ممبئی: شاہ رخ خان کی کینسرسے لڑنے والی مداح ان سے ایک ملاقات کی خواہش دل میں لیے آنجہانی ہوگئیں۔
شاہ رخ خان کا شمارناصرف بھارت بلکہ دنیا کے مقبول ترین فلمی ستاروں میں ہوتا ہے اورمداح بالی ووڈ کے بادشاہ کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے بے تاب رہتے ہیں، ایسا ہی ایک معاملہ کچھ دن پہلے سوشل میڈیا پر سامنے آیا تھا ۔ ہوا کچھ یوں تھا کہ 60 سالہ ارونا پی کے گزشتہ 6 برسوں سے کینسر سے لڑ رہی تھیں لیکن یہ بیماری اس قدر پھیل گئی تھی کہ ڈاکٹروں نے انہیں جواب دے دیا تھا۔ ان کی آخری خواہش تھی کہ کسی طرح ان کی ایک ملاقات شاہ رخ خان سے ہوجائے۔
جیسے ہی یہ بات شاہ رخ خان کے دوسرے مداحوں کو پتہ چلی تو وہ سوشل میڈیا پر ارونا کی تصویر کو شیئر کرانے لگے اور شاہ رخ خان سے درخواست کرنے لگے کہ وہ کسی طرح کم از کم ایک بار ارونا سے ضرور مل لیں تاکہ ان کی آخری خواہش پوری ہوجائے۔
شاہ رخ خان نے اس کے جواب میں ایک وڈیو پوسٹ کی تھی جس میں انہوں نے ارونا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’میں اور میرا کا خاندان اتنا پیاردینے پر آپ کے شکر گزار ہیں اور آپ کی صحت میں بہتری کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ آپ جلد اچھی ہوجائیں گی اورہم جلد ہی ملاقات کرسکیں گے‘‘۔
ارونا تو ٹھیک نہ ہوسکی لیکن اب ان کے بیٹے نے ان کی موت کی تصدیق کردی، ارونا کی موت سے متعلق ٹوئٹ دیکھ کر شاہ رخ خان نے ان کے بیٹے کو تعزیتی ٹوئٹ کیا جس میں انہوں نے کہا کہ ’’اللہ آپ کو اپنی والدہ سے بچھڑنے کے دکھ کو جھیلنے کے لیے صبر عطا کرے۔ مجھے معلوم ہے کہ والدین کے بچھڑنے کا دکھ کتنا بڑا ہوتا ہے لیکن وہ ہمیشہ آپ کے ساتھ رہیں گی‘‘۔