روس یوکرین میں اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام ہو رہا ہے، انٹونی بلنکن
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ یوکرین جنگ میں روس اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام ہو رہا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن اور وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے یوکرینی دارالحکومت کییف میں یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی سے ملاقات کی تھی۔ اس دورے کو انتہائی خفیہ رکھا گیا تھا۔ کییف سے واپس پولینڈ پہنچنے پر امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے صحافیوں کو بتایا کہ بات جب روس کے جنگی اہداف کی آتی ہے تو روس ناکام ہو رہا ہے جبکہ یوکرین کامیاب ہو رہا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ بلنکن کے مطابق روسی فوج نے توقعات کے مطابق کارکردگی نہیں دکھائی اور مغرب کی طرف سے پابندیوں کے سبب روسی معیشت مشکلات میں گھر چکی ہے۔
یورپی یونین اور بھارت کے درمیان مشترکہ تجارتی اور ٹیکنالوجی کونسل کا قیام
یورپی یونین اور بھارت نے ایک مشترکہ تجارتی اور ٹیکنالوجی کونسل قائم کی ہے۔ یورپین کمیشن کی صدر اُرزولا فان ڈیئر لائن کے دورہ بھارت کے موقع پر نئی دہلی میں ہونے والی ملاقات کے بعد یہ فیصلہ سامنے آیا ہے۔ اس کا مقصد بھارت اور یورپی یونین کے درمیان تعاون کو مزید بڑھانا ہے۔ فان ڈیئر لائن نےاس فیصلے کے بعد اپنے ٹوئیٹر پیغام میں لکھا کہ ابھی یہ طے نہیں ہوا کہ یہ کونسل اپنا کام کب شروع کرے گی تاہم تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے معاہدوں کے لیے فریقین کی ٹیمیں جلد بات چیت شروع کریں گے۔ یورپی یونین کی طرف سے اس طرح کی کونسل اب تک صرف امریکا کے ساتھ قائم کی ہے۔
جرمنی: متوقع شرح نمو میں کمی کا عندیہ
یوکرین جنگ سے جڑے خطرات کے تناظر میں جرمن حکومت نے سال 2022ء کے لیے متوقع شرح نمو میں کمی کر دی ہے۔ رواں برس جنوری نے رواں سال کے لیے اقتصادی شرح نمو میں 3.6 فیصد اضافے کا اندازہ لگایا گیا تھا۔ تاہم اب یہ متوقع شرح کم کر کے 2.2 فیصد کی جا رہی ہے۔ دو برس تک کووڈ کی وبا اور اب روس کی طرف سے یوکرین پر حملے کے سبب جرمن اقتصادیات پر مزید دباؤ پڑا ہے۔ سال 2020ء میں جرمنی کی مجموعی قومی پیداوار کی شرح 4.6 فیصد تھی جبکہ 2021ء میں یہ 2.9 فیصد رہی۔
عالمی سطح پر ملٹری اخراجات تاریخ کی بلند ترین سطح پر
بین الاقوامی سطح پر ہتھیاروں کی خرید و فروخت پر نظر رکھنے والے سویڈش ادارے SIPRI نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں ہتھیاروں پر اٹھنے والے اخراجات پہلی مرتبہ ایک سال کے دوران دو ٹریلین ڈالرز کی حد سے بڑھ گئے ہیں۔ پیس اینڈ ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے مطابق سال 2021ء کے دوران دنیا بھر میں 2.113 ٹریلین ڈالرز ہتھیاروں کی خرید یا انہیں جدید بنانے پر خرچ کیے گئے۔ سب سے زیادہ خرچہ کرنے والے ممالک امریکا، چین، بھارت، برطانیہ اور روس ہیں۔ ان پانچ ممالک نے مجموعی طور عالمی سطح پر اس مقصد کے لیے لگائی جانے والی مجموعی رقم کا 62 فیصد خرچ کیا جبکہ صرف امریکا نے 38 فیصد رقم اس مقصد کے لیے لگائی۔
ایمانویل ماکروں صدارتی انتخاب کے دوسرے مرحلے میں کامیاب
فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے گزشتہ روز ہونے والے صدارتی انتخاب کے دوسرے مرحلے میں انتہائی دائیں بازو کی امیدوار مارین لے پین کو شکست دے دی ہے۔ ابتدائی نتائج کے مطابق ماکروں کو ڈالے گئے ووٹوں کا 59 فیصد جبکہ لے پین کو 41 فیصد ملا۔ ماکروں نے اپنے حامیوں کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی لے پین کے حامیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ ان کا غم وغصہ سمجھتے ہیں اور یہ کہ وہ ان کے بھی صدر ہوں گے۔ دنیا بھر سے رہنماؤں نے ماکروں کی کامیابی کا خیرمقدم کیا ہے۔ جرمن چانسلر اولاف شولس فون کے ذریعے ماکروں کو مبارکباد دینے والے سب سے پہلے رہنما تھے۔
امریکا کی طرف سے یوکرین کی فوجی امداد میں اضافہ
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن اور وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے گزشتہ روز کییف میں یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی سے ملاقات کی ہے۔ روس کی طرف سے یوکرین پر حملے کے بعد یہ امریکی عہدیداروں کا اس ملک کا اولین دورہ تھا۔ امریکی حکام کے مطابق صدر زیلنسکی کی حکومت اور روسی حملے کے خطرے سے دوچار علاقے کے دیگر ممالک کے لیے 713 ملین ڈالرز کی اضافی امداد کا وعدہ کیا گیا ہے۔ کییف کا دورہ کرنے والے امریکی وزیر خارجہ اور وزیر دفاع نے یوکرین کے لیے زیادہ جدید ہتھیار فراہم کرنے اور امریکی سفارتی عملے کی دوبارہ کییف میں تعیناتی کا بھی وعدہ کیا ہے۔
روسی فورسز کا ماریوپول کے آزوفسٹال اسٹیل پلانٹ پر دوبارہ حملہ
روسی فورسز نے یوکرینی شہر ماریوپول میں یوکرینی فورسز کے آخری مضبوط گڑھ آزوفسٹال اسٹیل پلانٹ پر ایک بار پھر حملہ کیا ہے۔ یہ بات یوکرینی حکام کی طرف سے بتائی گئی ہے۔ اندازہ ہے کہ اس اسٹیل پلانٹ کی سرنگوں میں ایک ہزار عام شہری جبکہ دو ہزار یوکرینی جنگجو پناہ لیے ہوئے ہیں۔ یوکرینی حکومت نے روس کو بات چیت کی دعوت دی ہے کہ تاکہ یہاں گھیرے میں آئے ہوئے عام شہریوں اور جنگجوؤں کو وہاں سے نکالنے کی راہ ہموار ہو سکے۔ ادھر روسی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ اس کی فورسز نے اپنے جدید میزائلوں سے یوکرینی ملٹری کے نو اہداف کو نشانہ بنایا ہے جن میں خرکیف کے علاقے میں چار اسلحہ ڈپو بھی شامل ہیں۔
بیجنگ میں کووڈ لاک ڈاؤن کا خدشہ، لوگوں نے افراتفری میں سامان خریدنا شروع کر دیا
چینی دارالحکومت بیجنگ میں کووڈ لاک ڈاؤن کے خدشے کے پیش نظر شہریوں نے افراتفری میں بڑے پیمانے پر ضرورت کی اشیاء خریدنا شروع کر دی ہیں اور دکانوں کے باہر لوگوں کی لمبی قطاریں لگی ہیں۔ یہ صورتحال چینی حکام کی طرف سے بیجنگ کے ایک وسطی علاقے میں بڑے پیمانے پر کورونا ٹیسٹ کرنے کے احکامات کے بعد پیدا ہوئی ہے۔ چاؤ ینگ کے علاقے میں 35 لاکھ لوگ رہتے ہیں۔ چین پہلے ہی ملک کے سب سے بڑے شہر شنگھائی میں کووڈ کی وبا کے پھیلاؤ کی روکنے کی کوشش میں ہے جہاں آج پیر کو 51 نئے کیسز کی تصدیق کی گئی ہے۔
سوڈان کے جنگ زدہ علاقے دارفور میں جھڑپیں، 170 کے قریب ہلاک
سوڈان کے جنگ زدہ علاقے دارفور میں عرب اور غیر عرب باشندوں کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں 168 افراد مارے گئے ہیں۔ ایک مقامی امدادی گروپ ’دی جنرل کوارڈینیشن فار ریفیوجیز اینڈ ڈسپلیسڈ ان دارفور‘ کے مطابق عسکریت پسندوں نے اتوار کے دن دارفور کے مغربی حصے کےعلاقے کرینیک پر بھاری ہتھیاروں کے ساتھ حملہ کیا اور علاقے میں گھروں کو لوٹا اور ان کو آگ لگا دی۔ اس حملے سے قبل جمعے کے دن اسی علاقے میں نامعلوم افراد کے ہاتھوں دو قبائلی افراد مارے گئے تھے۔ اس امدادی گروپ نے دارفور میں دوبارہ بین الاقوامی امن دستوں کی تعیناتی کا مطالبہ کیا ہے جنہیں جنوری 2020ء میں وہاں سے نکال لیا گیا تھا۔
اگر یوکرین کو درست ہتھیار مل جائیں تو وہ جنگ جیت سکتا ہے، امریکی وزیر دفاع
امریکی محکمہ دفاع کے سربراہ لائیڈ آسٹن نے کہا ہے کہ اگر یوکرین کو درست ہتھیار اور آلات مل جائیں تو وہ روس کےخلاف جنگ جیت سکتا ہے۔ انہوں نے یہ بات یوکرین سے واپس واشنگٹن پہنچنے پر آج پیر کو کہی ہے۔ صحافیوں کے ایک گروپ سے بات کرتے ہوئے امریکی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ فتح کے لیے پہلا قدم یہ یقین ہوتا ہے کہ آپ جیت سکتے ہیں اور یوکرینیوں کو اس کا یقین ہے۔ لائیڈ آسٹن کے مطابق انہیں یقین ہے کہ یہ جنگ جیتی جا سکتی ہے، یوکرینیوں کو اگر درست آلات اور مدد مل جائے تو وہ یہ جنگ جیت سکتے ہیں۔
بشکریہ ڈی دبلیو اُردو