وزیر تعلیم سندھ کا نجی اسکولوں کے خلاف کارروائی کا اعلان

کراچی: وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ نے عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے والے نجی اسکولوں کے خلاف ایکشن لینے کا اعلان کر دیا۔

صوبائی وزیر تعلیم سید سردار شاہ کا کہنا تھا کہ عدالتی حکم نہ ماننے والے اسکولوں کی رجسٹریشن منسوخ کی جاسکتی ہے اور ان اسکولوں کو بلیک لسٹ بھی کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلے کے بعد فیسوں میں سالانہ 5 فیصد سے زائد کوئی بھی اسکول اضافہ نہیں کرسکتا۔

صوبائی وزیر تعلم کا کہنا ہے کہ نجی اسکول رجسٹریشن کے وقت کئی حلف ناموں پر دستخط کرتے ہیں لیکن نجی اسکولوں کے مالکان حلف نامے کی شرائط پوری نہیں کر رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حلف نامے کے مطابق ہر نجی اسکول کو 10 بچوں کو مفت تعلیم دینی ہے لیکن نجی اسکولز مفت تعلیم دینے کی ذمےداری ادا نہیں کر رہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سندھ ہائیکورٹ نے نجی اسکولوں کی جانب سے فیسوں میں 5 فیصد سے زیادہ اضافے کو غیرقانونی قرار دیا تھا۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ پرائیویٹ اسکولز 5 فیصد سے زیادہ فیس بڑھانے کے اہل نہیں ہیں۔

عدالتی فیصلے کے بعد سندھ حکومت کے محکمہ تعلیم نے اسکولوں کوعدالتی حکم پر عمل کے احکامات جاری کیے تھے اور اس حوالے سے جاری سرکلر میں کہا گیا تھا کہ پرائیویٹ اسکولز 5 فیصد سے زائد وصول کردہ فیس واپس کریں۔

تاہم نجی اسکول مالکان نے سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے 5 فیصد اضافے کا حکم ماننے سے انکار کرتے ہوئے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان کیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے