ہفتہ : 12 فروری 2022 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]تیس سے زائد روسی جنگی جہازوں نے کریمیا کے قریب مشقیں شروع کر دیں[/pullquote]

تیس سے زائد روسی جنگی بحری جہازوں نے روس کے زیرقبضہ یوکرائنی علاقے کریمیا کے قریب بحیرہ اسود میں جنگی مشقیں شروع کر دی ہیں۔ اس سے قبل مغربی اقوام کی جانب سے متنبہ کیا گیا تھا کہ یوکرائن میں جنگ کسی بھی لمحے شروع ہو سکتی ہے۔ مشرقی یوکرائنی سرحد پر ہزاروں روسی فوجی اور بھاری ہتھیار تعینات ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ روس یوکرائن کے خلاف عسکری کارروائی کرنا چاہتا ہے، تاہم ماسکو حکومت ان الزامات کو رد کرتی ہے۔ روس کا لیکن مطالبہ ہے کہ مغربی دفاعی اتحاد مشرقی یورپی ممالک کو اپنا رکن نہ بنائے۔

[pullquote]یوکرائنی بحران، امریکی صدر آج پھر اپنے روسی ہم منصب سے بات کریں گے[/pullquote]

امریکی صدر جوبائیڈن آج ہفتے کو ایک مرتبہ پھر اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پوٹن سے گفتگو کریں گے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ بات چیت ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے، جب ایک تازہ امریکی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ روس کسی بھی وقت یوکرائن کے خلاف عسکری کارروائی کا آغاز کر سکتا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے ایک اہکار کے مطابق صدر پوٹن نے ٹیلی فون پر اس گفتگو کے لیے پیر کا روز تجویز کیا تھا، تاہم یوکرائن پر ممکنہ روسی حملے کی خبروں کے تناظر میں بائیڈن ہفتے کے روز یہ گفتگو چاہتے ہیں۔ دوسری جانب آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ نے بھی اپنے شہریوں کو یوکرائن سے نکل جانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ روس کسی بھی وقت یوکرائن پر فضائی حملے شروع کر سکتا ہے۔

[pullquote]ترکمانستان میں قبل از وقت انتخابات اگلے ماہ[/pullquote]

وسطی ایشیائی ملک ترکمانستان میں قبل از وقت انتخابات کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ یہ صدارتی انتخابات 12 مارچ کو ہوں گے۔ اس سے قبل آمر حکمران قربان گلی بردی محمودوف نے مستعفی ہونے پر آمادگی ظاہر کی تھی، تاہم کہا جا رہا ہے کہ ان کے بیٹے ممکنہ طور پر اگلے صدر ہو سکتے ہیں۔ ملکی الیکشن کمیشن کے ایک ترجمان کی جانب سے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا گیا کہ ملکی صدر کی جانب سے 12 مارچ کو صدارتی انتخابات کے انعقاد کی ہدایت کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ ترکمانستان کو حکومتی جبر اور عدم شفافیت کے اعتبار سے بدترین صورت حال کے حامل ممالک میں سے ایک گردانا جاتا ہے۔

[pullquote]یوکرائن: جنگ کی صورت میں برطانوی شہری فوجی ریسکیو کارروائی کی امید نہ رکھیں[/pullquote]

برطانوی حکومت نے کہا ہے کہ یوکرائن کے خلاف کسی روسی عسکری کارروائی کی صورت میں یوکرائن میں موجود برطانوی شہری کسی عسکری ریسکیو کارروائی کی توقع نہ رکھیں۔ ہفتے کے روز برطانیہ کے جونیر وزیردفاع نے ایک نشریاتی ادارے سے بات چیت میں کہا کہ برطانوی شہریوں کو فوری طور پر یوکرائن سے نکل جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی طرز کی کوئی ریسکیو کارروائی یوکرائن میں ممکن نہیں ہو گی۔ واضح رہے کہ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا بھی اپنے شہریوں کو یوکرائن سے نکل جانے کی ہدایات دے چکے ہیں۔

[pullquote]میانمار کی فوجی حکومت کا آٹھ سو سے زائد قیدیوں کی رہائی کا اعلان[/pullquote]

میانمار کی فوجی حکومت نے ہفتے کے روز ملک کی مختلف جیلوں میں قید آٹھ سو سے زائد افراد کو عام معافی دے کر رہا کرنے کا اعلان کیا۔ یہ اعلان ملک کے یونین ڈے کے موقع پر ملکی دارالحکومت میں فوجی پریڈ کے دوران کیا گیا۔ گزشتہ برس فروری میں میانمار کی فوج نے منتخب حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کر لیا تھا اور اس کے بعد جمہوریت پسندوں کے خلاف زبردست کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا تھا۔ سرکاری میڈیا کے مطابق ملک کے 75 ویں یونین ڈے کے موقع پر میانمار کی جنتا کے سربراہ جنرل مِن آؤنگ ہلینگ نے معافی کے احکامات جاری کیے، جس کے تحت 814 قیدیوں کی رہائی کا اعلان کیا گیا۔ گذشتہ برس بھی یونین ڈے کے موقع پر اتنے ہی قیدی رہا کیے گئے تھے۔

[pullquote]کووِڈ ضوابط مخالف مظاہرین کا پیرس کی جانب مارچ، پولیس تعینات[/pullquote]

فرانس بھر سے کووِڈ ضوابط مخالف ہزاروں مظاہرین درالحکومت پیرس کے نواح میں پہنچ گئے ہیں، جس کے سبب پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق ان مظاہرین کا مقصد کورونا ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پیرس میں داخل ہونا ہے، تاہم انہیں روکنے کے لیے سکیورٹی اہلکار تعینات کیے جا رہے ہیں۔ بتایا گیا ہےکہ مظاہرین کی ایسی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کے لیے قریب سات ہزار دو سو پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ ان پولیس اہلکاروں کا کام پیرس میں داخل ہونے والی گاڑیوں کے قافلے کو روکنا ہوگا۔ پولیس کے مطابق کسی بھی سڑک کی ممکنہ ناکہ بندی کی کوشش ناکام بنانے کے لیے بھی گاڑیاں ہٹانے والے ٹرک منگوا لیے گئے ہیں۔

[pullquote]امریکی صدر بائیڈن نے افغانستان کے منجمد اثاثے بحال کر دیے[/pullquote]

امریکی صدر جوبائیڈن نے افغانستان کے سات ارب ڈالر کے منجمد اثاثے مشروط طور پر بحال کر دیے ہیں۔ بتایا گیا ہےکہ ان میں سے نصف سرمایہ افغانستان میں انسانی بنیادوں پر امداد کے لیے استعمال ہو گا جب کہ باقی کے ساڑھے تین ارب ڈالر گیارہ ستمبر کے حملوں کے متاثرین کے لیے ہرجانے کے طور پر استعمال ہوں گے۔ اطلاعات ہیں کہ یہ رقوم فوری طور پر جاری نہیں کی جائیں گی بلکہ بینکوں سے کہا گیا ہے کہ ساڑھے تین ارب ڈالر کا سرمایہ ایک ٹرسٹ فنڈ کو دیا جائے، جو افغانستان میں انسانی بنیادوں پر امداد کرنے والی تنظیموں کی مدد کرے۔ باقی کے ساڑھے تین ارب ڈالر کی رقم مختلف عدالتوں میں گیارہ ستمبر 2001 کے حملوں کے متاثرین کی جانب سے زیرسماعت دعووں میں ہرجانے کے طور پر دینے کے لیے دستیاب ہو گی۔

[pullquote]جنوبی شام میں سینکڑوں افراد کی ریلی[/pullquote]

جنوبی شامی شہر سویدہ میں سینکڑوں افراد بہتر معیار زندگی اور جمہوریت کے لیے مسلسل پانچ روز سے مظاہرہ کر رہے ہیں۔ اس احتجاج کا آغاز حکومت کی جانب سے چھ لاکھ خاندانوں کے لیے سبسیڈری پروگرام کی بندش کے اعلان کے بعد ہوا۔ شامی تنازعے پر نگاہ رکھنے والے مبصر گروپ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق احتجاج میں شامل افراد "ہم ایک جمہوری ملک چاہتے ہیں” جیسے نعرے بلند کر رہے تھے۔ مقامی میڈیا کے مطابق ان مظاہرین میں ایک مقامی مذہبی اقلیت ’دروز‘ سے تعلق رکھنے والے افراد کی اکثریت ہے۔

[pullquote]شمال مشرقی شام میں داعش پھر سے سر اٹھا رہی ہے، کرد جنگجو کمانڈر[/pullquote]

شمال مشرقی شام میں متحرک امریکی حمایت یافتہ کرد گروپ سیریئن ڈیموکریٹک فورس کے کمانڈر مظلوم عابدی نے کہا ہے کہ دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ پھر سے خطرہ بنتی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فوری اور موثر سکیورٹی اقدامات نہ کیے گئے تو حالات ایک بڑے خطرے میں بدل سکتے ہیں۔ خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے عابدی کا کہنا تھا کہ گذشتہ ہفتے داعش کے لیڈر کی ایک امریکی کمانڈو آپریشن میں ہلاکت کے باوجود اس گروہ کی سرگرمیاں جاری ہیں۔ واضح رہے کہ 20 جنوری کو اسی علاقے میں جہادیوں نے ایک جیل پر حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں درجنوں قیدی فرار ہو گئے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس جیل میں تین ہزار سے زائد جہادی قید تھے۔

[pullquote]ایران میں اسلامی انقلاب کی سالگرہ کا جشن، گاڑیوں پر[/pullquote]

ایران میں جمعے کو ہزاروں افراد نے اسلامی انقلاب کی 43 ویں سالگرہ کے موقع پر گاڑیوں کے ذریعے مارچ کیا۔ عموماً یہ مارچ پیدل کیا جاتا ہے، تاہم کورونا ضوابط کی وجہ سے اس بار یہ ریلیاں گاڑیوں کے ذریعے نکالی گئیں۔ سرکاری ٹی وی کے مطابق کورونا پابندیوں کے تناظر میں اس بار بھی کوئی بڑا اجتماع نہیں ہو گا۔ اس موقع پر ایرانی پرچم گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر لگائے ہزاروں افراد تہران کے مشہور آزادی چوک پر بھی گئے۔ بتایا گیا ہے کہ ایسی ہی ریلیاں مشہد، تبریز، اصفہان اور شیراز میں بھی نکالی گئیں۔

[pullquote]بھارت نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک روز کرکٹ میچوں کی سیریز جیت لی[/pullquote]

بھارت نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز تین صفر سے اپنے نام کر لی۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم اس سیریز کے کسی بھی میچ میں دو سو سے زائد رنز بنانے میں کامیاب نہ ہو سکی۔ احمد آباد میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میچ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 238 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ایک سو ترانوے پر ڈھیر ہو گئی۔ اس موقع پر ویسٹ انڈیز کے کوچ فِل سیمونز نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو اپنی بیٹنگ بہتر بنانے پر توجہ دینا ہو گی۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے