بدھ : 20 اپریل 2022 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]مشرقی یوکرینی علاقوں میں آئندہ دنوں میں شدید تر لڑائی کا خدشہ[/pullquote]

روسی اور یوکرینی افواج کے مابین آئندہ دنوں میں مشرقی یوکرین کے ڈونباس کہلانے والے علاقوں ڈونیٹسک اور لوہانسک میں لڑائی کے شدید تر ہو جانے کا خدشہ ہے۔ روسی وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف نے ایک انٹرویو میں اس لڑائی کو کییف کے ساتھ تنازعے کا ایک اہم مرحلہ قرار دیا۔ یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی کے مطابق روس اسی ہفتے پیر کے دن سے مشرقی یوکرین میں بڑے فوجی حملوں کا آغاز کر چکا ہے۔ زیلنسکی نے کہا کہ روسی افواج نے مشرقی ڈونباس پر قبضے کے لیے وہاں مختلف شہروں پر راکٹ حملوں کے علاوہ توپوں سے گولہ باری بھی کی۔ روسی فوج نے پہلے یوکرینی دارالحکومت کییف پر قبضے کی کوشش کی تھی، مگر اس کوشش میں ناکامی کے بعد ماسکو نے ڈونباس میں اپنی فوجی قوت میں مزید اضافہ کر دیا تھا۔

[pullquote]صدر بائیڈن ایرانی پاسدارانِ انقلاب کو ’دہشت گرد گروپوں کی فہرست میں ہی رکھنے‘ کے لیے پرعزم[/pullquote]

امریکی صدر جو بائیڈن ایران کے پاسدارانِ انقلاب کا نام بظاہر آئندہ بھی ’دہشت گرد گروپوں‘ کی امریکی فہرست ہی میں شامل رکھنے کے خواہش مند ہیں۔ یہ بات تنازعات کی روک تھام کے لیے سرگرم تھنک ٹینک انٹرنیشنل کرائسس گروپ کے ایران سے متعلقہ امور کے ماہر علی واعظ نے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتائی۔ انہوں نے کہا کہ تہران حکومت کا مطالبہ ہے کہ ایرانی ایٹمی پروگرام سے متعلق ویانا مذاکرات کے نتیجے میں عالمی طاقتوں کے ساتھ کسی نئے معاہدے سے قبل امریکا پاسدارانِ انقلاب کا نام اپنی اس فہرست سے خارج کرے۔ علی واعظ نے تاہم کہا کہ امریکی قیادت مستقبل قریب میں بظاہر ایسا کرتی نظر نہیں آتی۔

[pullquote]پولینڈ میں کوئلے کی کان میں دھماکے، چار افراد ہلاک اور متعدد لاپتہ[/pullquote]

جنوبی پولینڈ میں کوئلے کی ایک کان میں میتھین گیس بھر جانے کے باعث ہونے والے ایک بڑے دھماکے کے نتیجے میں چار افراد ہلاک اور انیس زخمی ہو گئے۔ سات کارکن ابھی تک لاپتہ ہیں۔ حکام نے آج بدھ کے روز بتایا کہ یہ دھماکہ ملک کے جنوب میں پاولووِیچے نامی علاقے میں واقع کوئلے کی ایک کان میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب ہوا۔ زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال پہنچا دیا گیا، جن میں سے چند کی حالت تشویش ناک ہے۔ لاپتہ کارکنوں کی تلاش جاری ہے۔

[pullquote]نئی دہلی میں کئی مسلمانوں کی املاک تباہ کر دی گئیں[/pullquote]

بھارتی دارالحکومت میں آج بدھ کی صبح مسلم اکثریتی علاقے جہانگیر پوری میں پولیس فورس کی ایک بڑی نفری کی موجودگی میں مقامی بلدیہ نے مسلمانوں کی کئی املاک کو اچانک منہدم کرنا شروع کر دیا۔ اس کے فوری بعد بھارتی سپریم کورٹ نے یہ کارروائی روکنے کا حکم جاری کر دیا۔ تب تک بلدیاتی اہلکار اپنے بلڈوزروں کے ساتھ دہلی کی جامعہ مسجد کی دیوار اور اس کے دروازوں کے قریب مسلمانوں کی متعدد دکانیں مسمار کر کے ان کے مالکان کو گرفتار کر چکے تھے۔ نیوز ایجنسی اے پی نے لکھا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کے ایک گھنٹے بعد تک یہ دکانیں گرائی جاتی رہیں۔ بھارتی دارالحکومت میں حالیہ دنوں میں ہندو مسلم کشیدگی میں کافی اضافہ ہوا ہے۔

[pullquote]سعودی کابینہ نے مصر میں سرمایہ کاری کی منظوری دے دی[/pullquote]

سعودی عرب کی کابینہ نے اس عرب بادشاہت کے عوامی سرمایہ کاری فنڈ کی طرف سے مصر میں بہت بڑی سرمایہ کاری کے دونوں ممالک کے مابین طے پانے والے معاہدے کی منظوری دے دی ہے۔ دونوں ریاستوں کے مابین یہ معاہدہ 30 مارچ کو طے پایا تھا۔ اس معاہدے کے تحت پی آئی ایف نامی سعودی پبلک فنڈ کی مصر میں وسیع تر سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

[pullquote]اسرائیل کا غزہ پٹی کے فلسطینی علاقے پر نیا فضائی حملہ[/pullquote]

اسرائیلی فوج نے غزہ پٹی کے فلسطینی علاقے پر ایک بار پھر فضائی حملہ کیا ہے۔ ملکی فورسز نے بتایا کہ منگل کے روز کیا جانے والا یہ حملہ غزہ پٹی سے اسرائیل کی جانب فائر کیے گئے ایک راکٹ کے داغے جانے کے بعد کیا گیا۔ اس راکٹ کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا تھا۔ یہ راکٹ غزہ سے ایک ایسے وقت پر فائر کیا گیا، جب گزشتہ چند دنوں کے دوران یروشلم میں حرم شریف کے علاقے میں اسرائیلی پولیس اور فلسطینیوں کے مابین ہونے والے پرتشدد واقعات کے باعث دوطرفہ کشیدگی کافی زیادہ ہو چکی ہے۔ اسرائیلی حکام کے مطابق غزہ سے کیے جانے والے راکٹ حملوں میں عسکریت پسند فلسطینی تنظیم حماس کا ہاتھ ہے۔

[pullquote]سری لنکا میں احتجاجی مظاہروں کے دوران ایک شخص ہلاک، متعدد زخمی[/pullquote]

اقتصادی اور مالیاتی بحران کے شکار ملک سری لنکا میں جاری احتجاجی مظاہروں کے دوران کم از کم ایک شخص ہلاک اور متعدد دیگر زخمی ہو گئے۔ یہ مظاہرین دارالحکومت کولمبو سے مشرق کی طرف ایک قصبے میں ایندھن اور اشیائے خوراک کی ملک گیر قلت کے خلاف مظاہرہ کر رہے تھے کہ منگل کے روز پولیس نے ان پر فائر کھول دیا۔ پولیس کے مطابق یہ فائرنگ مجبوراﹰ اس وقت کی گئی، جب مشتعل مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال بھی غیر مؤثر ثابت ہوا۔ آنسو گیس کے استعمال کے جواب میں مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ شروع کر دیا تھا، جس پر پولیس کو فائرنگ کرنا پڑ گئی۔ زخمیوں میں مظاہرین کے علاوہ پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ سری لنکا میں موجودہ بحران کے خلاف عوامی مظاہرے کئی دنوں سے جاری ہیں۔

[pullquote]روسی ٹینس کھلاڑیوں کو ومبلڈن ٹورنامنٹ میں شرکت سے روک دیا جائے گا، رپورٹ[/pullquote]

روس کے یوکرین پر فوجی حملے کی وجہ سے روسی کھلاڑیوں کو اس سال ٹینس کے ومبلڈن ٹورنامنٹ میں شرکت سے روک دیا جائے گا۔ یہ بات سپورٹس نیوز ویب سائٹ اسپورٹیکو نے اپنی ایک رپورٹ میں بتائی ہے۔ قبل ازیں آل انگلینڈ لان ٹینس کلب نے کہا تھا کہ اس کی ومبلڈن ٹورنامنٹ میں روس اور بیلاروس کے کھلاڑیوں کی شرکت سے متعلق برطانوی حکومت کے ساتھ بات چیت جاری ہے اور حتمی فیصلے کا اعلان مئی کے وسط تک متوقع ہے۔ ٹینس کا امسالہ ومبلڈن ٹورنامنٹ ستائیس جون سے لے کر دس جولائی تک کھیلا جائے گا۔

[pullquote]برطانوی وزیر اعظم نے ’پارٹی گیٹ‘ جرمانے کے بعد پارلیمان سے معافی مانگ لی[/pullquote]

برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے کل منگل کے روز ’پارٹی گیٹ‘ اسکینڈل میں جرمانے کے بعد پہلی مرتبہ ملکی ارکان پارلیمان کا سامنا کیا اور ساتھ ہی معافی بھی مانگ لی۔ جانسن کو گزشتہ ہفتے سالگرہ کی ایک ایسے تقریب میں شرکت کی وجہ سے جرمانہ کیا گیا تھا، جو 2020ء میں منعقد ہوئی تھی۔ اس پارٹی کا اہتمام ایک ایسے وقت پر کیا گیا تھا، جب پورے برطانیہ میں کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث سخت پابندیاں عائد تھیں اور سماجی تقریبات میں شرکت ممنوع تھی۔ بورس جانسن نے ارکان پارلیمان سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ اس پارٹی میں شرکت کرتے ہوئے انہیں اندازہ نہیں تھا کہ وہ قانون شکنی کے مرتکب ہو رہے تھے۔ جانسن کے ناقدین کے مطابق انہیں اس لیے مستعفی ہو جانا چاہیے کہ انہوں نے وہی قوانین توڑے جو ان کی اپنی حکومت نافذ کر رہی تھی۔

[pullquote]وسطی افریقی جمہوریہ میں جنگی جرائم کے پہلے مقدمے کی سماعت ملتوی[/pullquote]

وسطی افریقی جمہوریہ میں ایک خصوصی فوجداری عدالت میں پہلے ہی مقدمے کی سماعت اس وقت ملتوی کرنا پڑ گئی، جب دفاعی وکلاء عدالت میں پیش نہ ہو سکے۔ یہ عدالت اقوام متحدہ کی حمایت سے 2015ء میں قائم کی گئی تھی مگر آج تک اپنا کام باقاعدہ طور پر شروع نہیں کر سکی تھی۔ اس اسپیشل کریمینل کورٹ کو ایسے افراد کے خلاف مقدمات کی سماعت کا کام سونپا گیا ہے، جو خونریز تنازعے اور بحرانی حالات کی شکار اس افریقی ریاست میں مبینہ طور پر جنگی جرائم کے مرتکب ہوئے تھے۔ اس عدالت میں اولین مقدمہ بہت طاقت ور سمجھی جانے والی ’تھری آر‘ نامی ملیشیا کے ان تین مشتبہ ارکان کے خلاف ہے، جو دو ہزار انیس میں بہت سے دیہی باشندوں کے اجتماعی قتل کے مرتکب ہوئے تھے۔ عدالت نے یہ سماعت 25 اپریل تک ملتوی کر دی۔

[pullquote]سوئٹزرلینڈ میں گانجے کی قانونی فروخت کا تجرباتی منصوبہ منظور[/pullquote]

سوئس حکام نے اس سال موسم گرما میں بازل شہر میں گانجے کے تفریحی استعمال کے لیے اس کی قانونی فروخت کے ایک تجرباتی منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔ اس پائلٹ پروجیکٹ کا مقصد یہ اندازہ لگانا ہے کہ اگر گانجے کی قانونی فروخت شروع کی جائے، تو وہ اس کے استعمال، عادت اور اثرات کے حوالے سے عوامی رویوں کو کیسے متاثر کرے گی۔ حکام کے مطابق ملک میں گانجے کی پیداوار اور استعمال پر پابندی کے باوجود اس کی غیر قانونی منڈی زوروں پر ہے۔ اس تجرباتی منصوبے کے تحت بازل شہر میں 18 سال سے زائد عمر کے 400 شہریوں کو ادویات کی مقامی دکانوں سے گانجا خریدنے کی اجازت ہو گی۔

[pullquote]بورس جانسن اور دیگر مغربی رہنماؤں کا روس پر دباؤ مزید بڑھانے پر غور[/pullquote]

برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن اور کئی دیگر مغربی ممالک کے رہنماؤں نے یوکرین کی جنگ کی وجہ سے روس پر موجودہ دباؤ مزید بڑھانے سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔ اس دوران یہ گفتگو بھی کی گئی کہ روس کو بین الاقوامی سطح پر زیادہ سے زیادہ الگ تھلگ کیسے کیا جا سکتا ہے۔ قبل ازیں ماسکو حکومت نے برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن، امریکی صدر جو بائیڈن اور کئی دیگر مغربی رہنماؤں کے روس میں داخلے پر پابندی لگا دی تھی۔ روس بورس جانسن کے علاوہ برطانوی وزیر خارجہ اور کئی دیگر ملکی وزراء پر بھی پابندیاں عائد کر چکا ہے۔

[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے