قیمت49کروڑ،ادائیگی وفاقی حکومت کریگی،اراضی بحریہ انکلیومیں واقع ہے .کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے انٹرسروسز انٹیلی جنس ایجنسی (آئی ایس آئی) کو اسلام آباد میں 45 ایکڑ زمین الاٹ کرنے کی منظوری دیدی ہے۔
کمیٹی کا اجلاس وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی صدارت میں سوموار کے روز اسلام آباد میں ہوا۔اجلاس نے وزارت دفاع کی تجویز پر اسلام آباد کے علاقہ جگیوٹ میں 45 ایکڑ اراضی الاٹ کرنے کی منظوری دی اور کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو ہدایت کی کہ وہ 2250 فی گز کے حساب سے اس اراضی کی قیمت وصول کرے۔
اس میں سب سے دلچسپ امر یہ ہے کہ ان نرخوں پر 45 ایکڑ اراضی کی کل قیمت انچاس کروڑ اور پچاس ہزار روپے بنتی ہے۔ ای سی سی نے یہ رقم بھی وفاقی حکومت کی طرف سے ادا کرنے کی منظوری دیتے ہوئے انچاس کروڑ پچاس ہزار روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دے دی۔ وزارت خزانہ کی طرف سے جاری کی جانے والی پریس ریلیز میں واضح کیا گیا ہے کہ اس اراضی کی الاٹ منٹ کی اجازت مئی 2018 میں وزیر اعظم نے دی تھی۔
یہ دور وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی وزارت عظمیٰ کے آخری چند روز تھے۔جگیوٹ بحریہ انکلیومیں واقع ہے۔ اجلاس میں پاکستان نیوی کی ہنگامی ضروریات کے لئے وزارت خزانہ کی تجویز پر ایک ارب 30 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی۔