پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں انسداد کرپشن قواعد کی خلاف ورزی پر کھلاڑیوں کی معطلی کے بعد تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے برطانیہ میں شک کی بنیاد پر دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
خبررساں ادارے اے پی کے مطابق لندن کی نیشنل کرائم ایجنسی نے گرفتار افراد کے نام ظاہر کیے بغیر کہا ہے کہ ‘بین الاقوامی سطح پر کرکٹ میچ کی فکسنگ کے حوالے سے جاری تحقیقات کے طور’ دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ دونوں افراد کو اپریل میں اگلی سماعت تک پولیس کی ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے۔
گرفتاری کی خبر ایک ایسے وقت میں آئی ہے جب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ایس ایل میں کرپشن میں ملوث ہونے کے شبہے میں تحقیقات کے لیے تین کھلاڑیوں کو کرکٹ سے عبوری طور پر معطل کردیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ میں گرفتار ہونے والے افراد میں گزشتہ روز کرکٹ سے معطل ہونے والے بلےباز ناصر جمشید اور یوسف نامی بکی شامل ہیں۔