اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد کے اجلاس میں شرکت کےلئے سعودی عرب پہنچ گئے۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، وزیرخارجہ خواجہ آصف اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد کے اجلاس میں شرکت کےلئے سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔ سعودی عرب میں اسلامی فوجی اتحاد اور پاک سعودی دوطرفہ امور پراہم اجلاس منعقد کئے جائیں گے جس میں تینوں رہنما شرکت کریں گے۔
اس سے قبل سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں اسلامی فوجی اتحاد کا افتتاحی اجلاس ہوا جس میں 41 ممالک کے وزرائے دفاع، سفرا اور سعودی عرب کی اعلیٰ قیادت نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کے دوران سعودی وزیر دفاع اور ولی عہد محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند برس سے ہمارے تمام مسلم ممالک دہشت گردی کا شکار ہیں اور دہشت گردوں کا اس وقت تک پیچھا کریں گے جب تک دنیا سے ان کا صفایا نہیں ہوجاتا۔