پیپلزپارٹی کو عوام کے دلوں سے نہیں نکالا جاسکتا: بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی آج بھی روٹی کپڑا اور مکان کو عوام کا بنیادی حق سمجھتی ہے اورپسے ہوئے طبقات پیپلزپارٹی کو نجات کا ذریعہ سمجھتے ہیں جب کہ پیپلزپارٹی کو عوام کے دلوں سے نہیں نکالا جاسکتا۔
پیپلزپارٹی کے 49 ویں یوم تاسیس کے موقع پر کراچی کے علاقے ملیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی بنیاد اس وقت رکھی گئی جب غریب کو اس کا حق نہیں مل رہا تھا، ذوالفقار بھٹو نے محسوس کیا کہ غریب کو اس کا بنیادی حق ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے خلاف اتحاد کے نام پر سازشیں کی گئیں، ہمارے نطریئے کے خلاف عوام کو تقسیم کیا گیا اور پروپیگنڈا کیا گیا کہ پیپلزپارٹی اپنے نظریئے سے ہٹ چکی ہے لیکن سیاسی یتیموں کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہم اپنے نظریئے پرقائم ہیں، شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نظریئے کی جنگ آج بھی جاری ہے، پیپلزپارٹی آج بھی روٹی کپڑا اور مکان کو عوام کا بنیادی حق سمجھتی ہے جب کہ پیپلزپارٹی کو عوام کے دلوں سے نہیں نکالا جاسکتا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پی آئی اے اور اسٹیل ملز کی نجکاری کے خلاف بھرپور مزاحمت کریں گے، عوام کی لڑائی خود لڑوں گا اور ان کی مشکل سے ٹکراؤں گا، پسے ہوئے طبقات پیپلزپارٹی کو نجات کا ذریعہ سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب کوئی قوم اپنے اصول سے ہٹ جاتی ہے تو وہ قوم نہیں رہتی، پاکستان کو اس وقت ایک نئے حوصلے اور ولولے کی ضرورت ہے، عوام کو متحد کرنے کے لیے اچھی لیڈر شپ کی ضرورت ہے جب کہ ذوالفقار بھٹو کے مشن کو پورا کرنے کے لیے مجھے عوام کی ضرورت ہے۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے راستے میں مارشل لا کی دیواریں کھڑی کی گئیں لیکن اس نے ہر آمر کو شکست دی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے گالی اور گولی کا راستہ بند کیا، آپ کب تک سیاسی روبوٹس تیار کرتے رہیں گے، ہماری جدوجہد ظلم اور دہشت گردی کے خلاف ہے جو آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے