منگل : 15 فروری 2022 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]جرمن چانسلر آج روسی صدر سے مل رہے ہیں[/pullquote]

جرمن چانسلر اولاف شولس آج بروز منگل روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے ملاقات کر رہے ہیں۔ وہ ایک طرح سے جنگ روکنے کی کوشش میں ماسکو میں ایک اعلیٰ مشن پر ہیں۔ انہوں نے اس سلسلے میں کل پیر کے روز یوکرائن کا دورہ کیا، جہاں اہم رہنماؤں سے بات چيت کے بعد وہ منگل کی صبح ماسکو کے لیے روانہ ہو گئے۔ ماسکو کے لیے روانگی سے قبل چانسلر شولس نے کہا کہ وہ ماسکو کو مغرب کی طرف سے یہ پیغام دیں گے کہ مغرب روس کے سکیورٹی خدشات کے بارے میں بات چیت کے لیے تیار ہے، تاہم اگر روس نے یوکرائن پر حملہ کیا تو پھر اس کے خلاف سخت ترین پابندیاں عائد کی جائیں گی۔

[pullquote]ایک امریکی انجینیر کا فوجی راز افشا کرنے کا اعتراف جرم[/pullquote]

امریکی بحریہ کے ایک انجینئر نے امریکی ایٹمی آبدوزوں کے بارے میں خفیہ معلومات فروخت کرنے کی کوشش کا اعتراف کر لیا ہے۔ ایف بی آئی کے مطابق اس انجینئر نے یہ خفیہ معلومات کسی امریکی اتحادی ملک کو فروخت کرنے کی کوشش کی تھی۔ اس مشتبہ شخص کو چار ماہ قبل اس کی بیوی کے ہمراہ گرفتار کر لیا گیا تھا۔ اس اعتراف جرم کے بعد توقع ہے کہ مجرم کو ساڑھے بارہ سال سے ساڑھے سترہ سال تک کی سزائے قید سنائی جا سکتی ہے۔ یہ شخص 2012 ء سے ورجینیا کلاس آبدوزوں کے لیے جوہری ری ایکٹر بنانے کے فرائض سر انجام دے رہا تھا۔

[pullquote]اسرائیلی وزیر اعظم کا بحرین کا دورہ[/pullquote]

اسرائیلی وزیراعظم نیفتالی بینیٹ آج مانامہ میں بحرینی شاہ حمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ اور ولی عہد سلمان بن حمد الخلیفہ سے ملاقات کر رہے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ منامہ پہنچنے پر ان کا فوجی اعزاز کے ساتھ شاندار استقبال کیا گیا۔ اسرائیل اور بحرین کے مابین سن 2020 میں باضابطہ سفارتی تعلقات قائم ہونے کے بعد اسرائیلی وزیر اعظم پہلی مرتبہ بحرین کا دورہ کر رہے ہیں۔ دونوں ملکوں نے امریکا کی ثالثی میں معاہدہ ابراہیمی کے حصے کے طور پر اپنے سفارتی تعلقات قائم کیے تھے۔ تاہم باضابطہ سفارتی تعلقات سے قبل بھی اسرائیل کا بحرین اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ خفیہ سکیورٹی تعاون کا سلسلہ جاری تھا۔

[pullquote]یوکرائن کی سرحد پر تعینات کچھ روسی فوجیوں کے انخلا کا منصوبہ[/pullquote]

کریملن کی طرف سے منگل کو ایک بیان میں کہا گیا کہ روس یوکرائن کی سرحد سے اپنے کچھ فوجیوں کو واپس بلانے کی منصوبہ بندی پہلے ہی کر چکا تھا۔ کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے کہا کہ وہ ہمیشہ سے یہ کہتے آئے ہیں کہ فوجی مشقیں ختم ہونے کے بعد ملکی فوجیں اپنے مستقل اڈوں میں واپس چلی جائیں گی اور یہ ایک معمول کا عمل ہے۔ اس بیان سے کہ وہ یوکرائن کی سرحد کے قریب تعینات اپنی کچھ افواج کو اپنے اڈوں پر واپس لا رہا ہے، مغربی ممالک کے ساتھ کئی ہفتوں سے جاری بحران میں کمی کا پہلا قدم سمجھا جا رہا ہے۔ پیسکوف نے مغرب کی طرف سے کیے گئے ان دعووں کو پھر سے رد کیا جن کے تحت روس یوکرائن پر حملہ کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے۔

[pullquote]ویانا مذاکرات کے نتائج کا انحصار مغرب کے فیصلوں پر، ایران[/pullquote]

ایران کا کہنا ہے کہ اس نے جوہری معاہدے کی بحالی کے لیے اپنی تجاویز کا حتمی پیکج مغربی ممالک کو پیش کر دیا ہے اور اب اس حوالے سے اہم فیصلوں کے لیے مغربی ممالک کو سیاسی اقدامات کرنا ہوں گے۔ ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے امید ظاہر کی ہے کہ 2015 ء کے جوہری معاہدے کی بحالی اب کافی قریب آ گئی ہے۔ ایران البتہ بضد ہے کہ مغربی ممالک کو ویانا میں جاری مذاکرات کے دوران ہی تہران پر عائد پابندیوں کو ختم کرنے کا اعلان کر دینا چاہیے۔ گزشتہ روز ہی ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے بھی اپنی ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ان مذاکرات کی کامیابی اب امریکی مؤقف پر منحصر ہے۔

[pullquote]روسی اپوزیشن رہنما ناوالنی کو مزید ایک دہائی قید[/pullquote]

روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے اہم سیاسی مخالف الیکسی ناوالنی کو منگل کو مقدمے کی ایک سماعت میں مزید ایک دہائی کی قید کی سزا سنا دی گئی۔ ناوالنی کو جیل سے نکال کر نئے فراڈ کیس کے مقدمے کی سماعت کے لیے لایا گیا تھا۔ ایک ویڈیو لنک میں دیکھا گیا کہ ناوالنی جیل کی وردی میں ملبوس پینل کالونی سے نکل کر جیل کے اندر ہی ایک عارضی عدالت میں پہنچے اور انہوں نے اپنی اہلیہ کو گلے لگایا۔ یہ خصوصی عدالت ماسکو سے تقریباً 100 کلومیٹر مشرق میں پوکروف کی انتہائی سکیورٹی والی جیل کے اندر کمرے میں سماعت کے لیے تیار کی گئی تھی۔ اس عدالت میں مقدمے کی سماعت کے انعقاد پر انسانی حقوق کے لیے سرگرم گروپوں نے سخت تنقید کی ہے۔

[pullquote]امریکا نے یوکرائن میں اپنا سفارت خانہ کییف سے لویوَو منتقل کردیا[/pullquote]

یوکرائن کے بحران کے تناظر میں امریکا نے دارالحکومت کییف میں قائم اپنے سفارتخانے کو مغربی شہر لویوَو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے مطابق یہ ایک عارضی احتیاطی اقدام ہے۔ انہوں نے یوکرائن کی سرحد پر روسی فوجیوں کی تعیناتی سے پیدا ہونے والی ’ڈرامائی صورتحال‘ کے تناظر میں واشنگٹن کے اس اقدام کو درست قرار دیا۔ امریکا کئی ہفتوں سے یوکرائن پر روسی حملے سے خبردار کر رہا ہے جبکہ روسی قیادت کسی بھی طرح کے حملے کی منصوبہ بندی کی تردید کرتی آئی ہے۔ کریملن نیٹو سے دور رس حفاظتی ضمانتوں کا مطالبہ کر رہا ہے۔

[pullquote]بھارت: ہم جنس پرستوں کی ڈیٹنگ ایپ پر مردوں کو نشانہ بنانے والے تین افراد گرفتار[/pullquote]

بھارتی پولیس نے ہم جنس پرستوں کی ڈیٹنگ ایپ پر مردوں کو نشانہ بنانے والے تین افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایک ایسے گینگ کے تین ارکان کو گرفتار کیا گیا ہے، جنہوں نے مبینہ طور پر ہم جنس پرستوں کے ڈیٹنگ ایپ کے ذریعے ان مردوں سے رابطہ کیا اور انہیں مارا پیٹا اور لوٹ لیا۔ بھارت میں ہم جنس پرستی کو قانونی تحفظ دے دیا گیا ہے لیکن قدامت پسند معاشرے میں ایسے لوگوں کو ابھی تک قبول نہیں کیا گیا ہے، جس کی وجہ سے عوامی سطح پر انہیں ہراسیت کا نشانہ بنانا عام سی بات ہے۔ اس جنوبی ایشیائی ملک کی ایل جی بی ٹی کمیونٹی اپنی جنسی شناخت کو مخفی ہی رکھتی ہے۔

[pullquote]میونخ میں دو ٹرینوں کے ٹکرانے کا حادثہ، ایک نوجوان ہلاک کم از کم 18 افراد زخمی[/pullquote]

جرمنی کے جنوبی صوبے باویریا کے دارالحکومت میونخ میں دو ٹرینوں کے تصادم میں ایک 24 سالہ مسافر ہلاک جبکہ کم از کم دیگر 18 زخمی ہو گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق زخمی ہونے والوں میں سے پانچ کی حالت نازک ہے۔ میونخ کی اشٹانبرگر جھیل کے نزدیک یہ ٹرینیں سنگل ٹریک سیکشن میں آپس میں ٹکرا گئی تھیں۔ اس حادثے کی وجہ ہنوز واضح نہیں۔ جائے حادثہ پر وفاقی اور ریاستی پولیس، فائر بریگیڈ، ریسکیو ورکرز اور ٹیکنیکل ریلیف آرگنائزیشن کے قریب 700 کارکنوں کو تعینات کر دیا گیا ہے۔

[pullquote]کینیڈا میں مظاہروں کے سبب ہنگامی حالات کا اعلان[/pullquote]

کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کورونا اقدامات کے خلاف مظاہروں اور مخالفین کی ناکہ بندی ختم کروانے کے لیے ہنگامی حالات نافذ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا ہے کہ ان کی حکومت ملکی قانون کے تحت ایسے ہنگامی حالات نافذ کرے گی، جو اسے امن عامہ کی بحالی کے لیے کچھ شہری آزادیاں معطل کرنے کا حق دیتا ہے۔ اس بارے میں ایک قانون 1988 ء میں پاس ہوا تھا لیکن اس کا اطلاق اب تک نہیں کیا گیا تھا۔ کینیڈا میں ہزاروں افراد کئی ہفتوں سے کورونا ضوابط کے خلاف مظاہرے کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں ٹرک ڈرائیوروں کی ’ آزادی کے قافلوں‘ کے نام سے جاری ایک مہم کے نتیجے میں دارالحکومت اوٹاوا کے کچھ حصے اور کم از کم ایک اہم گزرگاہ بلاک ہے۔

[pullquote]برازیلی صدر کا ایمازون کے جنگلات میں سونے کی کان کنی کا منصوبہ[/pullquote]

برازیل کے صدر جائیر بولسونارو ایمیزون میں کان کنی کی توسیع چاہتے ہیں۔ انہوں نے سونے کی کانوں کے چھوٹے کاریگروں کی حمایت کے لیے کئی فرمانوں پر دستخط کیے ہیں۔ ان کے اپنے بیانات کے مطابق برازیل کی حکومت اس طرح علاقائی اور قومی سطح پر کان کنی کو فروغ دینا چاہتی ہے۔ اس کے برعکس گرین پیس مہم کے ماحول دوست کارکنان نے ان اقدامات کو ’ لوٹ مار ‘ قرار دے دیا ہے۔ ماحولیاتی تنظیمیں ایک عرصے سے جنگلات کی بڑے پیمانے پر کٹائی اور مقامی آبادی پر حملوں کی مذمت کرتی آئی ہیں تاہم بولسونارو کے 2019 ء میں صدارتی عہدے سنبھالنے کے بعد سے ایمازون جنگلات میں واضح کمی آئی ہے۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے