[pullquote]ہنزہ: پاک چین راہداری منصوبے کی عالمی حیثیت کو اجاگر کرنے کے لیے چین سے بیس گاڑیوں پر مشتمل کار ریلی خنجراب بارڈر پر پہنچی تو گلگت بلتستان کی حکومت اور انتظامیہ کے اعلی عہدیداران نے والہانہ استقبال کیا۔[/pullquote]
اس موقع پر پاک چین دوستی کے حق میں دونوں ملکوں کے باشندوں نے نعرے بلند کئے ۔ ریلی 18کاروں پر مشتمل تھی جس کی قیادت مسٹر لی کر رہے تھے۔ ریلی خنجراب پہنچی تو استقبال کرنے کے لیئے صوبائی وزیر تعمیرات ڈاکٹر محمد اقبال ، ممبر جی بی کونسل ارمان شاہ سمیت دیگر اعلی سول و عسکری حکام اس موقع پر وہاں موجود تھے۔
ریلی سوست کے مقام پر پہنچی تو ہنزہ کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شرکا کے لیئے ایک شایان شان استقبالیہ کا بندوبست کیا گیا تھا۔ اس دوران پولیس کے چاق و چوبند دستے نے چین سے آنے والے مہمانوں کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ بعد ازاں دونوں ملکوں کے قومی ترانے بھی بجائے گئے ۔
استقبالیہ خطاب میں صوبائی وزیرتعمیرات ڈاکٹر محمد اقبال نے مہمانوں سے خطاب کرتے ہوئے ان کی آمد کو خوش آئیند قرار دیا اور کہا کہ اس طرح کی ریلی سے دونوں ممالک کے مابین سفارتی ، تجارتی او ر ثقافتی روابط کو مظبوط بنانے میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ چینی مہمان اپنے دورے میں گلگت بلتستان کی خوبصورتی اور دلکشی کو بین الاقوامی سطح پر روشناس کرانے میں اپنا بھرپور کر دار ادا کریں گے، یاد رہے کہ یہ ریلی براستہ ایران دبئی اور پھر مسقط میں اختتام پذیر ہوگی ۔
ریلی کے ساتھ بیجنگ میں تعینات پاکستان کے پولیٹیکل اتاشی شاہ زیب بھی آئے ہوئے تھے۔ انہوں نے ریلی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس ریلی کا مقصد چین کے لوگوں کو پاکستان سے روشناس کرانا ہے تاکہ آنے والے دنوں میں یہاں پر تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے اور دونوں ممالک کے مابین تعلقات مزید مظبوط بنائے جا سکیں۔ تقریب میں کمشنر گلگت سبطین احمد نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ گلگت بلتستان حکومت چین کے ساتھ روابط کو بہتر بنانے کے لیئے ہر ممکن قدم اٹھائے گی۔ سوست میں مہمانوں کے اعزاز میں ظہرانے کا بندوبست بھی کیا گیا تھا اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ہنزہ نے بہترین اقدامات کئے تھے۔