[pullquote]انتخابات کی تاریخ کا اعلان : الیکشن کمیشن نے اہم اجلاس طلب کرلیا[/pullquote]
اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے صدر مملکت کی جانب سے دو صوبوں میں انتخابات کی تاریخ کے اعلان پر اہم اجلاس طلب کرلیا۔
صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے آئینی اختیار استعمال کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو 9 اپریل کو پنجاب اور کے پی میں صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کرانے کی ہدایت کی گئی ہے جس پر الیکشن کمیشن نے معاملے کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس طلب کرلیا۔
اطلاعات کے مطابق الیکشن کمیشن صدر کی جانب سے تاریخ کے تعین پر مبنی خط کے نکات اور آئینی اختیار استعمال کرنے کی شق کا جائزہ لے گا جس کے بعد اپنا آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گا۔
دریں اثنا ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن اپناکام آئین، قانون اور اپنے مینڈیٹ کے مطابق خوش اسلوبی سے انجام دے رہا ہے، الیکشن کمیشن کسی سے ڈکٹیشن نہیں لے رہا، کمیشن اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریوں کو مکمل غیر جانب دارانہ، بلا خوف و خطر اور آزادانہ طور پر انجا م دیتا ہے، الیکشن کمیشن غیر جانب داری اور شفافیت کے ساتھ صرف وہی امور سرانجام دیتا ہے جو آئین نے تفویض کیے ہیں۔
[pullquote]صدر مملکت نے پنجاب اور کے پی میں انتخابات کی تاریخ کا اعلان کردیا[/pullquote]
اسلام آباد: صدر مملکت نے الیکشن ایکٹ 2017ء کی سیکشن 57 اے کے تحت پنجاب اور خیبر پختون خوا میں 9 اپریل کو صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کرانے کا اعلان کردیا اور الیکشن کمیشن سے کہا ہے کہ ہدایت پر عمل کیا جائے۔
صدر مملکت ڈکٹر عارف علوی نے اس حوالے سے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا جو کہ منظر عام پر آگیا۔ صدر نے الیکشن کمیشن کو باضابطہ طور پر انتخابات کی تاریخ سے آگاہ کیا ہے۔
صدر مملکت نے خط میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آئینی ایکٹ کی سیکشن 57 دو کے تحت الیکشن کا پروگرام جاری کرے، میں نے آئین کے تحت آئین کے تحفظ اور دفاع کا حلف لیا ہے، چونکہ کسی بھی عدالتی فورم کی جانب سے کوئی حکم امتناع نہیں اس لیے سیکشن 57 ایک کے تحت صدر اختیار کے استعمال میں کوئی رکاوٹ نہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ آئین اور قانون 90 دن سے زائد کی تاخیر کی اجازت نہیں دیتا، آئین کی خلاف ورزی سے بچنے کے لیے انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے کا اپنا آئینی اور قانونی فرض ادا کرنا ضروری سمجھتا ہوں، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے گورنر صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد 90 دن کے اندر الیکشن کی تاریخ مقرر کرنے کی اپنی آئینی ذمہ داریاں ادا نہیں کر رہے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان بھی پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیوں کے انتخابات کرانے کی اپنی آئینی ذمہ داری پوری نہیں کررہا، گورنر اور الیکشن کمیشن دونوں آئینی دفاتر اردو کی پرانی مثل ’’پہلے آپ نہیں، پہلے آپ‘‘ کی طرح گیند ایک دوسرے کے کورٹ میں ڈال رہے ہیں، اس طرزِ عمل سے تاخیر اور آئینی شقوں کی خلاف ورزی کا سنگین خطرہ پیدا ہو رہا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ الیکشن کمیشن پہلے ہی آئینی عہدے داروں کے نام اپنے مختلف خطوط میں انتخابات کی ممکنہ تاریخوں کا اشارہ دے چکا ہے، ان خطوط میں نوے دن کے اندر انتخابات کرانے کی الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ظاہر ہوتی ہے، اسمبلیوں کے عام انتخابات کی تاریخ کے اعلان کے لیے الیکشن کمیشن سے مشاورت کا سنجیدہ عمل شروع کیا لیکن الیکشن کمیشن نے اس موضوع پر ہونے والے اجلاس میں شرکت سے معذرت کی۔
صدر مملکت نے کہا ہے کہ وہ سیکشن 57 (1) کے تحت حاصل اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے صوبائی اسمبلیوں کے عام انتخابات کے لیے 9 اپریل 2023 ء بروز اتوار کی تاریخ کا اعلان کررہے ہیں۔
[pullquote]صدرمملکت کے پاس الیکشن کی تاریخ دینے کا اختیار نہیں، گورنرپختونخوا[/pullquote]
صدر عارف علوی نے 9 اپریل بروز اتوار پنجاب اور کے پی اسمبلیوں میں الیکشن کی تاریخ دے دی، صدر نے الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 57 ایک کے تحت انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا۔
اس حوالے سے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا غلام علی نے کہا کہ صدرمملکت کے پاس الیکشن کی تاریخ دینے کا اختیار نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کل سکیورٹی سے متعلق اجلاس ہے، اس کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔