‘افواج پاکستان کیلئے سعودی عرب کا دفاع مقدم’

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ افواج پاکستان کے لیے سعودی عرب کا دفاع مقدم ہے۔

افواج پاکستان کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی سفیر عبداللہ مرزوق الظہرانی سے ملاقات کی۔

ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ہیڈ کواٹرز میں سعودی سفیر کے ساتھ ہونے والی اس ملاقات میں دفاعی و تربیتی امور پر بات چیت کی گئی۔

بیان کے مطابق آرمی چیف نے سعودی سفیر کو یقین دہانی کرائی کہ پاک فوج کے لیے سعودی عرب کا دفاع مقدم ہے۔

جنرل قمر باجوہ نے سعودی سفیر سے ایک ایسے وقت میں ملاقات کی ہے جب گذشتہ دنوں سابق آرمی چیف راحیل شریف کو سعودی عرب کے 39 اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد کا سربراہ بنائے جانے کی خبریں سامنے آئی تھیں۔

ابتدائی طور پر ایک نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے ان خبروں کی تصدیق بھی کی تھی تاہم چند ہی روز بعد انھوں نے اس قسم کی تمام اطلاعات سے لاتعلقی کا اظہار کردیا تھا۔

11 جنوری کو سینیٹ میں اس حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ میڈیا سے ہی یہ خبریں سامنے آئی ہیں کہ سابق آرمی چیف راحیل شریف نے اسلامی ممالک کی اتحادی فوج کی کمان سنبھال لی ہے، اب تک ہمارے علم میں ایسی کوئی بات نہیں آئی اور نہ ہی سابق آرمی چیف کی جانب سے این او سی کے حصول کے لیے کوئی درخواست دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستاب سعودی عرب کی جانب سے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے قائم کردہ اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد کا حصہ ہے، ابتداء میں پاکستان اس اتحاد میں شمولیت سے متعلق مخمصے کا شکار رہا تھا۔

تاہم ابہام دور ہونے کے بعد پاکستان نے اس اتحاد میں اپنی شمولیت کی تصدیق کردی تھی، لیکن کہا گیا تھا کہ اتحاد میں اس کے کردار کا تعین سعودی حکومت کی طرف سے تفصیلات ملنے کے بعد کیا جائے گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

تجزیے و تبصرے