دنیا کی تاریخ اس حقیقت کی گواہ ہے کہ جنگیں چند دنوں یا مہینوں میں ختم ہو سکتی ہیں یا ان میں وقفہ آ جاتا ہے جس کو سیز فائر کہا جاتا ہے، لیکن ان کے بعد مستقل اور پائیدار امن کو قائم کرنا ایک چیلنج، طویل اور صبر آزما عمل ہوتا ہے۔ امن معاہدے محض دستخط کا نام نہیں ہوتے بلکہ یہ اعتماد سازی، مسلسل مذاکرات، اور کئی بار ناکامیوں کے بعد حاصل ہونے والی کامیابی کا نتیجہ ہوتے ہیں۔ اگر ہم دنیا کے اہم امن معاہدوں پر نظر ڈالیں تو یہ بات مزید واضح ہو جاتی ہے کہ ہر بڑے تنازعے کے حل کے لیے وقت، برداشت اور مستقل مزاجی ناگزیر ہے۔
1978 میں ہونے والا ” کیمپ ڈیوڈ معاہدہ” مصر اور اسرائیل کے درمیان ایک تاریخی سنگ میل تھا۔ بظاہر یہ معاہدہ چند دنوں کی سربراہی ملاقاتوں کے بعد طے پایا، لیکن اس کے پیچھے کئی ماہ بلکہ برسوں کی سفارتی کوششیں شامل تھیں۔ یہ مذاکرات بارہا تعطل کا شکار ہوئے، مگر بالآخر مستقل مزاجی نے ایک دیرپا امن کی بنیاد رکھی۔
اسی طرح ویتنام جنگ کے خاتمے کے لیے ہونے والا “پیرس امن معاہدہ” ایک اور اہم مثال ہے۔ اس کے مذاکرات تقریباً پانچ سال تک جاری رہے۔ 1968 سے 1973 تک درجنوں ملاقاتیں ہوئیں، کئی بار فریقین واک آؤٹ کر گئے، لیکن بالآخر ایک معاہدہ طے پایا جس نے ایک طویل اور خونریز جنگ کا خاتمہ کیا۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ بڑے تنازعات کا حل فوری طور پر نہیں نکلتا۔
یورپ میں ہونے والا “ڈیٹن امن معاہدہ (1995)” اور شمالی آئرلینڈ میں “گڈ فرائیڈے معاہدہ (1998)” بھی برسوں کی کشیدگی اور پیچیدہ سفارتی عمل کا نتیجہ تھے۔ ان تمام مثالوں سے ایک بات واضح ہوتی ہے کہ امن کا راستہ ہمیشہ سیدھا نہیں ہوتا۔ اس میں رکاوٹیں، ناکامیاں اور وقتی تعطل شامل ہوتے ہیں، لیکن یہی مراحل کسی بڑے معاہدے کی بنیاد بنتے ہیں۔
اسی تناظر میں اگر ایران اور امریکہ کے درمیان ہونے والی حالیہ سفارتی سرگرمیوں کو دیکھا جائے تو پہلے راؤنڈ کے بعد اب مذاکرات کے دوسرے دور (Second Round کی طرف بڑھنے کے واضح اشارے مل رہے ہیں۔ اگرچہ پہلا دور بظاہر کسی بڑے نتیجے کے بغیر ختم ہوا، لیکن سفارتی حلقوں سے آنے والی خبریں بتاتی ہیں کہ دونوں فریقین اب دوسرے راؤنڈ کے لیے ایجنڈے کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔ یہ ایک مثبت پیش رفت ہے جو ظاہر کرتی ہے کہ ابتدائی نشستوں نے محض برف پگھلانے کا کام کیا تھا، جبکہ اصل سنجیدہ بات چیت اب شروع ہونے جا رہی ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان دہائیوں پر محیط عدم اعتماد، پابندیاں اور علاقائی مفادات ایسے عوامل ہیں جو کسی بھی فوری پیش رفت کو مشکل بنا دیتے ہیں۔ پہلا مرحلہ اکثر صرف ایک دوسرے کے مؤقف کو سمجھنے اور "سرخ لکیریں” متعین کرنے کے لیے ہوتا ہے۔ اب جبکہ دوسرے راؤنڈ کی تیاریوں کے اشارے مل رہے ہیں، تو اسے سفارتی کامیابی سمجھنا چاہیے کیونکہ یہ تسلسل ہی کسی ممکنہ فریم ورک کی بنیاد بن سکتا ہے۔
ایران اور امریکہ کے درمیان یہ حالیہ بات چیت اسی سلسلے کی ایک کڑی معلوم ہوتی ہے۔ تاریخ ہمیں یہی بتاتی ہے کہ بڑے معاہدے اچانک نہیں ہوتے بلکہ وہ چھوٹے چھوٹے مراحل سے گزر کر ہی ممکن بنتے ہیں۔ پہلے دور کی خاموشی کے بعد دوسرے دور کی طرف پیش قدمی اس بات کی علامت ہے کہ دونوں فریقین اب بھی سفارتی حل کو فوجی تصادم پر ترجیح دے رہے ہیں۔
آخر میں یہ کہنا بجا ہوگا کہ امن ایک لمحاتی فیصلہ نہیں بلکہ ایک مسلسل عمل ہے۔ دنیا کے بڑے امن معاہدے ہمیں یہی سبق دیتے ہیں کہ اگر نیت، صبر اور حکمت عملی موجود ہو تو بظاہر ناکام نظر آنے والے مذاکرات بھی مستقبل میں کامیابی کی بنیاد بن سکتے ہیں۔ ایران اور امریکہ کے درمیان جاری یہ عمل اور دوسرے راؤنڈ کی آہٹ کو اسی نظر سے دیکھنا چاہیے — یہ ایک طویل سفر کا دوسرا قدم ہے، منزل نہیں ۔