وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پہلے جو جماعتیں احتجاج اور دھرنے کے خلاف تھیں ، اسے جمہوریت کیلئے نقصان دہ کہتی تھیں آج خود یہ سب کرنے چلی ہیں، ان سے کہیں گے کہ اپنا شوق پورا کرکے دیکھ لیں ۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جو سیاسی جماعتیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو کہتی تھیں کہ احتجاج سے ملک کا فائدہ نہیں ہوتا، پی ٹی آئی ملک کو نقصان پہنچارہی ہے، تو اگر آج ان کی سوچ میں تبدیلی آئی ہے تو عید کے بعد احتجاج کرکے اپنا شوق پورا کرلیں۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ عبدالحفیظ شیخ کو مشکل حالات میں معیشت ملی ہے، اس ٹرم کے اختتام پر لوگ بہتری دیکھیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو حکومت کے خلاف تحریک چلانے کی ہدایت دیتے ہوئے احتجاجی حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت کردی ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے نواز شریف نے حکومت مخالف تحریک کے لیے اپوزیشن جماعتوں سے بھی رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف نے ملاقات کیلئے جیل آنے والے پارٹی رہنماؤں سے عید کے بعد حکومت مخالف تحریک کا لائحہ عمل طلب کر لیا ہے۔ سابق وزیراعظم آج بہت جارحانہ موڈ میں تھے اور ان کا پارٹی رہنماؤں سے ملاقات میں کہنا تھا کہ عوام کو ظلم سے نجات دلانے اور ملک بچانے کے لیے باہر نکلنا ہو گا۔