پاکستان کی اکیڈمی ایوارڈیافتہ فلم میکر شرمین عبید چنائے ۱۷ سے ۲۰ جنوری تک سوئزرینڈ کے شہر ڈاووس میں ہونے والے ۴۷ ویں عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس میں شریک چیئر ہوں گی۔
سال ۲۰۱۳ میں ورلڈ اکنامک فورم کی جانب سے ’کرسٹل ایوارڈ‘ حاصل کرنے اور ینگ لیڈرز کمیونٹی کا حصہ رہنے والی شرمین فنون لطیفہ سے تعلق رکھنے والی پہلی شخصیت ہیں جو اس اجلاس میں شریک چیئر کا عہدہ سنبھالیں گی۔ شرمین کے ساتھ اجلاس کی صدارت میں شریک ہونے والے افراد میں بینک آف امریکہ کے سی ای او برائن ٹی موئی نیہان، سیو دی چلڈرن انٹرنیشنل کی سی ای او ہیلی تھارننگ شمٹ، رائل فلپس کے سی ای او فرانس وین ہوٹن اور ہیولٹ پیکارد انٹرپرائز کی سی ای او میگ وہائٹ مین شامل ہیں۔
اس سال کے اجلاس کا عنوان ’رسپانسو اور ریلائبل لیڈرشپ‘ یعنی ’جوابدہ اور زمہ دار راہنمائی‘ ہے۔ تین سو سے زیئد سیشن پر مشتمل اس اجلاس میں دنیا کے سو سے زیادہ ممالک سے تعلق رکھنے والے تقریبا ۲۵۰۰ افراد شریک ہوں گے۔
ورلڈ اکنامک فورم ۱۹۷۱ دنیا کے معاشی حالات بہتر بنانے کے مقصد سے قائم کیا گیا تھا جس کے سالانہ اجلاس میں دنیا بھر سے اہم شخصیات شرکت کرتی ہیں۔ اس سال کے اجلاس میں دنیا کو درپیش پانچ اہم مسائل پر بات ہوگی جن میں عالمی معاونت، شناخت کا فقدان، سست اقتصادی پیداوار، سامراجیت سے پیدا ہونے والے مسائل اور آنے والے چوتھے صنعتی انقلاب کی تیاری۔
شرمین جواجلاس میں شریک چیئر بننے والی پہلی آرٹسٹ ہونے کے ساتھ پہلی پاکستانی بھی ہیں اس اعزاز پر بہت خوش ہیں ’یہ میرے لیے بہت فخر کی بات ہے کہ میں وہ پہلی آرٹسٹ ہوں جسے اس اعلیٰ فورم کے سالانہ اجلاس کی شریک چیئر بننے کا موقع ملا اور میں یقینا وہاں آرٹسٹ کمیونٹی اور اپنے ملک پاکستان کی نمائندگی کروں گی۔‘
اجلاس کی افتتاحی تقریب میں وائلنسٹ اینی سوفی مٹر، گلوکارہ شکیرا اور سماجی شخصیت فوریسٹ وہائٹیکر کو دنیا کے حالات بہتر بنانے میں کرادر ادا کرکے اعتراف میں ۲۳ ویں سالانہ کرسٹل ایوارڈ بھی دیے گئے۔