اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کی فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) ایشیا پیسیفک گروپ کی شریک چیئرمین شپ پر اعتراض اٹھا دیا۔
وفاقی وزیرخزانہ اسد عمر نے ایف اے ٹی ایف کے صدر کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ گروپ میں بھارت کے بجائے کسی اور ملک کو شامل کیا جائے کیوں کہ بھارت پاکستان سے متعلق جانبدارانہ رائے اور مخاصمانہ عزائم رکھتا ہے۔
خط میں تحریر ہئے کہ بھارت نے پاکستان کی فضائی حدود کی بھی خلاف ورزی کی اور بھارت پاکستان کو دنیا میں تنہا کرنے کیلئے سرگرم ہے۔
وفاقی وزیرخزانہ کے خط کے متن کے مطابق ایف اے ٹی ایف ایشیا پیسفک گروپ میں بھارت کی شمولیت سے پاکستان ہراساں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایف اے ٹی ایف کے ایکشن پلان پر عملدرآمد کررہا ہے لیکن ان کوششوں کے باوجود بھارت پاکستان کے خلاف سیاسی تقاریر کررہا ہے۔
اسد عمر نے خط میں بھارتی وزیر خزانہ کے خط کا بھی حوالہ دیا جس میں بھارتی وزیر خزانہ نے 18 فروری کے اجلاس میں پاکستان کوبلیک لسٹ کرنےکا مطالبہ کیا تھا۔