سلمان کی فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ ریلیز کے پہلے روز سب سے کم کمائی والی فلم ثابت

بالی وڈ کے دبنگ سپر اسٹار سلمان خان کی فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ ریلیز کے پہلے روز21 کروڑ 15 لاکھ کی کمائی کرکے نمائش کے پہلے دن اداکار کی سب سے کم بزنس کرنے والی فلم ثابت ہوئی۔

سلمان خان کو باکس آفس کا سلطان کہا جاتا ہے اور ان کی فلمیں کمائی کے تیز ترین ریکارڈ بناتی ہیں جب کہ 100 کروڑ کلب میں سلمان خان کی فلمیں تینوں خانز میں سب سے زیادہ ہیں۔

دبنگ خان ہر سال عید کے موقع پر سلور اسکرین پر جلوہ گر ہوتے ہیں جس کے باعث بڑے بڑے اداکار و فلمساز اپنی فلمیں نمائش کے لیے پیش کرنے سے کتراتے ہیں جب کہ رواں سال بھی ’’ٹیوب لائٹ‘‘ سے باکس آفس پر دھوم مچانے کی توقع کی جارہی تھی لیکن فلم نے نمائش کے پہلے روز مایوس کن آغاز کیا ہے۔

کبیر خان کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ نمائش کے پہلے روز بھارت میں صرف21 کروڑ 15 لاکھ کی کمائی کرسکی ہے جو کہ سلمان خان کی کسی بھی فلم کی پہلے روز کی سب سے کم کمائی ہے۔

سلمان خان کی 2012 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’ایک تھا ٹائیگر‘‘ نے پہلے روز 32 کروڑ 93 لاکھ ، 2014 میں ’’کک‘‘ نے 26 کروڑ 40 لاکھ، 2015 میں ’’بجرنگی بھائی جان‘‘ نے 27 کروڑ 25 لاکھ اور 2016 میں ’’سلطان‘‘ نے 36 کروڑ 54 لاکھ کا بزنس کیا تھا۔

فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ کے باکس آفس پر مدھم آغاز نے فلمی پنڈتوں کو مایوس کیا ہے لیکن عید کے دنوں میں فلم کے بزنس میں ریکارڈ اضافے کی پیش گوئی کی جارہی ہے۔

فلم ’’ٹیوب لائٹ‘‘ میں سلمان خان، سہیل خان، چینی اداکارہ ژو ژو اور آنجہانی اوم پوری نے اہم کردار کیا ہے جب کہ شاہ رخ خان بھی جادوگر کے روپ میں مختصر کردار میں نظر آئیں گے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے