پہنچنے والوں کو سیاسی پناہ کی درخواست پر فیصلے سے قبل ہی ریاستی سرمایے سے انٹیگریشن کورسز تک رسائی دینے کی راہ ہم وار کر دی ہے۔ حکومت میں شامل سب سے بڑی جماعت سوشل ڈیموکریٹک پارٹی نے اپنی انتخابی مہم میں ملکی مائیگریشن پالیسی کو نئے خطوط پر استوار کرنے کا وعدہ کیا تھا۔
مغربی کنارے میں ٹریفک حادثہ، آٹھ فلسطینی ہلاک
مقبوضہ مغربی کنارے میں جمعرات کو ایک وین اور سیمنٹ ٹرک کے درمیان ہوئے تصادم کے نتیجے میں آٹھ فلسطینی ہلاک ہو گئے۔ فلسطینی میڈیا کے مطابق روٹ نوے پر ان دونوں گاڑیوں کے درمیان ٹکراؤ ہوا۔ فلسطینی صدر محمود عباس نے اس حادثے پر ایک روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس حادثے میں زخمی ہونے والے تین افراد کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے اسرائیلی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ اسرائیلی وزیردفاع بینی گرانٹس کے دفتر سے اس حادثے پر عبرانی اور عربی زبانوں میں بیانِ ہمدردی جاری کیا گیا ہے۔
امن و امان بحال کر لیا ہے، قازق صدر
قزاقستان کے صدر قاسم جومارت توکائیوف نے ملک میں دستوری نظم و نسق دوبارہ بحال کر دیے جانے کا دعویٰ کیا ہے۔ وسطیٰ ایشیائی ریاست کو رواں ہفتے بدترین انارکی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ قازق وزارت داخلہ کی جانب سے ایک علیحدہ بیان میں کہا گیا ہے کہ 26 ’’مسلح دہشت گرد‘ ہلاک جب کہ تین ہزار کے قریب گرفتار کیے گئے ہیں۔ صدارتی بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دستوری نظم و نسق توڑنے والوں کے خلاف آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک ان پرتشدد واقعات میں 18 سکیورٹی اہلکار بھی ہلاک ہو چکے ہیں۔ واضح رہے کہ قزاقستان میں ان غیرعمومی پرتشدد واقعات کا آغاز نئے سال کے موقع پر پیٹرولیم مصنوعات کی بلند قیمتوں کے خلاف احتجاج سے ہوا تھا۔
امریکااور جاپان دفاعی تعاون میں مزید وسعت کے خواہاں
امریکا اور جاپان نے چین کی بڑھتی ہوئی عسکری قوت پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے دفاعی تعاون میں مزید وسعت کا عندیہ دیا ہے۔ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ اور دفاع کی ملاقات کے بعد ایک مشتربہ بیان میں کہا گیا ہے کہ تائیوان کے معاملے پر بڑھتی کشیدگی نے جاپان کے سکیورٹی کردار کو اور زیادہ اہم کر دیا ہے۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ چین نے خطے میں سیاسی، اقتصادی، عسکری اور ٹیکنالوجیکل چینلجز پیدا کر دیے ہیں۔ اس بیان کے مطابق خطے میں چین کی عدم استحکام کی سرگرمیوں کے حل کے لیے مشترکہ لائحہ عمل ضروری ہے۔
امیکرون: اسرائیل امریکا اور برطانیہ پر عائد سفری پابندیاں ختم کر رہا ہے
اسرائیلی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ امریکا سمیت متعدد ممالک کو کووِڈ ریڈ لسٹ سے نکال دیا جائے گا۔ اس بیان کے مطابق حکومت سے کہا گیا ہےکہ اس فہرست سے تمام ممالک کے نام نکال دیے جائیں۔ وزارتی تجویز کی ابھی حکومتی توثیق ہونا باقی ہے۔ واضح رہے کہ امیکرون کے پھیلاؤ کے تناظر میں گزشتہ ماہ اسرائیل نے امریکا اور برطانیہ سمیت متعدد ممالک کو کووڈ ریڈلسٹ میں ڈال دیا تھا۔ اس فیصلے کے تحت ان ممالک سے تعلق رکھنے والے سیاحوں کا ملک میں داخلہ روکا گیا تھا۔