پاکستان باولنگ کلب اور لیژر سٹی باولنگ کلب کے باہمی تعاون سے خواتین صحافیوں کے لئے چیمپئین شپ کا انعقاد کیا گیا۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خواتین صحافیوں کے لئے کھیلوں کا آغاز کیا گیا ہے ۔
اس مقابلے میں مختلف صحافتی اداروں سے وابستہ خواتین نے شرکت کی اور بہترین کھیل پیش کیا۔ مقابلے میں اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی تیس صحافی خواتین شامل ہوئیں ۔
سخت مقابلے کے بعد پہلی دوسری اور تیسری پوزیشن پر آنے والی صحافی خواتین میں انعامات تقسیم کئے گئے ۔
تقریب میں شریک خواتین صحافیوں کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ یہ بہت اچھا اقدام ہے اور خواتین کے لئے ایسے مواقع ہونے چاہیں ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر پریس کلب افضل بٹ کا کہنا تھا کہ ہمیں خوشی ہے کہ خواتین صحافی جہاں صحافتی میدان میں اپنا لوہا منوا رہی ہیں ، وہیں کھیلوں میں بھی اپنی صلاحتیں اجاگر کر رہی ہیں ، انہوں نے کہا کہ کواتین صحافیوں کے لئے کھیلوں کے مذید مواقع بھی فراہم کریں گے ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیژر کلب کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اعجاز الرحمان کا کہنا تھا کہ ہمیں خوشی ہے کہ خواتین صحافیوں کے لئے کھیلوں کا انعقاد کرنے کا موقع ملا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم آئندہ بھی اس طرح کے مقابلوں کا انعقاد کرتے رہیں گے ۔ اس موقع پر انہوں نے خواتین صحافیوں کے لئے مفت ممبر شپ کا بھی اعلان کیا ۔
تقریب کی آرگنائزر شازیہ نئیر کا کہنا تھا کہ خواتین صحافیوں کے لئے دفتر اور گھر کے علاوہ تفریح کے مواقع بہت کم ملتے ہیں ۔ اور کھیلوں میں خواتین صحافیوں کی شرکت بالکل نہیں ہے ۔ اسی بات کو مد نظر رکھتے ہوئے خواتین صحافیوں کے لئے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا ہے تاکہ انہیں بھی صحت مند تفریح کا موقع مل سکے