جیل جانے کیلیے تیار ہوں ،اصل مقصد مجھے اغوا اور قتل کرنا ہے : عمران خان

لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ وہ جیل جانے کیلیے تیار ہیں۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جیل جانے کیلیے تیار ہیں اور جیل میں رات گزارنے کیلیے ذہنی طور پر تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گرفتاری کی صورت میں پارٹی نے کمیٹی تشکیل دی ہے، کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر فیصلے کرے گی اور پارٹی چلائے گی۔

عمران خان نے کہا کہ گرفتاری کی کوشش سے وہ وعدے پورے کیے جارہے ہیں جو نواز شریف سے کیے گئے، اسٹیبلشمنٹ کی حمایت کے بغیر موجودہ حکومت کچھ نہیں کر سکتی، مجھے جیل میں ڈالنے سے انہیں نقصان ہے مجھے نہیں، جیل جانے سے مجھے یا میری سیاست کو کوئی نقصان نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ابھی اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ رابطے نہیں ہیں، نوازشریف خود 2 بار ڈر کر ملک سے فرار ہوئے، نہیں پتہ جیل میں کیا ہوگا لیکن تیار ہوں، میرے اوپر 80مقدمات بنائے گئے، ایک بھی مقدمہ ایسا نہیں جو ثابت ہوجائے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں پارٹی رہنماؤں کو اٹھایا گیا اور تشدد کیا گیا، گھر کے باہر حمایتی حفاظت کے لیے موجود ہیں، انہوں نے کہا کہ انسان کو ہر چیز کے لیے تیار رہنا چاہیے، میرا کوئی جرم نہیں، نوازشریف پانامہ میں جیل گئے تھے۔

دوسری جانب پولیس افسران کی جانب سے زمان پارک کی جانب پیش قدمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ شیخوپورہ، قصور اور گوجرانوالہ سے پولیس کی تازہ دم نفری زمان پارک پہنچ گئی، آر پی او گوجرانوالہ ڈاکٹر حیدر اشرف بھی آپریشن میں حصہ لینے کے لیے زمان پارک پہنچ گئے۔ اس کے علاوہ رینجرز کی تین کمپنیاں بھی پولیس کی معاونت کے لیے موجود ہیں۔

اسی اثنا میں پی ٹی آئی کے مشتعل کارکنوں نے پولیس کی پانی سپلائی کرنے والی گاڑی کو آگ لگا دی جب کہ پولیس کی جانب سے کارکنوں پر شیلنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

[pullquote]گرفتاری کا دعویٰ ڈرامہ، اصل مقصد اغوا اور قتل کرنا ہے عمران خان[/pullquote]

لاہور: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے چئیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ گرفتاری کا دعویٰ ڈرامہ ہے اصل مقصد اغوا کرکے قتل کرنا ہے۔

پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ آنسو گیس سے لے کر واٹرکینن کا استعمال کرنے کے بعد اب یہ براہ راست فائرنگ کررہے ہیں۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ میں گزشتہ شام ضمانتی بونڈ پر دستخط کیے تھے لیکن ڈی آئی جی نے اسے وصول کرنے سے انکار کردیا۔ ان کے مذموم مقاصد کے بارے میں کوئی شک اور شبہ نہیں۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ نیوٹرل ہونے کا دعویٰ کرنیوالے بتائیں کیا یہ آپ کا نیوٹرل ہونا ہے۔ رینجرز براہ راست نہتے مظاہرین اور ملک کی سب سے بڑی اور مقبول پارٹی کے رہنماؤں سے محاذ آرائی کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنماؤں کو غیر قانونی وارنٹ بھیجے جارہے ہیں۔ ان کے کیسز پہلے ہی عدالتوں میں ہیں۔ بدمعاشوں کی حکومت انہیں اغوا اورممکنہ طور پر قتل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ہمارے ورکرز اور قیادت گزشتہ روز سے پولیس کی کارروائی کا نشانہ بن رہے ہیں۔ آج صبح ان کے خلاف آنسو گیس، کیمیکل والے پانی کی واٹر کینن ، ربر کی گولیوں اور براہ راست فائرنگ کی جارہی ہے۔ اب رینجرز لوگوں سے براہ راست محاذ آرائی کررہی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے