منگل : 27 اگست 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]ایران جوہری ہھتیاروں کا حصول نہیں چاہتا، روحانی[/pullquote]

ایرانی صدر حسن روحانی کے مطابق وہ بات چیت کے ذریعے تنازعے کو حل کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ سرکاری ٹیلی وژن پر اپنے خطاب میں روحانی نے کہا کہ امریکا کو اس سلسلے میں پہلا قدم اٹھاتے ہوئے ایران پر عائد پابندیوں کو اٹھانا ہو گا۔ ان کے بقول 2015ء کے معاہدے کے تحت اگر ملکی مفادات کی عملی ضمانت نہیں دی گئی تو ایران اپنی جوہری سرگرمیاں جاری رکھے گا۔ صدر روحانی نے مزید کہا کہ ایران کبھی بھی جوہری ہتھیاروں کا حصول نہیں چاہتا تھا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز ہی کہا تھا کہ وہ جوہری تنازعے کے خاتمے کے لیے صدر حسن روحانی سے ملنے کے لیے تیار ہیں۔

[pullquote]برطانیہ کو اپنے معاہدوں کا پاس رکھنا چاہیے، موسکوویسی[/pullquote]

یورپی یونین کے تجارتی کمشنر پیئر موسکوویسی نے کہا ہے کہ برطانیہ کو اپنی تمام تر مالیاتی ذمہ داریوں کو پورا کرنا ہو گا۔ موسکوویسی کے مطابق اگر کوئی نیا بریگزٹ معاہدہ طے نہیں بھی پاتا، تب بھی برطانیہ کو ان معاہدوں کا پاس کرنا چاہیے، جو اس نے یورپی یونین کی رکنیت کے دوران کیے تھے۔ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے کہا تھا کہ اگر برطانیہ کسی معاہدے کے بغیر ہی یورپی یونین سے الگ ہوا، تو وہ انتالیس بلین پاؤنڈ کا وہ مالیاتی بل ادا نہیں کریں گے، جس کی ان کی پیش رو وزیر اعظم ٹریزا مے نے حامی بھری تھی۔

[pullquote]تارکین وطن سے بھرا امدادی جہاز لنگر اندز نہیں ہو سکتا، اطالوی وزیر داخلہ[/pullquote]

اٹلی نے تارکین وطن سے بھرے ایک امدادی بحری جہاز کو اپنی کسی بھی بندرگاہ پر لنگر انداز ہونے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ اطالوی وزیر داخلہ ماتیو سالوینی نے کہا ہے کہ جرمنی کے پرچم تلے سفر کرنے والا یہ جہاز اطالوی پانیوں میں داخل نہیں ہو سکتا۔ ’ایلیونورے‘ نامی اس جہاز پر تقریباً ایک سو تارکین وطن سوار ہیں۔ جہاز کے کپتان نے پیر کو لیبیا کے ساحلوں کے قریب ان افرادکو سمندر سے بچایا تھا۔

[pullquote]ایران: اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزام میں دو شہریوں کو سزا[/pullquote]

ایران میں ایک خاتون اور ایک مرد کو اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزام میں بارہ بارہ سال قید کی سزائیں سنا دی گئی ہیں۔ عدالت کے مطابق ان دونوں کے اسرائیلی خفیہ ادارے موساد کے ساتھ رابطے تھے اور انہیں اسرائیل سے غیر قانونی طریقے سے رقم بھی بھیجی گئی تھی۔ سزا پانے والی خاتون ایران اور برطانیہ دونوں کی دوہری شہری ہے۔ ایران میں آج کل دوہری شہریت رکھنے والے کئی افراد زیر حراست ہیں۔ ان میں سے ایک نازنین زاغری رَیٹکلِف بھی ہیں، جو 2016ء سے قید ہیں۔

[pullquote]وکیل ماگنٹسکی کی ہلاکت کا معاملہ، روس انسانی حقوق کی پامالیوں کا ذمہ دار[/pullquote]

انسانی حقوق کی یورپی عدالت کے مطابق روسی وکیل سیرگئی ماگنٹسکی کا انتقال انسانی حقوق کی پامالیوں کی وجہ سے ہوا تھا۔ عدالت نے ماسکو حکام کو وکیل کے پسماندگان کو چونتیس ہزار یورو ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے مزید کہا کہ جیل میں طبی سہولیات کا فقدان ماگنٹسکی کی موت کی ایک اہم وجہ بنا۔ ماگنٹسکی نے روسی سرکاری افسران پر لاکھوں ڈالر کی خرد برد کا الزام عائد کیا تھا۔ بعد ازاں انہیں ٹیکس چوری کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔ وہ 2009ء میں جیل میں ہی انتقال کر گئے تھے۔

[pullquote]بنگلہ دیش میں شادی کے قوانین میں تبدیلی[/pullquote]

بنگلہ دیشی کی ایک عدالت کے مطابق شادی کے موقع پر خواتین کے لیے خود کو کنواری قرار دینا لازمی نہیں ہے۔ عدالت نے حکومت سے شادی کے سرٹیفیکیٹ میں کنواری کے لفظ کو غیر شادی شدہ میں تبدیل کر دینے کے لیے کہا ہے۔ عدالتی فیصلے کے مطابق شادی سے قبل مرد بھی اپنی ازدواجی حیثیت واضح کریں گےکہ وہ غیر شادی شدہ ہیں، طلاق یافتہ یا پھر رنڈوے۔ حقوق نسواں کے لیے سرگرم تنظیموں نے اس عدالتی فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ یہ تنظیمیں گزشتہ پانچ برسوں سے خواتین کے نجی معاملات کے تحفظ اور ممکنہ رسوائی کو روکنے کی کوششوں میں مصروف تھیں۔

[pullquote]جی سیون ممالک کا ایمیزون جنگلات کے لیے اٹھارہ ملین یورو کی امداد کا اعلان[/pullquote]

جی سیون ممالک نے برازیل میں ایمیزون کے بارانی جنگلات میں لگی آگ کو بجھانے کے لیے اٹھارہ ملین یورو کی فوری امداد کی پیشکش کی ہے۔ چلی کے صدر سباستیان پینیئرا کے مطابق اس امداد کے علاوہ دوسرے مرحلے میں ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ایمیزون نامی ایک مہم بھی شروع کی جائے گی۔ دوسری جانب برازیل کے صدر جیئر بولسونارو نے اسے اپنے ملک کے داخلی معاملات میں دخل اندازی سے تعبیر کیا ہے۔ برازیل میں ایمیزون کے جنگلات میں گزشتہ کئی ہفتوں سے آگ لگی ہوئی ہے۔

[pullquote]مودی حکومت کے لیے 24 ارب ڈالر، آر بی آئی کی غیر جانبداری مشکوک[/pullquote]

بھارتی مرکزی بینک آر بی آئی نے ملکی معیشت کو سہارا دینے کے لیے اربوں ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے۔ ریزرو بینک آف انڈیا کے مطابق وہ حکومتی خزانے میں 17.6 کھرب (1.76 ٹریلین) روپے منتقل کر دے گا۔ بھارت کو آج کل اقتصادی ترقی کی شرح میں سست روی کے باعث کئی طرح کے مسائل کا سامنا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی خواہش ہے کہ کسی طرح ایسے نئے لیکن خطیر مالی وسائل میسر آ سکیں، جن کی مدد سے وہ معیشت کو سنبھالا دینے کی کوشش کر سکیں۔

[pullquote]جی سیون اجلاس ختم، ٹرمپ کی روحانی سے ملاقات کا امکان[/pullquote]

ایرانی تنازعے اور عالمی تجارتی معاملات میں پیش رفت کے ساتھ جی سیون کا اجلاس جنوبی فرانس میں اپنے اختتام کو پہنچ گیا۔ فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں کی کوششوں کی وجہ سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ان کے ایرانی ہم منصب حسن روحانی سے ملاقات کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں۔ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ امریکا اور چین اپنی تجارتی جنگ کے خاتمے کے لیے جلد ہی مذاکرات شروع کریں گے۔ ٹرمپ نے یورپی یونین کے ساتھ بھی ایک منصفانہ تجارتی معاہدے کے امید دلائی ہے۔ اس تین روزہ اجلاس میں دنیا کے سات ترقی یافتہ ممالک کے سربراہان مملکت و حکومت نے شرکت کی۔

[pullquote]امریکا: کم عمر تارکین وطن کو غیر معینہ مدت کے لیے حراست میں رکھنے کی شدید مخالفت[/pullquote]

امریکی حکومت کے سیاسی پناہ کے کم عمر متلاشیوں کی درخواستوں کی جانچ پڑتال کے دوران انہیں غیر معینہ مدت کے لیے حراست میں رکھنے کے منصوبے کے خلاف شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ دارالحکومت واشنگٹن سمیت انیس دیگر ریاستیں اس حکومتی منصوبے کے خلاف عدالت میں جانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ امریکی حکام نے واضح کیا تھا کہ غیر قانونی تارکین وطن خاندانوں کو اس وقت تک حراست میں رکھا جائے گا، جب تک ان کی سیاسی پناہ کی درخواست یا امیگریشن کے حوالے سے فیصلے نہیں ہو جاتے۔

[pullquote]پوٹن اور ایردوآن کی ملاقات، ادلب کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہو گا[/pullquote]

روسی صدر ولادیمیر پوٹن آج منگل کو اپنے ترک ہم منصب رجب طیب ایردوآن سے ملاقات کر رہے ہیں۔ روسی ذرائع نے بتایا کہ ماسکو میں ہونے والی اس ملاقات میں شامی علاقے ادلب میں ہونے والی عسکری کارروائی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ شامی دستوں نے گزشتہ ہفتے روسی پشت پناہی کے ساتھ ادلب پر فضائی حملے کیے تھے۔ ترکی اور روس ایک معاہدے کے تحت ادلب میں ایک غیر فوجی علاقہ قائم کر چکے ہیں۔ روس شامی صدر اسد کی جبکہ ترکی چند اسد مخالف تنظیموں کی حمایت کرتا ہے۔

[pullquote]اسرائیلی ڈرون حملہ اعلان جنگ ہے، لبنانی صدر[/pullquote]

لبنانی صدر میشل عون نے دارالحکومت بیروت پر اسرائیلی ڈرون حملوں کو ’ اعلان جنگ‘ قرار دیا ہے۔ صدر عون نے کہا کہ یہ حملے ملکی خود مختاری کے دفاع کے لیے عسکری رد عمل کا جواز پیش کرتے ہیں۔ یہ بیان انہوں نے لبنان کے لیے اقوام متحدہ کے رابطہ کار ژان کُوبِس سے ملاقات میں دیا۔ اسرائیل نے گزشتہ اختتام ہفتہ پر بیروت میں ایک ڈرون حملہ کیا تھا۔ اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے مطابق وہ ایرانی خطرے سے اپنے ملک کا ہر طریقے سے دفاع کریں گے۔ لبنانی شدت پسند تنظیم حزب اللہ کو ایران کی پشت پناہی حاصل ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے