[pullquote]یوکرائن پر روسی حملے کو دس دن ہو گئے[/pullquote]
یوکرین میں روسی حملے کو دس دن ہو گئے ہیں تاہم ابھی تک روسی فوجی دارالحکومت کییف میں داخل نہیں ہو سکے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ روسی میزائل بدستور کییف کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ وہ ملک کا دفاع جاری رکھیں گے۔ انہوں نے مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ نو فلائی زون قائم نہ کرنے کا فیصلہ ناقابل فہم ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ یوکرین میں نو فلائی زون قائم کیا جائے تاکہ روسی فضائیہ کی کارروائیاں روکی جا سکیں۔
[pullquote]روسی حکومت کا متنازعہ پابندیوں کا دفاع[/pullquote]
کریملن نے اس متنازعہ قانون کا دفاع کیا ہے، جس کے تحت روسی فوج کے بارے میں ’فیک نیوز‘ پھیلانے والوں کو پندرہ سال کی سزائے قید سنائی جا سکتی ہے۔ روسی صدر دفتر نے ہفتے کے دن بتایا کہ ماسکو کو ’انفارمیشن وار‘ کا سامنا ہے اور اس تناظر میں سخت اقدامات ناگزیر ہیں۔ کریملن کے ترجمان نے کہا ہے کہ اگر عالمی طاقتیں روسی توانائی کی صنعت پر پابندیاں عائد کریں گی تو توانائی کی بین الاقوامی مارکیٹ لڑکھڑا جائے گی۔
[pullquote]امریکی وزیر خارجہ پولینڈ پہنچ گئے[/pullquote]
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن ہفتے کے دن وارسا میں پولش رہنماؤں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ یوکرین پر روسی حملے کے بعد پہلی مرتبہ کوئی اعلیٰ امریکی سفارت کار پولینڈ کا دورہ کر رہا ہے، جہاں چوبیس فروری کے بعد سے اب تک آٹھ لاکھ کے لگ بھگ یوکرینی مہاجرین پہنچ چکے ہیں۔ بلنکن روسی جارحیت کے تناظر میں مشرقی یورپی ممالک کو امریکی حمایت کا یقین دلانے کی خاطر ہنگامی دورں پر ہیں۔
[pullquote]ترک صدر اپنے روسی ہم منصب سے بات کریں گے[/pullquote]
ترک صدر رجب طیب ایردوآن اتوار کو اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پوٹن سے ٹیلی فون پر رابطہ کریں گے، جس دوران یوکرائن جنگ کے حوالے سے گفتگو ہو گی۔ ترک وزارت خارجہ کے مطابق انقرہ حکومت یوکرائن اور روس کے مابین ثالثی کے لیے تیار ہے تاکہ اس بحران کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔ ترکی کے مطابق وہ روس اور یوکرائن دونوں کے ساتھ تعلقات استوار رکھنا چاہتا ہے۔
[pullquote]مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کی طرف سے لیتھوانیا کی فوجی مدد[/pullquote]
جرمنی لتھوانیا میں ایئر ڈیفنس کا نظام تعینات کرے گا جبکہ امریکہ ٹینکوں سے مسلح بری افواج روانہ کرے گا۔ لیتھوانیا کے وزیر دفاع کے بقول یوکرین میں روسی حملے کے بعد انہوں نے نیٹو سے عسکری امداد طلب کی تھی۔ اس نئی تعیناتی کے بعد لیتھوانیا میں مغربی دفاعی اتحاد کے فوجیوں کی تعداد چار ہزار تک پہنچ جائے گی۔
[pullquote]یوکرین جنگ جیت سکتا ہے، امریکی وزیر خارجہ[/pullquote]
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ یوکرین جنگ جیت سکتا ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو میں انہوں نے روسی حملے کے جواب میں یوکرینی عوام کی غیر معمولی مزاحمت کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ کییف نے روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے عزائم کا ہلا کر رکھ دیا ہے۔ ان کے مطابق پوٹن کو مطلوبہ مقاصد کے حصول میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ بلنکن نے مزید کہا کہ ماسکو کی کوشش ہے کہ وہ یوکرین میں حکومت بدل دے لیکن عوام اس کوشش کو ناکام بنا دیں گے۔ مغربی ممالک یوکرین کو اسلحہ فراہم کر رہے ہیں تاہم اس تنازعے میں براہ راست شمولیت اختیار نہیں کر رہے۔
[pullquote]سراج الدین حقانی پہلی مرتبہ میڈیا کے سامنے آ گئے[/pullquote]
طالبان کی طرف سے مقرر کیے گئے وزیر داخلہ سراج الدین حقانی پہلی مرتبہ کھلے عام ایک تقریب میں شریک ہوئے ہیں۔ ہفتے کے دن وہ کابل میں افغان پولیس کی ایک پریڈ میں شریک ہوئے۔ حقانی نیٹ ورک کے سربراہ نے اس تقریب سے خطاب میں کہا کہ وہ سکیورٹی اہلکاروں کا اعتماد جیتنے اور ان کی حوصلہ افزائی کی خاطر میڈیا کے سامنے آئے ہیں۔ سراج الدین حقانی امریکہ کی انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل ہیں۔
[pullquote]شہریوں کے انخلا کے لیے سیز فائر[/pullquote]
روس نے کہا ہے کہ یوکرینی علاقوں ماریوپول اور وولنوواکھا سے شہریوں کے محفوظ انخلا کے لیے فائرنگ کا سلسلہ روکا جا رہا ہے۔ روسی افواج نے گزشتہ کئی روز سے یوکرین کے جنوبی ریجن ماریوپول کا محاصرہ کر رکھا ہے۔ یوکرین میں روسی حملے کے بعد صرف دس دن میں بارہ لاکھ افراد یوکرین سے مہاجرت پر مجبور ہو چکے ہیں۔ دریں اثنا روس نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ لوگ فیس بک کے علاوہ ٹوئٹر اور یو ٹیوب تک رسائی بھی حاصل نہیں کر سکتے۔
[pullquote]چین نے دفاعی بجٹ میں اضافہ کر دیا[/pullquote]
چین نے اپنے دفاعی بجٹ میں سات اعشاریہ ایک فیصد کا اضافہ کر دیا ہے۔ ہفتے کے دن بتایا گیا ہے کہ سن دو ہزار بائیس میں ملکی دفاعی بجٹ پر دو سو انتیس بلین امریکی ڈالر خرچ کیے جائیں گے۔ بیجنگ کے مطابق انڈو پیسفک ریجن میں امریکی عسکری موجودگی کے تناظر میں چین نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ دفاعی بجٹ کے حوالے سے چین امریکا کے بعد دوسرا سب سے بڑا ملک ہے۔ رواں سال کے لیے امریکی دفاعی بجٹ کا حجم سات سو اڑسٹھ بلین ڈالر ہے۔ بیجنگ کا کہنا ہے کہ وہ اپنے جنگی سازوسامان کو جدید خطوط پر استوار کرنا چاہتا ہے۔
[pullquote]جوہری توانائی ایجنسی کے ساتھ سمجھوتہ طے پا جائے گا، ایران[/pullquote]
ایران نے امید ظاہر کی ہے کہ اس کے متنازعہ جوہری پروگرام کے حوالے سے غلط فہمیوں کو دور کر دیا جائے گا۔ ایرانی جوہری ایجسنی کے سربراہ بہروز کمال واندی نے کہا ہے کہ اس تناظر میں بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے ساتھ ایک سمجھوتہ طے پا جائے گا۔ انہوں نے یہ بیان ایک ایسے وقت میں دیا ہے، جب اس عالمی ایجنسی کے چیف رافائل گروسی ایران کا دورہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہ ایران کی عالمی جوہری ڈیل کی بحالی کی کوششیں کامیاب ہو جائیں گی۔ اس تناظر میں فریقن ویانا میں مذاکراتی عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔
[pullquote]چین کے لیے نئے امریکی سفیر بیجنگ پہنچ گئے[/pullquote]
چین کے لیے نئے امریکی سفیر نکولس برنز بیجنگ پہنچ گئے ہیں۔ امریکی حکام نے ہفتے کے دن بتایا کہ برنز اپنی سفارتی ذمہ داری اٹھانے سے تین ہفتے قرنطینہ میں رہیں گے۔ نکولس برنز ماضی میں نیٹو کے لیے بھی امریکی سفیر رہ چکے ہیں اور دفاعی سفارت کاری میں ماہر خیال کیے جاتے ہیں۔ اکتوبر سن دو ہزار بیس میں چین کے لیے امریکی سفیر ٹیری برینسٹڈ نے استعفیٰ دے دیا تھا، جس کے بعد سے چین میں امریکی سفیر تعینات نہیں کیا جا سکا تھا۔ برنز ایک ایسے وقت میں نئی ذمہ داریاں اٹھا رہے ہیں، جب دونوں ممالک کے باہمی سفارتی تعلقات تناؤ کا شکار ہیں۔
[pullquote]شین وران کی موت پر دنیا افسردہ[/pullquote]
سابق آسٹریلوی کرکٹر شین وارن کی ناگہانی موت پر عالمی سطح پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ وہ گزشتہ روز باون برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ ان کی اچانک موت کی وجہ ممکنہ ہارٹ اٹیک بنا۔ دنیائے کرکٹ نے ان کی انتقال پر شدید رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا ایک ’اثاثے‘ سے محروم ہو گئی ہے۔
[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]