واشنگٹن ڈی سی – (شازیہ نیئر) پاکستان اور امریکہ کے تعلقات اس وقت اپنی 79 سالہ تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں۔ یہ بات امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے پاکستانی امریکن پریس ایسوسی ایشن (PAPA) کی جانب سے منعقدہ ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات نے ان 79 سالوں میں بہت سے نشیب و فراز دیکھے ہیں، کبھی یہ تعلقات شدید سرد مہری کا شکار بھی رہے، غلط فہمیاں بھی پیدا ہوئیں، لیکن آج یہ تعلقات ماضی کے تمام ادوار سے زیادہ مستحکم اور اپنی بلندیوں پر دکھائی دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس تاریخی بہتری میں جہاں پاکستانی سیاسی و عسکری قیادت کا وژن اور کردار اہم ہے، وہیں ان تعلقات کو مزید بہتر اور پائیدار بنانے میں صحافت کے کردار کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے امریکہ میں مقیم پاکستانی صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ امریکی سرزمین پر موجود پاکستانی صحافی دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کر رہے ہیں اور دونوں ممالک کے عوام کو قریب لانے کے لیے قابل قدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلمز آف امریکہ کے بانی اور ریپبلکن پارٹی کے سینئر رہنما ڈاکٹر ساجد تارڑ نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس وقت خطے میں پاکستان کا کردار نہایت اہم اور فیصلہ کن ہو چکا ہے۔
ڈاکٹر ساجد تارڑ نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ہمیشہ عالمی امن کی کوششوں میں کلیدی کردار ادا کیا ہے، چاہے وہ اقوام متحدہ کے امن مشن ہوں یا خطے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ۔ انہوں نے کہا کہ آج ترکی اور سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے دفاعی و سٹریٹیجک معاہدے اس بات کی واضح تصدیق ہیں کہ پاکستان خطے کا اہم ترین اور قابل اعتماد اتحادی بن کر ابھرا ہے۔
انہوں نے حالیہ امریکہ ایران کشیدگی کے تناظر میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اس جنگ کے دوران پاکستان نے ہمیشہ ذمہ دارانہ سیاسی اور سفارتی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نازک صورتحال میں امریکی پاکستانی صحافیوں نے بھی انتہائی مثبت اور ذمہ دارانہ صحافتی کردار ادا کیا، حقائق پر مبنی رپورٹنگ سے دونوں ممالک کے درمیان غلط فہمیوں کو دور کرنے میں مدد دی۔
تقریب سے پاکستانی امریکن پریس ایسوسی ایشن کے صدر خرم شہزاد اور جنرل سیکریٹری یوسف چوہدری نے بھی خطاب کیا اور ایسوسی ایشن کی کاوشوں پر روشنی ڈالی۔
تقریب کے دوران امریکہ کے 250 ویں اور پاکستان کے 79 ویں جشن آزادی کی مناسبت سے دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے جس پر شرکاء نے کھڑے ہو کر احترام کا اظہار کیا۔ آخر میں پاکستانی امریکن پریس ایسوسی ایشن کی جانب سے صحافت، سماجی اور سیاسی میدان میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں صحافیوں اور کمیونٹی رہنماؤں کو اعزازی ایوارڈز اور شیلڈز سے نوازا گیا ۔
یہ تقریب واشنگٹن میں پاکستانی کمیونٹی اور صحافیوں کے درمیان اتحاد اور یکجہتی کی ایک بہترین مثال کے طور پر دیکھی جا رہی ہے ۔