عائشہ گلالئی کی بہاولپور آمد، پی ٹی آئی خواتین نے انڈے اور ٹماٹر پھینک دیئے

بہاولپور: رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی کی بہاولپور آمد پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی خواتین کی جانب سے انڈے اور ٹماٹر پھینکے گئے۔

عائشہ گلالئی ‘صوبہ بہاولپور بحالی تحریک’ کی دعوت پر بہاولپور کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرنے کے لیے پہنچیں تو پہلے سے منتظر پی ٹی آئی کی خواتین نے انڈے اور ٹماٹر پھینکنا شروع کر دیئے۔

پی ٹی آئی کی خواتین اور کارکنوں کی جانب سے ‘گو گلالئی گو’ کے نعرے بھی لگائے گئے۔

جس کے جواب میں ‘صوبہ بہاولپور بحالی تحریک’ کے کارکنوں اور گلالئی کے میزبانوں نے ‘گو عمران گو’ اور ‘رو عمران رو’ کے نعرے لگائے۔

بعدازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عائشہ گلالئی کا کہنا تھا کہ ان کی پارٹی صوبہ بہاولپور کی بحالی کی تحریک کی حمایت کرے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نئے صوبے بننے سے وفاق کو مضبوطی ملے گی۔

عائشہ گلالئی نے کہا کہ ان کی نئی پارٹی ‘تحریک انصاف-جی’ میں شامل لفظ ‘جی’ انگریزی میں ان کے نام کے پہلے حرف کو نہیں بلکہ مہذب انداز میں جواب دینے کو ظاہر کرتا ہے اور یہ پارٹی ملک میں تہذیب کی سیاست کو فروغ دے گی۔

خیال رہے کہ گذشتہ برس یکم اگست کو عائشہ گلالئی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی چیئرمین عمران خان پر سنگین الزامات لگائے اور کہا کہ ان کی وجہ سے پارٹی میں ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی عزت محفوظ نہیں۔

عائشہ گلالئی نے اپنی پریس کانفرنس میں عمران خان کی جانب سے نامناسب پیغامات بھیجے جانے کا بھی دعویٰ کیا تھا۔

جس کے بعد عمران خان نے عائشہ گلالئی کو پارٹی کی منحرف رکن قرار دیا اور ان کی اسمبلی رکنیت ختم کروانے کے لیے الیکشن کمیشن سے بھی رجوع کیا، تاہم کمیشن نے عمران خان کا ریفرنس مسترد کردیا تھا۔

بعدازاں عائشہ گلالئی نے اپنی پارٹی بنانے کا اعلان کردیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے