قومی حافظے کی شکست و ریخت

قوموں کی زندگی میں بعض خسارے ایسے ہوتے ہیں جن کا اندازہ مالیاتی گوشواروں، قومی پیداوار یا ترقیاتی منصوبوں سے نہیں لگایا جا سکتا۔ یہ نقصانات بتدریج اجتماعی شعور میں سرایت کرتے ہیں، یہاں تک کہ معاشرہ اپنی تاریخ سے واقف رہتے ہوئے بھی اس کی معنویت سے بیگانہ ہو جاتا ہے۔ تاریخی عمارتوں کی شکست و ریخت، قدیم دستاویزات کی بے اعتنائی، مقامی زبانوں کا انحسار اور موروثی فنون سے لاتعلقی اسی تہذیبی زیاں کی مختلف صورتیں ہیں۔ یہ محض ماضی کی باقیات کا مسئلہ نہیں، بلکہ اس قومی حافظے کا سوال ہے جس کے بغیر حال کی تفہیم اور مستقبل کی تشکیل نامکمل رہتی ہے۔

قومی حافظہ صرف تاریخی واقعات، آثارِ قدیمہ یا شکستہ عمارتوں کا مجموعہ نہیں، بلکہ زبان، ادب، علمی روایت، اجتماعی تجربات، دست کاریوں، رسوم اور فکری تصورات کا وہ ذخیرہ ہے جس کے ذریعے قومیں اپنا تجربۂ حیات نسل در نسل منتقل کرتی ہیں۔ تاریخ ہمیں ہمارے ماضی سے متعارف کراتی ہے، جب کہ تہذیبی حافظہ اس ماضی کے فکری، اخلاقی اور سماجی اثرات کو سمجھنے میں مدد دیتا ہے۔ اس سے رشتہ منقطع ہونے لگے تو قوم یا تو اپنے ماضی کو غیر مشروط تفاخر کا موضوع بنا لیتی ہے یا اسے ایک فرسودہ عہد سمجھ کر نظرانداز کر دیتی ہے۔

پاکستان کی سرزمین تہذیبی تنوع اور تاریخی تسلسل کے اعتبار سے غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے۔ وادیٔ سندھ کی تہذیب، موہن جو دڑو، گندھارا کے آثار، ٹیکسلا کے قدیم مراکز، مکلی کے مقابر، لاہور کا شاہی قلعہ و شالامار باغ اور روہتاس قلعہ ہماری تاریخی میراث کے مختلف ابواب ہیں۔ یونیسکو کی عالمی ورثے کی فہرست میں پاکستان کے 6 مقامات شامل ہیں۔ تاہم عالمی شناخت حاصل کر لینا تحفظ کی ضمانت نہیں۔ اصل ذمہ داری ان مقامات کی تاریخی صداقت، مادی سالمیت اور تہذیبی معنویت کو آئندہ نسلوں تک منتقل کرنا ہے۔

ٹیکسلا اس حقیقت کی نمایاں مثال ہے۔ یہاں مختلف ادوار کی شہری زندگی، مذہبی سرگرمیوں اور فارسی، یونانی و وسطی ایشیائی اثرات کے باہمی اتصال کے آثار ملتے ہیں۔ یہ خطہ کسی ایک تہذیب کی یک رخی داستان نہیں، بلکہ تاریخی تعامل اور ثقافتی اختلاط کی پیچیدہ شہادت ہے۔ موسمی شدت، زلزلوں، غیر قانونی کھدائی اور بے قاعدہ انسانی سرگرمیوں جیسے عوامل اس ورثے کے لیے خطرات پیدا کرتے ہیں۔ چنانچہ تحفظ کا مفہوم محض حفاظتی دیواریں تعمیر کرنے تک محدود نہیں اس کے لیے سائنسی تحقیق، مسلسل نگرانی، مؤثر قانون سازی اور ماہرین کی خدمات ناگزیر ہیں۔

قومی حافظے کا ایک اہم حصہ غیر مادی ثقافتی ورثہ بھی ہے، جو زبانوں، لوک دھنوں، زبانی روایتوں اور نسل در نسل منتقل ہونے والی مہارتوں میں زندہ رہتا ہے۔ سندھ کے تھر سے وابستہ مٹی کا روایتی ساز بوریندو، جسے بھورندو بھی کہا جاتا ہے، اس کی قابلِ ذکر مثال ہے۔

یونیسکو نے 2025 میں اسے فوری تحفظ کے متقاضی غیر مادی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل کیا۔ یہ حقیقت متوجہ کرتی ہے کہ کسی روایت کی بقا محض اس کی تاریخی شہرت سے ممکن نہیں اس کے ہنرمندوں، سیکھنے والوں اور مقامی برادریوں کو زندہ ثقافتی ماحول فراہم کرنا بھی ضروری ہے۔

یہاں سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا ہم اپنے تہذیبی سرمائے کی قدر اسی وقت پہچانتے ہیں جب اسے عالمی اداروں سے سندِ شناخت ملتی ہے؟ کسی زبان، ساز یا دست کاری کی اہمیت کا احساس اس وقت بیدار ہونا جب اس کے معدوم ہونے کا خطرہ لاحق ہو چکا ہو، ہماری اجتماعی ترجیحات پر نظرثانی کا تقاضا کرتا ہے۔ ثقافتی ورثہ کسی مخصوص طبقے یا علاقے کی جاگیر نہیں، بلکہ مشترکہ انسانی تجربے کا سرمایہ ہے۔ اس کی نگہداشت ریاست، جامعات، عجائب گھروں، ذرائع ابلاغ، مقامی آبادی اور نئی نسل کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

اس مقصد کے لیے قدیم مخطوطات، نایاب کتب، تاریخی تصاویر، سرکاری ریکارڈ اور زبانی روایتوں کی جامع فہرست سازی اور ڈیجیٹل دستاویز بندی ضروری ہے۔

تاہم ڈیجیٹل نقول اصل مواد کے تحفظ کا متبادل نہیں، بلکہ اس تک رسائی اور علمی استفادے کا وسیلہ ہیں۔ تاریخی عمارتوں کی مرمت میں ظاہری تزئین کے بجائے مستند شواہد، موزوں مواد اور ماہرینِ تحفظ کے اصولوں کو مقدم رکھنا چاہیے، کیونکہ غیر محتاط مرمت بعض اوقات اسی تاریخی شہادت کو مٹا دیتی ہے جسے محفوظ کرنے کے لیے کام شروع کیا گیا ہو۔

تعلیمی نصاب میں تاریخ کو محض سنین، شخصیات اور واقعات کے حافظے تک محدود رکھنے کے بجائے تاریخی شہادت کی تفہیم، تہذیبوں کے باہمی روابط اور ثقافتی تنوع کی قدر شناسی کو فروغ دینا چاہیے۔ طلبہ کو عجائب گھروں اور تاریخی مقامات سے مربوط کیا جائے، جب کہ مقامی زبانوں اور زبانی روایتوں کی دستاویز بندی میں اہلِ زبان اور روایت کے امین افراد کو مرکزی حیثیت دی جائے۔ کسی ثقافت کو محفوظ رکھنے کا حقیقی مفہوم اسے شیشے کے صندوق میں مقید کرنا نہیں، بلکہ اس کے زندہ رہنے اور ارتقا پذیر ہونے کے امکانات برقرار رکھنا ہے۔

پاکستان میں نوادرات کے تحفظ کا قانونی ڈھانچا اور اٹھارہویں آئینی ترمیم کے بعد صوبائی ذمہ داریوں کی تقسیم بھی اسی تناظر میں اہم ہیں۔ تاہم قانون کی افادیت کا انحصار اس کے مؤثر نفاذ، ادارہ جاتی استعداد، مناسب وسائل اور جواب دہی پر ہوتا ہے۔ وفاقی و صوبائی اداروں کے مابین اشتراک، ماہرین کی دستیابی، باقاعدہ نگرانی اور شفاف رپورٹنگ تحفظ کے نظام کو مستحکم بنا سکتے ہیں۔

قومی ترقی کو اگر صرف سڑکوں، بلند عمارتوں اور معاشی اشاریوں سے تعبیر کیا جائے تو تہذیبی تسلسل کا بنیادی پہلو نظروں سے اوجھل ہو جاتا ہے۔ جدیدیت اور ورثے کا تحفظ باہم متناقض نہیں اصل دانش مندی یہ ہے کہ نئے امکانات پیدا کرتے ہوئے تاریخی شہادتوں اور ثقافتی تنوع کو بھی محفوظ رکھا جائے۔ ہر قدیم روایت کو بلا تنقید برقرار رکھنا ضروری نہیں، لیکن اسے فرسودہ قرار دے کر مٹانے سے پہلے اس کی علمی، تاریخی اور انسانی قدر کا ادراک ناگزیر ہے۔

قومی حافظے کا تحفظ ماضی کی غیر مشروط ستائش نہیں، بلکہ اس کے ساتھ ایک سنجیدہ، تنقیدی اور ذمہ دارانہ تعلق استوار کرنے کا نام ہے۔ جو قوم اپنے تہذیبی سرمائے کی حفاظت کرتی ہے، وہ آنے والی نسلوں کو محض قدیم عمارتیں اور روایتی ساز نہیں دیتی، بلکہ تحقیق، تفہیم اور خود شناسی کے وسائل بھی فراہم کرتی ہے۔ پاکستان کے لیے ضروری ہے کہ ورثے کا تحفظ رسمی تقریبات اور یادگاری نعروں سے آگے بڑھ کر قومی پالیسی، تعلیمی ترجیحات اور شہری شعور کا مستقل جزو بنے، کیونکہ قومی حافظے کی شکست و ریخت درحقیقت اس اجتماعی بصیرت کا زیاں ہے جس کے بغیر مستقبل کی تعمیر بھی اپنی تاریخی بنیادوں سے محروم رہ جاتی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے