عیدالاضحیٰ کی آمد قریب ہے اور خوشیوں، عبادت اور ایثار کے اس عظیم موقع کی تیاریاں ہر گھر میں اپنے عروج پر ہیں۔ خصوصاً وہ گھرانے جہاں قربانی کی جاتی ہے، وہاں خواتین کی ذمہ داریاں کئی گنا بڑھ جاتی ہیں۔ گوشت کی ترتیب، تقسیم، پکوان کی تیاری اور مہمانوں کی خدمت یہ سب کام ایک ساتھ سنبھالنا آسان نہیں ہوتا۔ ایسے میں دانشمندی کا تقاضا یہی ہے کہ عید سے ایک دن پہلے ہی مکمل منصوبہ بندی کرلی جائے۔ سب سے پہلے گھر کی مکمل صفائی اور سجاوٹ پر توجہ دی جائے تاکہ عید کا ماحول خوشگوار اور دلکش بن سکے۔ اسی کے ساتھ ایک واضح فہرست تیار کریں کہ کن عزیز و اقارب اور ضرورت مند افراد تک گوشت پہنچانا ہے اور اس مقصد کے لیے پہلے سے شاپر بیگز پر نام درج کر کے رکھ لیں تاکہ عید کے دن کسی قسم کی جلد بازی یا الجھن کا سامنا نہ ہو۔
قربانی کے گوشت کی تقسیم ایک اہم دینی اور معاشرتی فریضہ ہے، جسے نہایت ذمہ داری اور اخلاص کے ساتھ ادا کرنا چاہیے۔ اسلامی تعلیمات کے مطابق گوشت کے تین حصے کیے جاتے ہیں: ایک اپنے لیے، ایک رشتہ داروں اور دوستوں کے لیے اور ایک ضرورت مندوں کے لیے۔ اس عمل میں خصوصی طور پر ان افراد کو یاد رکھا جائے جو مالی مشکلات کا شکار ہیں، کیونکہ عید کی اصل خوشی اسی وقت مکمل ہوتی ہے جب ہم اپنی خوشیوں میں دوسروں کو شریک کرتے ہیں۔ یہ سماجی ذمہ داری ہونے کے ساتھ دلوں کو جوڑنے اور محبت بڑھانے کا ایک بہترین ذریعہ بھی ہے۔
عید سے پہلے فریج کی صفائی اور تیاری بھی نہایت ضروری ہے کیونکہ قربانی کا زیادہ تر گوشت اسی میں محفوظ کیا جاتا ہے۔ اگر فریج کو مناسب طریقے سے صاف نہ کیا جائے تو بدبو پیدا ہوسکتی ہے اور گوشت کے خراب ہونے کا خدشہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ اس لیے بہتر ہے کہ عید سے قبل فریج کو مکمل طور پر خالی کرکے اچھی طرح صاف کیا جائے اور غیر ضروری اشیاء نکال دی جائیں تاکہ گوشت رکھنے کے لیے مناسب جگہ بن سکے۔ اس سادہ سی احتیاط سے نہ صفائی برقرار رہتی ہے بلکہ خوراک بھی زیادہ دیر تک محفوظ رہتی ہے۔
فریج کی صفائی کے لیے گھریلو اور مؤثر طریقہ اپنایا جاسکتا ہے۔ نیم گرم پانی میں ہلکا سا صابن، لیموں کا رس اور تھوڑی مقدار میں بیکنگ سوڈا شامل کرکے نرم کپڑے یا اسپنج سے اندرونی حصوں کو صاف کریں۔ یہ مرکب ضدی داغ دھبے ختم کرتا ہے بلکہ جراثیم کش خصوصیات کے باعث ناگوار بو کو بھی دور کرتا ہے۔ صفائی کے بعد فریج کو خشک کپڑے سے اچھی طرح صاف کرنا ضروری ہے تاکہ نمی باقی نہ رہے کیونکہ نمی جراثیم کی افزائش کا سبب بن سکتی ہے۔ اس عمل سے فریج صاف ستھرا اور صحت بخش ماحول فراہم کرنے کے قابل بھی ہوجاتا ہے۔
گوشت کو محفوظ کرنے کا طریقہ بھی انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ قربانی کے بعد گوشت کو اچھی طرح دھو کر اس کا پانی مکمل طور پر خشک کرلیا جائے، پھر اسے چھوٹے چھوٹے حصوں میں تقسیم کر کے علیحدہ علیحدہ پیکٹس میں رکھا جائے۔ اس طرح کرنے سے ضرورت کے مطابق گوشت نکالنا آسان ہوتا ہے اور بار بار پورا گوشت باہر نکالنے سے بھی بچا جا سکتا ہے۔ ایئر ٹائٹ بیگز یا مضبوط ڈبوں کا استعمال زیادہ بہتر رہتا ہے کیونکہ اس سے گوشت کی تازگی برقرار رہتی ہے اور فریج میں بدبو پھیلنے کا امکان کم ہوجاتا ہے۔ اس طرح معمولی سی احتیاط بڑے نقصان سے بچا سکتی ہے۔
عیدالاضحیٰ کے مزے مزے کے پکوان اس تہوار کی خوشیوں کو دوبالا کر دیتے ہیں اس لیے بہتر ہے کہ ان کی تیاری بھی پہلے سے کرلی جائے۔ بریانی، قورمہ، نہاری، کباب اور دیگر روایتی کھانوں کے مسالے پہلے سے تیار کرکے رکھیں۔ پیاز کو سنہری فرائی کر کے محفوظ کیا جاسکتا ہے جبکہ ادرک اور لہسن کو چھیل کر پیس کر الگ الگ ڈبوں میں رکھ لینا بھی وقت کی بچت کا باعث بنتا ہے۔ مہمانوں کی آمد کے پیش نظر دسترخوان، برتن اور دیگر ضروری اشیاء پہلے سے نکال کر رکھیں اور یہ طے کرلیں کہ کون سے پکوان بنائے جائیں گے۔ اس منصوبہ بندی سے اس خاص موقع پر آپ کو سکون ملے گا اور آپ مہمانوں کے ساتھ خوشگوار وقت بھی گزار سکیں گی۔ ساتھ ہی یہ بھی ضروری ہے کہ کھانے پینے میں اعتدال کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑا جائے اور نمود و نمائش سے گریز کیا جائے، تاکہ عید کی خوشیاں سادگی، خلوص اور حقیقی مسرت کے ساتھ منائی جا سکیں۔