حکومتی بینچ کی رکن مہر تاج روغانی صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خیبرپختونخوا اسمبلی کی ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئیں۔
منگل کے روزخیبر پختونخوا اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ ہوئی۔
اسپیکر اسد قیصر نے پریذائیڈنگ آفیسر کے فرائض انجام دیئے ،پولنگ میں ایک سو چوبیس اراکین میں سے ایک سو انیس اراکین نے ووٹ ڈالا۔
نتائج کے مطابق حکومتی بینچ کی رکن اسمبلی مہرتاج روغانی ستتر ووٹ حاصل کر کے ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوگئیں جبکہ ان کے مدمقابل اپوزیشن جماعتوں کے امیدوار ارباب اکبر حیات نے 37 ووٹ حاصل کیے۔
اسپیکراجلاس کی صدارت کے باعث ووٹ پول نہ کرسکے
رکن اسمبلی ضیاءاللہ آفریدی، امجد خان آفریدی اور ملیحہ علی اصغرخان نے اجلاس میں شمولیت اختیار نہیں کی جس کے باعث ووٹ کاسٹ نہ کر سکے۔
ووٹنگ کے دوران قومی وطن پارٹی کے رکن اسمبلی اور حکومتی اتحاد کے رکن بخت بیدار خان کا ووٹ اس بنا پر منسوخ کر دیا گیا کہ انہوں نے اپناووٹ کاسٹ کرنے سے پہلے وزیراعلٰی کودکھایا تھا۔
اسپیکر نے بخت بیدار کا ووٹ منسوخ کیا۔
کامیابی کے بعد اسپیکر اسد قیصر نے مہرتاج روغانی سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔
ڈپٹی اسپیکر کے انتخابات کےلیے مجموعی طور پر 118ووٹ پول ہوئے جبکہ 4ووٹ مسترد ہوئے۔