جمعہ : 25 فروری 2022 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]جرمن چانسلر پیر کو پیرس میں صدر ماکروں سے ملیں گے[/pullquote]

جرمن چانسلر اولاف شولس آئندہ پیر کو فرانس کا دورہ کریں گے۔ چانسلر دفتر کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ شولس پیرس میں فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں اور یورپی کونسل کی سربراہ اورزولا فان ڈیرلاین سے ملاقاتیں کریں گے۔ چانسلر شولس یورپی گول میز کانفرنس برائے صنعت میں شرکت کے لیے ایک ایسے وقت میں فرانس جا رہے ہیں، جب یوکرائن پر روسی حملے کی وجہ سے یورپ بھر میں تشویش کی لہر دوڑ چکی ہے۔

[pullquote]یوکرائنی افواج ہتھیار پھینک دیں، روس[/pullquote]

روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ اگر یوکرائنی افواج ہتھیار پھینک دیتی ہیں تو ماسکو حکومت مذاکرات کے لیے رضا مند ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس چاہتا ہے کہ یوکرائنی عوام آزاد ہو جائیں اور اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کے قابل ہو جائیں۔ لاوروف نے کہا کہ یوکرائنی صدر جھوٹ بول رہے ہیں کہ ان کا ملک غیرجانبدار حیثیت اختیار کرنے کو تیار ہے۔ ادھر عالمی طاقتیں روس کی اس جارحیت کو شدید تنقید کا نشانہ بنا رہی ہیں۔

[pullquote]یوکرائن کی جنگ، بڑے پیمانے پر مہاجرت کا اندیشہ[/pullquote]

یوکرائن پر روسی حملے کے نتیجے میں پچاس لاکھ افراد ملک سے مہاجرت پر مجبور ہو سکتے ہیں۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کے مطابق یوکرائن کے متعدد علاقوں میں فیول، نقد رقوم، ادویات اور روزمرہ کی اشیائے ضروریات کی قلت پیدا پو چکی ہے، جس کی وجہ سے ایک لاکھ افراد داخلی سطح پر بے گھر ہو چکے ہیں جبکہ ہزاروں شہری ہمسایہ ممالک فرار ہونے پر بھی مجبور ہو چکے ہیں۔ اس جنگ کی وجہ سے ستائیس شہریوں کی ہلاکت اور ایک سو ستائیس کے زخمی ہونے کی تصدیق کی جا چکی ہے۔

[pullquote]روسی فورسز شہری علاقوں کو نشانہ بنا رہی ہیں، یوکرائنی صدر[/pullquote]

روسی فورسز کی طرف سے یوکرائن پر چڑھائی کا سلسلہ جاری ہے۔ کییف حکومت نے اس دوران کہا ہے کہ ملکی فورسز اکیلے ہی روسی جارحیت کو روکنے کی کوشش میں ہیں۔ یوکرائنی صدر وولودمیر زیلسنکی نے کہا ہے کہ روسی افواج شہری علاقوں کو بھی نشانہ بنا رہی ہیں۔ زیلنسکی کے بقول اس صورتحال میں عالمی طاقتوں کی طرف سے روس پر صرف پابندیاں عائد کرنے سے کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ روس کو مذاکرات کی میز پر آنا پڑے گا۔ گزشتہ روز روس نے یوکرائن پر حملہ کر دیا تھا، جس پر عالمی سطح پر مذمت کے علاوہ گہری تشویش دیکھی جا رہی ہے۔

[pullquote]یوکرائنی دارالحکومت کییف میں روسی افواج کے حملے[/pullquote]

یوکرائن کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ گزشتہ رات کے دوران دارالحکومت کییف پر روسی حملوں میں شدت دیکھی گئی۔ دمترو کولیبا نے کہا کہ اس شہر کو آخری مرتبہ سن انیس سو اکتالیس میں اس وقت ایسی ہی صورتحال کا سامنا تھا جب نازی جرمنی نے اس پرحملہ کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ تب بھی یوکرائن نے اس ’بدی‘ کو شکست دی تھی اور اب بھی یوکرائن سرخرو ہو گا۔ گزشتہ روز جنگ شروع ہونے کے بعد یوکرائنی صدر نے ملک میں ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کر دیا تھا۔

[pullquote]روس پر عالمی پابندیاں عائد کرنے کا سلسلہ جاری[/pullquote]

روس کی طرف سے یوکرائن پر حملے کے نتیجے میں امریکا اور یورپی ممالک نے ماسکو حکومت پر متعدد مالیاتی پابندیاں عائد کر دی ہیں تاہم ماسکو حکومت پر SWIFT طریقہ کار کے تحت رقوم کی منتقلی پر تا حال پابندی عائد نہیں کی گئی ہے۔ عالمی سطح پر رقوم کے ٹرانسفر کے لیے یہ ایک مقبول ذریعہ ہے۔ اس پابندی سے روسی مالیاتی اداروں کا عالمی بینکوں سے رابطہ منقطع ہو جائے گا۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ پہلے عائد کی جانے والی پابندیوں کو مؤثر بنانے کی کوشش کی جانا چاہیے اُس کے بعد کا مرحلہ SWIFT طریقہ کار کے ’آپشن‘ یا متبادل کا ہوگا۔

[pullquote]یوکرائن پر حملہ، روس پر جنگی جرائم کا مقدمہ چلایا جا سکتا ہے، آئی سی سی[/pullquote]

عالمی فوجداری عدالت کے پراسیکیوٹر کریم خان نے روس کی طرف سے یوکرائن پر حملے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی عدالت روسی فوج کی طرف سے مبینہ جنگی جرائم کا مرتکب ہونے کے حوالے سے چھان بین کا سلسلہ شروع کر سکتی ہے۔ خان کا مزید کہنا تھا کہ وہ یوکرائن کے موجودہ جنگی حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ یاد رہے کہ روس اس عالمی عدالت کا ممبر نہیں ہے اور اسے متنازعہ قرار دیتا ہے۔

[pullquote]سابق گوریلا گروپ کے تیئس منحرفین ہلاک، کولمبیا کی فوج[/pullquote]

کولمبیا کی افواج نے ایک خصوصی عسکری کارروائی کے دوران سابق گوریلا گروپ فارک کے تیئس منحرفین کو ہلاک کر دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وینیزویلا کی سرحد کے نزدیک ایک جھڑپ میں یہ منحرفین مارے گئے۔ ملکی حکومت اور سابق جنگجو گروہ فارک کے مابین سن دو ہزار سولہ میں امن ڈیل ہوئی تھی تاہم اس سابق گوریلا گروپ سے وابستہ کچھ جنگجو اس سے متفق نہیں۔ ایسے منحرفین اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ ملکی سکیورٹی فورسز بھی انہیں نشانہ بناتی رہتی ہیں۔

[pullquote]یمنی باغیوں کی فنڈنگ کرنے والے افراد پر امریکی پابندیاں[/pullquote]

امریکا نے ایک بین الاقوامی نیٹ ورک کے کچھ ایسے ممبران پر پابندیاں عائد کر دی ہیں، جو یمن میں فعال حوثی باغیوں کی فنڈنگ میں ملوث پائے گئے تھے۔ یہ پیشرفت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے، جب ایران نواز باغیوں نے گلف ممالک پر اپنے پرتشدد حملوں میں تیزی پیدا کر دی ہے۔ امریکی وزارت خزانہ کے مطابق یہ نیٹ ورک یمنی باغیوں کو مالی امداد فراہم کر رہا تھا تاکہ وہ یمنی حکومت کے خلاف پرتشدد کارروائیاں سر انجام دے سکیں۔ یمن میں سن دو ہزار چودہ سے جاری جنگی بحران کے نتیجے میں شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

[pullquote]انڈونیشیا میں زلزلہ، دو افراد ہلاک بیس زخمی[/pullquote]

انڈونیشیا کے جزیرے سمارٹرا میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں کم ازکم دو افراد ہلاک جبکہ بیس زخمی ہو گئے ہیں۔ امریکی ارضیاتی ادارے کے مطابق ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 6.2 ریکارڈ کی گئی، جس کے جھٹکے ہمسایہ ممالک ملائیشیا اور سنگاپور میں بھی محسوس کیے گئے۔ مقامی حکام نے بتایا ہے کہ اس شدید زلزلے کی وجہ سے درجنوں مکانات منہدم ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ جس پہاڑی ضلع میں اس زلزلے کی شدت زیادہ محسوس کی گئی، وہاں لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوئی۔ اس زلزلے کے فوری بعد سونامی کی وارننگ بھی جاری کر دی گئی تھی، جو بعد ازاں واپس لے لی گئی۔

بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے