[pullquote]ٹرمپ کا قانونی بل پر دستخط سے انکار، لاکھوں افراد کی مراعات بند[/pullquote]
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کورونا کی وبا سے متعلق امدادی اخراجاتی بل پر دستخط سے انکار کی وجہ سے لاکھوں امریکی شہریوں کی بے روزگاری مراعات خطرے میں ہیں۔ امریکی قانون سازوں نے وبائی صورت حال سے نمٹنے کے لیے دو اعشاریہ تین ٹریلین ڈالر کے ایک امدادی پیکیج کی منظوری دی تھی۔ اس بل کے تحت کورونا وائرس ریلیف سمیت وبا کی وجہ سے بے روزگار ہونے والے افراد اور متاثر ہونے والے کاروباروں کے لیے آٹھ سو بانوے ارب ڈالر رکھے گئے تھے، تاہم صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ اس بھاری امدادی پیکیج سے متفق نہیں ہیں۔
[pullquote]چین کا سالانہ پارلیمانی اجلاس[/pullquote]
چین کی اعلیٰ قانون ساز کونسل پانچ مارچ کو اپنا سالانہ اجتماع منعقد کرے گی۔ سرکاری خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق یہ اجلاس دارالحکومت بیجنگ میں ہو گا۔ نیشنل پیپلز کانگریس کی قائمہ کمیٹی نے یہ فیصلہ آج ہفتے کے روز کیا۔ بتایا گیا ہے کہ اس اجلاس میں حکومتی اقدامات کی رپورٹ پر نظرثانی کے علاوہ 14ویں پانچ سالہ منصوبے پر بحث بھی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ سالانہ اجلاس ہر سال مارچ کے اوائل میں ہوتا ہے، تاہم رواں برس کے اجلاس کو کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے مئی تک ملتوی کیا گیا تھا۔
[pullquote]جرمنی میں کورونا وائرس کے 14 ہزار سے زائد نئے کیسز[/pullquote]
جرمنی میں گزشتہ روز کورونا وائرس کے مزید تقریباﹰ ساڑھے چودہ ہزار کیسز سامنے آئے۔ اس طرح جرمنی میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مصدقہ تعداد ایک لاکھ تریسٹھ ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔ جرمنی میں وباؤں سے نمٹنے کے ادارے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ کے مطابق گزشتہ روز جرمنی میں مزید دو سو چالیس افراد کووِڈ انیس کی وجہ سے ہلاک ہوئے۔ اس طرح اس وبا کے آغاز سے اب تک جرمنی میں اسی سبب مجموعی ہلاکتوں کی تعداد انتیس ہزار چار سو بائیس ہو گئی ہے۔ جاپان میں بھی گذشتہ روز تقریباﹰ ساڑھے نو سو افراد میں اس وائرس کی تشخص کی گئی۔
[pullquote]وسطی افریقی جمہوریہ میں عالمی امن مشن کے تین اہلکار ہلاک[/pullquote]
اقوام متحدہ کے امن مشن کے تین اہلکار شورش زدہ ملک وسطی افریقہ جمہوریہ میں ہلاک ہو گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ہلاک شدگان کا تعلق برونڈی سے تھا۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ایک ترجمان نے بتایا کہ مسلح حملہ آوروں کی کارروائی میں دیگر دو اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹیرش نے اس حملے کی مذمت کی ہے۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ عالمی امن مشن پر حملہ جنگی جرائم کے زمرے میں آتا ہے۔ عالمی ادارے نے مقامی حکام سے اس واقعے کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
[pullquote]ترکی میں غیرسرکاری تنظیموں پر نگاہ رکھنے کے قانون پر بحث[/pullquote]
ترک پارلیمان نے غیرسرکاری تنظیموں کی مزید کڑی نگرانی سے متعلق ایک قانونی مسودے پر بحث شروع کر دی ہے۔ انسانی حقوق کے کارکنوں کے مطابق اس قانون کے ذریعے ملک میں سول سوسائٹی کی آزادیوں کو مزید محدود بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس قانون کے ذریعے وزارت داخلہ کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی تنظیم میں موجود ایسے افراد کو تبدیل کر سکتی ہے، جن کے خلاف دہشت گردی کے معاملے میں چھان بین جاری ہو۔ اس قانونی مسودے میں وزارت داخلہ کو کسی بھی گروپ کو کام سے روکنے کے لیے عدالت سے رجوع کرنے کا حق بھی دیا گیا ہے۔ حکومتی موقف ہے کہ اس بل کا مقصد این جی اوز کے ذریعے دہشت گردوں کی مالی معاونت کی روک تھام ہے۔
[pullquote]بحیرہ احمر میں ایک کارگو بحری جہاز باردوی سرنگ سے ٹکرا گیا[/pullquote]
سعودی سرکاری میڈیا کے مطابق جمعے کے روز بحیرہ احمر میں ایک کارگو بحری جہاز حوثی باغیوں کی سمندر میں بچھائی گئی ایک باردوی سرنگ سے ٹکرا گیا۔ سعودی قیادت میں عرب عسکری اتحاد کے حوالے سے سعودی سرکاری ٹی وی نے اس واقعے کی اطلاع دی، تاہم کسی قسم کی دیگر تفصیلات مہیا نہیں کیں۔ خطے میں سمندری تجارتی امور پر نگاہ رکھنے والی برطانوی میرین ٹریڈ آپریشنز کی جانب سے ایسے کسی واقعے کی آگہی سے انکار کیا گیا ہے۔ رواں ہفتے سعودی قیادت میں عرب عسکری اتحاد کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ اس نے بحیرہ احمر میں 171 باردوی سرنگیں تباہ کی ہیں۔
[pullquote]وبا سے نمٹنے میں چین اپنے ’غیرمعمولی اقدامات‘ پر خوش[/pullquote]
چین کی حکمران کمیونسٹ جماعت کے رہنماؤں نے کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے میں اپنے ’غیرمعمولی کردار‘ پر ایک دوسرے کو شاباش دی ہے۔ ابتدا میں وبا کے انسداد سے متعلق چینی اقدامات کو داخلی اور بین الاقوامی سطح پر تنقید کا سامنا رہا، تاہم چینی حکمران جماعت کے رہنماؤں کا ماننا ہے کہ اس سلسلے میں ایک غیر معمولی صورت حال میں غیرمعمولی اقدامات کے ذریعے وبا کو قابو کیا گیا۔ یہ بات اہم ہے کہ عالمی ادارہ برائے صحت ڈبلیو ایچ او اس وبا کے منبع سے متعلق اپنی تفتیش جلد ہی شروع کرنے والا ہے۔ کورونا وائرس سب سے پہلے گزشتہ برس دسمبر میں چینی شہر ووہان میں سامنے آیا تھا۔ وبا کی سنگینی کے حوالے سے نادرست معلومات فراہم کرنے پر بھی چینی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔
[pullquote]ایران میں شدید برفباری، دو کوہ پیما ہلاک[/pullquote]
ایرانی دارالحکومت تہران کے نواح میں پہاڑ سر کرنے کی کوشش میں مصروف دو کوہ پیما شدید برف باری کی وجہ سے ہلاک ہو گئے ہیں۔ ایرانی ایمرجنسی یونٹ کے مطابق اس شدید برف باری کی وجہ سے دو افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ہنگامی حالات سے نمٹنے والے ادارے کے ایک ترجمان کے مطابق یہ ہلاکتیں کولاکچل پہاڑی سلسلے میں پیش آئیں۔ اس سے قبل ایرانی ہلال احمر سوسائٹی نے بتایا تھا کہ برفانی تودے کی زد میں آ کر ایک کوہ پیما ہلاک ہوا ہے جب کہ ایک اور کے ہلاک ہو جانے کا خطرہ ہے۔ تاہم بعد میں تفصیلات ظاہر کیے بغیر بتایا گیا کہ یہ افراد برفانی تودے کی وجہ سے ہلاک نہیں ہوئے۔
[pullquote]طالبان تسلط کی کوشش کی بجائے سیاسی دھارے کا حصہ بنیں، افغان نائب صدر[/pullquote]
افغان نائب صدر امراللہ صالح نے طالبان عسکریت پسندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومت کے خلاف پرتشدد کارروائیوں کی بجائے حکومت کا حصہ بنیں۔ افغان قومی مفاہمتی کونسل کے اجتماع سے خطاب میں صالح نے کہا کہ افغانستان ایک پیچیدہ ملک ہے، جہاں کسی ایک گروہ کا تسلط ناممکن ہے۔ صالح نے کہا کہ طالبان قبائلی رہنماؤں، صحافیوں اور سول سوسائٹی کے ارکان کو ہلاک کر کے کبھی یہ جنگ نہیں جیت سکتے۔ یہ بات اہم ہے کہ طالبان افغان حکومت کو ’غیراسلامی‘ قرار دیتے ہوئے اس کے خاتمے اور ملک میں ’حقیقی اسلامی حکومت‘ کے قیام کا نعرہ لگاتے ہیں۔
[pullquote]چینی معیشت 2028 تک امریکا کو پیچھے چھوڑ دے گی، رپورٹ[/pullquote]
چین کی کورونا وائرس سے نمٹنے کی حکمت عملی اسے اندازوں سے کہیں پہلے، یعنی اسی دہائی کے اختتام سے قبل ہی دنیا کی سب سے بڑی معیشت بنا سکتی ہے۔ یہ اندازہ ایک برطانوی تھنک ٹینک نے لگایا گیا ہے۔ ’دی سینٹر فار اکنامکس اینڈ بزنس ریسرچ‘ کی تازہ رپورٹ کے مطابق بیجنگ 2028ء تک، اِس وقت دنیا کی سب سے بڑی معیشت امریکا کو پیچھے چھوڑ دے گا۔ اس سے قبل یہ اندازہ 2033ء کا تھا۔
[pullquote]گورنر کی ہیلی کاپٹر کریش میں ہلاکت کا واقعہ، چار افراد گرفتار[/pullquote]
میکسیکو میں ایک ہیلی کاپٹر حادثے میں وسطی میکسیکن گورنر اور ان کے شوہر کی ہلاکت کے واقعے سے تعلق کے شبے میں چار افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ یہ واقعہ 2018 میں پیش آیا تھا۔ جمعے کے روز حکام نے بتایا کہ آگسٹا ون او نائن ہیلی کاپٹر پرواز بھرنے کے دس منٹ بعد گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ اس واقعے میں پوبیلا ریاست کی نومنتخب گورنر مارتھا ایرکا الونسو اور ان کے شوہر اور سابق گورنر رافائل مونینو ویلے کے علاوہ تین افراد ہلاک ہوئے تھے۔ مقامی حکام کے مطابق اس حادثے کی وجہ ہیلی کاپٹر میں وہ نقص تھا، جس کے علم ہونے کے باوجود اسے نظرانداز کیا گیا۔
بشکریہ ڈی ڈبلیو اردو