100سال بعد کے اخبارات!

ڈاکٹر عاصم کا مزید 15دن کا ریمانڈ لینے کی درخواست
کراچی 21جنوری 2116 (پ ر) نیب کے ترجمان نے آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ زیر حراست ملزم ڈاکٹر عاصم کے خلاف گذشتہ 100 سال سے جاری تفتیش اب فیصلہ کن مراحل میں داخل ہونے والی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ملزم سے نہایت اہم انکشاف کی توقع ہے اس لیے ان کا مزید 15 دن کا ریمانڈ حاصل کرنے کے لیے درخواست دیدی گئی ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ ڈاکٹر عاصم کے بیانات سے واضح اشارے ملتے ہیں مگر تحقیقاتی ایجنسیاں فی

الحال ٹھوس ثبوت حاصل کرنے میں ناکام نظر آتی ہیں۔
انھوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ڈاکٹر عاصم کی ساری گفتگو ٹیپ پر موجود ہے جس پر غور کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ ایفل ٹاور، بکنگھم پیلس اور ایمپائر سٹیٹ بلڈنگ کی تعمیر میں بڑے پیمانے پر گھپلے ہوئے ہیں۔ حتیٰ کہ اہرام مصر بنانے کا ٹھیکہ بھی آصف زرداری کی ایک من پسند کمپنی کو دیا گیا جبکہ فرعون وامسیزثانی کو منہ بند رکھنے کیلیے کراچی ایئرپورٹ کے عقب میں پڑی سیکڑوں کنال سرکاری اراضی تحفے میں دی گئی۔ یہ ڈیل زرداری صاحب کے سوتیلے بھائی ٹپی نے ہامون جادوگر کی مدد سے کروائی۔ترجمان نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر اللہ نے چاہا تو ڈاکٹر عاصم کی نشاندہی پر تمام مجرمان کو کیفر کردار تک ضرور پہنچایا جائے گا بس ذرا صبر کی ضرورت ہے اور صبر کی ہماری قوم میں شدید کمی ہے۔

پنجاب یونیورسٹی میں جشن ایکسٹینشن کا انعقاد
لاہور 21 جنوری 2116 (پ ر) پنجاب یونیورسٹی کے میڈیا ترجمان نے آج یہاں صحافیوں کو بتایا کہ وائس چانسلر مجاہد کامران کو ایک نئی ایکسٹینشن دے کر حکومت پنجاب نے ان تمام بزرگ صحافیوں اور سیاستدانوں کے دل موہ لیے ہیں جو گذشتہ 100 سال سے موصوف کی سفارش کرتے آرہے ہیں۔ ترجمان نے شکرانے کے دو نوافل ادا کرنے کے بعد میڈیا کو بتایا کہ خیر سے مجاہد کامران کی یہ 32 ویں ایکسٹینشن ہے اور اس طرح آپ 232 سال کی عمر میں ایکسٹینشن حاصل کرنے والے دنیا کے پہلے وائس چانسلر ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ جب مجاہد صاحب کو اس دور کے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے پہلی ایکسٹینشن دی تو اس وقت بھی انکی عمر 132 سال تھی، (یہاں ان کی سے مراد مجاہد صاحب ہیں، شہباز صاحب نہیں)۔

 

 

نواز حکومت اسی سال ختم ہو جائے گی: شیخ رشید
راولپنڈی 21جنوری 2116 (پ ر) ازمنہ قدیم کی سیاسی و روحانی شخصیت شیخ رشید نے ہر سا ل کی طرح اس سال بھی اپنی پیش گوئیوں کا آغاز اسی بات سے کیا ہے کہ نواز حکومت اس سال لازماً ختم ہو جائے گی۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف نے وہ اینٹ تلاش کر لی ہے جیسے وہ عنقریب خود ہی اپنے پیر پر مار کر ثابت کریں گے کہ عمران خان، اعتزاز احسن اور پرویز الٰہی محض مخول نہیں کر رہے تھے بلکہ انہیں کسی جانب سے ٹھیک ٹھاک اشارہ تھا۔ شیخ صاحب نے مزید کہا کہ نواز شریف نے گذشتہ 200 برس میں اتنا کام نہیں کیا جتنا کہ وہ آجکل کر رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ اس مصروفیت کے باعث انہیں پیر پر اینٹ مارنے کا وقت ہی نہیں مل رہا اور وہ اینٹ ہاتھ میں لیے کبھی ایک ملک جاتے ہیں تو کبھی دوسرے۔

پاکستان ٹی 20 میں اچھی کارکردگی پیش کرے گا: آفریدی
آکلینڈ21جنوری 2116 (پ ر) پاکستان ٹی 20کے کپتان شاہد آفریدی نے آج یہاں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی کارکردگی بہت بہتر رہے گی اور ہو سکتا ہے ہم ورلڈ چیمپئن ہی بن جائیں۔ ایک پاکستانی صحافی نے حیرت سے اظہار کرتے ہوئے دریافت کیا کہ اس خوش فہمی کی وجہ کیا ہے تو آفریدی نے کہا کہ ایک پاکستانی ہو کر آپ کو یہ بات کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔ انھوں نے مذکورہ صحافی کو پکڑ کر شدید زدو کوب کرتے ہوئے بتایا کہ ٹیم سپرٹ اپنے نقطہ کمال تک پہنچ چکی ہے چنانچہ اب ہمیں جیتنے سے کوئی نہیں روک سکے گا۔

انھوں نے گھونسوں اور لاتوں سے مذکورہ صحافی کی پسلیاں وغیرہ اندر کرتے ہوئے مزید کہا کہ وہاب ریاض اور محمد عامر آج کل بڑی فارم میں ہیں اور اگر محمد عامر حسب روایت پکڑے نہ گئے تو اس مرتبہ فائنل ہم ہی کھیلیں گے۔ یہ بات مکمل کرنے کے بعد پاکستانی کپتان نے ایک بار پھر مذکورہ صحافی کو شانے سے پکڑ کر زمین پر پٹخا جس پروہ بے ہوش ہو گیا۔ کپتان آفریدی نے اس کے منہ پر ٹھنڈے پانی کے چھینٹے مارتے ہوئے کہا کہ کرکٹ ایک سنجیدہ کھیل ہے۔

مذکورہ صحافی پانی کے چھینٹوں کی وجہ سے ہوش میں آنے لگا۔ اسے ہلتے اور کراہتے دیکھ کر کپتان آفریدی نے اسے ایک اور زناٹے دار تھپڑ جڑ دیا جس پر وہ ایک بار پھر بے ہوش ہو گیا۔ کپتان نے مزید کہا کہ کرکٹ اب تیزی کے ساتھ بدل رہی ہے مگر بعض لوگ اس تبدیلی کو محسوس نہیں کر رہے۔ یہ کہہ کر انھوں نے اپنی توجہ ایک بار پھر مذکورہ صحافی کی طرف مبذول کی مگر اس وقت تک وہ غالباً فوت ہو چکا تھا۔

بشکریہ ایکسپریس

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے