پاکستان کی خوبرو اور باصلاحیت گلوکارہ کومل رضوی نے حال ہی میں سان فرانسسکو کے ساؤتھ ایشین ہارٹ سینٹر کے ایک چیریٹی ایونٹ میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
تقریب سان فرانسسکو کے حیات ریجینسی ہوٹل کے سانتا کلارا کنونشن سینٹر میں منعقد کی گئی، جس میں تقریبا سات سو کے قریب بھارتی سی ای اوز اور امریکا کے ڈاکٹروں نے شرکت کی۔
کومل رضوی تقریب کے منتظمین کی جانب سے خاص طور پر مدعو تھیں اور ساری شام اپنی مسحور کن پرفارمنس سے حاضرین کو محظوظ کرتی رہیں۔
اس موقع پر ساؤتھ ایشین ہارٹ سینٹر کے چیئرمین اشیش ماتھر نے کہا کہ ’ہم پاکستان کی ان خوبصورت گلوکارہ کے فن سے بہت متاثر ہوئے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ وہ ہمارے مزید پروگراموں میں بھی شرکت کریں گی۔‘
تقریب کی منتظم چارو پراکاش نے کہا کہ ’ کومل نے اپنی جاندار پرفارمنس سے تمام حاضرین کے دل جیت لیے ہیں اور ان کو جھومنے اور تالیاں بجانے پر مجبور کردیا۔ ہمیں ان کے ساتھ کام کرکے بہت خوشی محسوس ہورہی ہے۔ یہ واقعی بہت زبردست شخصیت کی مالک ہیں۔‘