بدھ : 12 جنوری 2022 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]فرانس کے شہر کین میں یہود مخالف بیان پر مسجد کو بند کر دیا گیا[/pullquote]

فرانس کے شہر کین میں یہود مخالف بیان پر مسجد کو بند کر دیا گیا۔فرانسیسی وزیر داخلہ جیرالڈ ڈرمینن کے مطابق کین کی مسجد یہود مخالف بیانات پر بند کی گئی ہے جبکہ مسجد نے حکومت کی جانب سے کالعدم کی گئی دو تنظیموں کی حمایت کی خلاف ورزی بھی کی ہے۔فرانس میں 70 مساجد کو بنیاد پرستی کے زمرے میں رکھا گیا ہے۔دو ہفتے قبل پیرس کے شمالی علاقے میں امام مسجد کے بنیاد پرست خطبے پر مسجد کو 6 ماہ کیلئے بند کر دیا گیا تھا۔فرانس میں مساجد اور نماز ہالز کی مجموعی تعداد 2623 ہے۔

[pullquote]چین میں اومی کرون کیسز بڑھنے سے عالمی ‘سپلائی چین’ متاثر ہونےکا خدشہ[/pullquote]

چین میں کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کےکیسز بڑھنے سے عالمی ‘سپلائی چین’ متاثر ہونےکا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔ امریکی میڈیا کا کہنا ہےکہ کورونا کیسز بڑھنے سے چین کی صنعتوں اور بندرگاہوں پرکام متاثر ہونے کا خطرہ ہے، دنیا کے سب سے بڑے تجارتی ملک چین میں تجارتی کام متاثر ہونے سے عالمی ‘سپلائی چین’ بھی شدید متاثر ہوگی،امریکی میڈیا کا کہنا ہےکہ چین میں گزشتہ سال اکتوبر سے روزانہ مقامی منتقلی کے کورونا کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں، چین میں اومی کرون اور ڈیلٹا ویریئنٹ سےکورونا کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔رپورٹ کے مطابق کورونا کیسز میں اضافے پر چین کے تین شہروں میں لاک ڈاؤن کیا جا چکا ہے جس سے مختلف صنعتوں میں بھی کام بند کر دیا گیا ہے۔اس کے علاوہ چینی حکام کورونا کی روک تھام کے لیے ملک میں مزید پابندیوں کا ارادہ رکھتے ہیں۔

[pullquote]جرمنی میں ایک دن میں کووڈ انیس کے ریکارڈ کیس رجسٹرڈ[/pullquote]

کورونا وائرس کی عالمی وبا شروع ہونے کے بعد جرمنی میں کسی ایک دن میں کووڈ انیس کے سب سے زیادہ کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ بدھ کو جاری کیے گئے تازہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں اسی ہزار سے زائد افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی۔ جرمنی میں ایک ہفتے کے دوران سامنے آنے والے کیسوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ کرسمس اور سال نو کی تعطیلات کے باعث لوگوں کی طرف سے ٹیسٹ کرانے کی شرح کم رہی، جس کی وجہ سے اندیشہ ہے کہ نئی انفیکشنز کی تعداد کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔

[pullquote]ویکسین لازمی کرنے پر جامع بحث کی جائے، جرمن صدر[/pullquote]

جرمن صدر فرانک والٹر شٹائن مائر نے کہا ہے کہ کووڈ ویکسین کو لازمی قرار دیے جانے کے منصوبے پر ایک جامع و مفصل بحث کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان اہم اقدامات کو قابل جواز بنانا انتہائی ضرروی ہے۔ ادھر جرمن چانسلر اولاف شولس لازمی ویکسین کے حق میں ہیں جبکہ ان کی حکومت رواں ماہ ہی اس حوالے سے پارلیمانی بحث شروع کر رہی ہے۔ عوامی جائزوں کے مطابق زیادہ تر جرمن اس حکومتی منصوبے کے حامی ہیں۔

[pullquote]موغا دیشو میں کار بم حملہ، آٹھ افراد مارے گئے[/pullquote]

صومالی دارالحکومت موغادیشو میں ایک کار بم حملے کے نتیجے میں کم ازکم آٹھ افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ یہ حملہ آج بروز بدھ ایئر پورٹ کو جانے والی ایک اہم شاہراہ پر رونما ہوا۔ کسی گروہ نے فوری طور پر اس پرتشدد کارروائی کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم دہشت گرد تنظیم القاعدہ سے وابستہ جنگجو ماضی میں ایسے کئی حملوں میں ملوث رہے ہیں۔

[pullquote]مشرقی یوکرائن میں صورتحال پرتناؤ ہے، روس[/pullquote]

روس نے کہا ہے کہ وہ مغربی ممالک کے ساتھ جاری مذاکراتی عمل میں کوئی الٹم میٹم نہیں دے رہا بلکہ اپنی سلامتی کے حوالے سے ٹھوس جوابات کا طلب گار ہے۔ نیٹو اور روس کے مابین مشرقی یوکرائن پر ہونے والی اعلی سطحی میٹنگ کے موقع پر کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے مزید کہا کہ یورپ کی مشرقی سرحدوں پر نیٹو کی عسکری سرگرمیاں پہلے سے پرتناؤ ماحول کو مزید ابتر کر سکتی ہیں۔ یورپی یونین، نیٹو اور یوکرائن کو خدشہ ہے کہ روس مشرقی یوکرائن میں ایک تازہ حملہ کر سکتا ہے جبکہ روس نے کہا ہے کہ وہ یوکرائن پر مزید کسی چڑھائی ارادہ نہیں رکھا۔

[pullquote]مصری صدر کی یورپی ممالک پر تنقید[/pullquote]

مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے تارکین وطن کو پناہ نہ دینے کے یورپی فیصلے پر تنقید کی ہے۔ بدھ کے دن انہوں نے کہا کہ خطے میں غربت، جنگوں اور مسلح تنازعات کے باعث بے گھر ہونے والے کم ازکم چھ ملین افراد ان کے ملک میں پناہ گزین ہیں۔ السیسی نے کہا کہ نہ تو انہوں نے ان مہاجرین کے لیے دروازے بند کیے اور نہ ہی انہیں کیمپوں میں پابند کیا۔ یہ امر اہم ہے کہ قاہرہ نے مراعات کے عوض یورپ کی طرف مہاجرین کے غیرقانونی سفر کو روکنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

[pullquote]افغانستان کے لیے سب سے بڑی امدادی اپیل[/pullquote]

اقوام متحدہ نے افغانستان کی امداد کے لیے پانچ بلین ڈالر کی اپیل جاری کر دی ہے۔ اس عالمی ادارے کی جانب سے کسی ملک کے لیے کی جانے والی یہ سب سے بڑی مالی درخواست ہے۔ طالبان کی عمل داری کے بعد سے افغانستان کی بائیس ملین آبادی انسانی المیے اور اقتصادی تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے۔ پانچ اعشاریہ سات ملین افغان پانچ مختلف ممالک میں بطور پناہ گزین رہ رہے ہیں، جن کی مدد لے لیے اضافی رقم کی ضرورت ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وسط مارچ میں ان امدادی رقوم کو جمع کرنے کی خاطر ایک ڈونر کانفرنس کا اہتمام کیا جائے گا۔

[pullquote]شمالی کوریا کی طرف سے ہائپر سونک میزائل کا ایک اور تجربہ[/pullquote]

شمالی کوریا نے نے ہائپر سونک میزائل کا ایک نیا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ اس کمیونسٹ ملک کے رہنما کم جونگ ان نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ عسکری نمائش جوہری جنگ کو روکنے میں غیر معمولی حد تک مدد دے گی۔ شمالی کوریا کی طرف سے ہائپر سونک میزائل کا یہ تیسرا کامیاب تجربہ ہے۔ بتایا گیا ہے کہ راڈار میں نہ آنے کی صلاحیت کے حوالے سے یہ بلیسٹک میزائل سے زیادہ بہتر ہیں۔ پیونگ یانگ کی طرف یہ نیا تجربہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے، جب عالمی برادری اس کی طرف سے گزشتہ ہفتے ہی کیے گئے ایک ایسے ہی تجربے پر شدید تنقید کر رہی ہے۔

[pullquote]بائیڈن کی الیکشن نظام میں اصلاحات کی کوشش[/pullquote]

امریکی صدرجو بائیڈن نے سینیٹ کے قواعد و ضوابط میں تاریخی تبدیلیوں پر زور دیا ہے۔ وہ الیکشن نظام میں اصلاحات کی کوشش میں ہیں۔ ڈیموکریٹ صدر بائیڈن نے کہا کہ وہ ووٹنگ سسٹم میں ایسی اصلاحات کے حق میں ہیں، جو اپوزیشن پارٹی ری پبلکن کی حمایت کے بغیر ہی منظور کی جا سکتی ہوں۔ سینیٹ میں زیادہ تر قوانین کی منظوری کے لیے اس سو رکنی ایوان میں ساٹھ فیصد سے زائد ممبران کی حمایت درکار ہوتی ہے، جو بائیڈن کے مطابق یہ قانون سازی کی راہ میں ایک رکاوٹ ہے۔ امریکی سینیٹ میں آئندہ ہفتے اس حوالے سے ایک بحث کا انعقاد طے ہے۔

[pullquote]جنوبی کوریا میں ریسکیو آپریشن بحال[/pullquote]

جنوبی کوریا میں زیر تعمیر ایک ہائی رائز بلڈنگ کے منہدم ہونے کی وجہ سے لاپتہ ہونے والے کم از کم چھ افراد کی تلاش کا کام آج پھر شروع کر دیا گیا ہے۔ گوانگژو شہر میں اس اپارٹمنٹ بلڈنگ کے گرنے کے باعث دس گاڑیاں تباہ ہو گئیں جبکہ قریب کی درجنوں عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ بدھ کے دن حکام نے بتایا کہ ملبے تلے دب جانے والے تین افراد کو نکال لیا گیا ہے، جن میں سے دو مزدور ہیں۔ خدشہ ہے کہ بہت سے لوگ ابھی تک ملبے کے نیچے دبے ہوئے ہیں۔

[pullquote]آسٹریلین اوپن تنازعے کی زد میں ، جوکووچ کی شرکت تاحال مشکوک[/pullquote]

سرب ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ کی آسٹریلین اوپن میں شرکت کے حوالے سے بے یقینی کی وجہ سے رواں سال کا اولین گرینڈ سلام ٹینس ٹورنامنٹ تنازعے کا شکار ہو گیا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ جوکووچ کی ممکنہ ملک بدری کے حوالے سے حکومتی فیصلہ جمعرات کو سامنے آئے گا۔ آسٹریلین اوپن کا آغاز پیر سے ہو رہا ہے۔ کووڈ ٹیسٹ تنازعے کی زد میں آنے والے جوکووچ نے ویزہ منسوخی کی قانونی جنگ جیتنے کے بعد امید ظاہر کی ہے کہ وہ اس اہم مقابلے میں شریک ہو سکیں گے۔ تاہم کینبرا حکومت کے پاس استحقاق ہے کہ وہ اس اسٹار کھلاڑی کو ملک بدر کر دے۔

[pullquote]روس اور نیٹو کا اعلی سطحی اجلاس[/pullquote]

مغربی دفاعی اتحاد نیٹو اور روس بدھ کے دن ایک اعلی سطحی ملاقات کر رہے ہیں۔ مشرقی یوکرائن میں جاری تنازعے کے پیش نظر اس رابطے کو انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ برسلز میں ہونے والی اس ملاقات کا اہم ایجنڈہ نیٹو، یوکرائن اور یورپی یونین کے ایسے خدشات کا خاتمہ ہے کہ روس یوکرائن میں ایک اور حملے کی تیاری میں ہے۔ تاہم ماسکو ان خبروں کو مسترد کرچکا ہے۔ اس میٹنگ میں روس بھی یہ یقین دہانی حاصل کرنا چاہتا ہے کہ نیٹو مشرقی یورپی سرحدوں میں اپنی عسکری موجودگی بڑھانے کی کوشش نہیں کرے گا۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے