وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف سمیت تمام سیاسی جماعتوں کی فارن فنڈنگ کے معاملات عوام کے سامنے آنے چاہئیں۔
وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور وزیر مملکت فرخ حبیب نے لاہور میں گورنر ہاؤس میں پریس کانفرنس کی۔
اس موقع پر فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ الیکشن کمیشن میں فارن فنڈنگ کے مقدمات پر مناسب پیشرفت نہیں ہو رہی، پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کی فارن فنڈنگ کے معاملات عوام کے سامنے آنے چاہئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بہت سی شدت پسند جماعتیں بھی الیکشن کمشن میں رجسٹرڈ ہوگئی ہیں جن کی فنڈنگ کے ذرائع کا کچھ پتا نہیں، جمعیت علمائے اسلام، جماعت اسلامی اور تحریک لبیک کی فنڈنگ کی بھی تحقیقات ہونی چاہئیں
ان کا کہنا تھاکہ حکومت الیکشن کمیشن کو مضبوط بنانا چاہتی ہے، الیکشن کمیشن سنجیدگی سے آگے بڑھے، ملکی الیکشن سو فیصد ووٹنگ مشین پرہوسکتے ہیں۔
گوادر کے حوالے سے فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ حکومت بلوچستان کے عوام کے مسائل ضرورحل کرے گی، گوادر کے عوام کے بنیادی مسائل ماضی کی حکومتوں نے حل نہیں کیے۔