[pullquote]اسرائیلی وزیر دفاع کی فلسطینی صدر سے ملاقات[/pullquote]
اسرائیلی وزیر دفاع بینی گانٹز نے فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کی ہے۔ یہ ملاقات اسرائیلی وزیر دفاع کے گھر پر ہوئی۔ اس ملاقات کا مقصد اقتصادی اور سلامتی رابطوں میں اضافہ تھا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ دوسری ملاقات ہے۔ اس سے قبل محمود عباس نے مقبوضہ مغربی کنارے میں رواں برس اگست میں گانٹز کی میزبانی کی تھی۔ فلسطینی صدر کے ایک ترجمان کے مطابق اس ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان سیاسی راہ نکالنے کی ضرورت پر زور دیا۔ گانٹز نے بھی اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ ملاقات میں اقتصادی اور شہری رابطوں میں اضافے کے علاوہ دہشت گردی اور تشدد کے انسداد کے لیے باہمی تعلقات کو بہتر بنانے پر بات کی گئی۔
[pullquote]یونانی جزیرے کریٹ پر زلزلے کے جھٹکے[/pullquote]
یونانی جزیرے کریٹ پر بدھ کے روز زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت پانچ اعشاریہ سات بتائی گئی ہے۔ حکام کے مطابق فی الحال اس زلزلے کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کی اطلاعات نہیں ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق یہ زلزلہ عالمی وقت کے مطابق صبح چار بج کر آٹھ منٹ پر کریٹ جزیرے کے جنوبی حصے اروی سے 48 کلومیٹر دور بحیرہء ایجیئن میں آیا۔ واضح رہے کہ بحیرہء ایجیئن ہی میں اکتوبر 2020 ء میں سات کی شدت سے زلزلہ آیا تھا، جس کے نتیجے میں ترکی میں ایک سو چودہ جب کہ یونان میں دو افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
[pullquote]سوڈان میں کان حادثہ، ہلاکتوں کی تعداد 38 ہو گئی[/pullquote]
سوڈان میں سونے کی ایک کان منہدم ہو جانے کے واقعے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 38 ہو گئی ہے۔ معدنی وسائل سے متعلق سوڈانی کمپنی کے مطابق ویک اینڈ پر یہ کان منہدم ہو گئی تھی، جب کہ بدھ کو ریسکیو اہلکاروں کو مزید لاشیں ملیں۔ فی الحال یہ معلوم نہیں ہے کہ حادثے کے وقت اس کان میں کتنے افراد موجود تھے۔ 44 ملین نفوس کے ملک سوڈان میں سونے کی کان کنی بنیادی اقتصادی سرگرمی ہے۔ سن 2018 میں سوڈان نے 93 ٹن سونا برآمد کیا۔
[pullquote]پولیس چھاپوں کے بعد ہانگ کانگ میں جمہوریت پسند ویب سائٹ بند[/pullquote]
ہانگ کانگ میں پولیس کی جانب سے دفتر پر چھاپے اور چھ ملازمین کی گرفتاری کے بعد جمہوریت پسند نیوز ویب سائٹ اسٹینڈ بند ہو گئی ہے۔ اس ادارے کی جانب سے اپنی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پر جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ویب سائٹ اب اپ ڈیٹ نہیں ہو گی، جب کہ اس سے جڑے تمام ملازمین برطرف کر دیے گئے ہیں۔ یہ ادارہ ہانگ کانگ میں جمہوریت کی ایک مضبوط آواز سمجھا جاتا تھا۔ اس سے قبل ہانگ کانگ میں ایپل ڈیلی نیوزپیپر کو بھی بند کر دیا گیا تھا جب کہ اس کے مدیروں کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔
[pullquote]امریکا کو ایران کے ساتھ جوہری مذاکرات میں پیش رفت کی امید[/pullquote]
امریکا نے ایران کے ساتھ جاری جوہری مذاکرات میں پیش رفت کی امید کا اظہار کیا ہے، تاہم ساتھ ہی امریکا کی جانب سے یورپی مذاکرات کاروں کے اس پیغام کو بھی دوہرایا گیا ہے کہ ایران فوری طور پر اپنے جوہری پروگرام سے پیچھے ہٹ جائے۔ واشنگٹن میں صحافیوں سے بات چیت میں امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائز نے کہا کہ ان مذاکرات میں کسی حد تک پیش رفت ہو سکتی ہے۔ پیر کے روز سے ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے نمائندے ویانا میں سن 2015 کے جوہری معاہدے کے احیاء کی کوشش میں ہیں۔
[pullquote]صنعا میں اقوام متحدہ اور دیگر عالمی امدادی اداروں کی پروازیں بحال[/pullquote]
اقوام متحدہ اور عالمی امدادی تنظیموں نے ایک مرتبہ پھر یمن میں اپنا کام شروع کر دیا ہے۔ منگل کے روز عالمی ادارے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ صنعا کا ہوائی اڈا اب عالمی اداروں کے لیے ایک مرتبہ پھر فعال ہو چکا ہے۔ حوثی باغیوں کے مطابق سعودی اتحادی طیاروں کے حملے میں اس ہوائی اڈے کو نقصان پہنچا تھا۔ یمنی حوثی باغیوں کے مطابق صنعا کے ہوائی اڈے پر نیویگیشن اور کمیونیکش آلات کی عارضی مرمت کی جا چکی ہے، جس کے بعد اقوام متحدہ اور عالمی اداروں کو یہ ہوائی اڈا دوبارہ استعمال کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ یمن سن 2014 کے آخر سے داخلی لڑائی کا شکار ہے، جب کہ سن 2015 سے سعودی قیادت میں عرب اتحاد حوثی باغیوں کے خلاف عسکری کارروائیاں کر رہا ہے۔
[pullquote]آسٹریلیا میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں زبردست اضافہ[/pullquote]
آسٹریلیا میں کورونا وائرس کے کیسز میں ریکارڈ اضافہ دیکھا گیا ہے۔ آسٹریلوی وزیراعظم اسکاٹ موریسن نے اسی تناظر میں کابینہ کا ہنگامی اجلاس بھی طلب کر لیا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ آسٹریلیا میں کورونا وائرس کے اس تیز رفتار پھیلاؤ کی وجہ اومیکرون ویریئنٹ ہے۔ گزشتہ روز سڈنی اور نواحی علاقوں میں کورونا کیسز کی تعداد گیارہ ہزار ہو گئی، جو اس سے پچھلے روز چھ ہزار تھی۔ صحافیوں سے بات چیت میں موریسن نے کہا کہ اومیکرون کے پھیلاؤ کی وجہ سے حالات بگڑ رہے ہیں جب کہ حکام اس پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے اپنے منصوبوں پر عمل پیرا ہیں۔
[pullquote]یمن میں مخلوط حکومت کی ضرورت ہے، ایران[/pullquote]
ایران نے مطالبہ کیا ہےکہ خانہ جنگی کے شکار ملک یمن میں ایک مخلوط حکومت قائم کی جائے، جس میں تمام یمنی فریقوں کی نمائندگی شامل ہو۔ ایرانی وزیرخارجہ حسین عامر عبدالہیان نے ایک یادگاری تقریب سے خطاب میں کہا کہ یمن کے قومی اتحاد اور سلامتی کے لیے ضروری ہے کہ یمنی تنازعے کے تمام فریقوں پر مشتمل ایک حکومت قائم ہو۔ یہ بات اہم ہے کہ یمنی تنازعے میں ایران حوثی باغیوں کی پشت پناہی کرتا ہے، جب کہ سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد عالمی سطح پر تسلیم شدہ یمنی حکومت کی حمایت کرتا ہے۔
[pullquote]جرمنی نارتھ اسٹریم ٹو پائپ لائن منصوبے میں تاخیر سے اجتناب کرے، روسی سفیر[/pullquote]
روسی سفیر برائے جرمنی سیرگئی نیتھایف نے کہا ہے کہ جرمنی نارتھ اسڑیم ٹو پائپ لائن کے ذریعے گیس کی ترسیل سے متعلق فوری فیصلہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ اس پائپ لائن سے متعلق فیصلوں میں مصنوعی تاخیر کسی کے حق میں بہتر نہیں ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ روس بحیرہ بالٹک کے ذریعے جرمنی کو گیس کی ترسیل فوری طور پر شروع کر سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ نئی جرمن حکومت صارفین کے فائدے کے لیے اس منصوبے کو عملی انداز سے جانچے گی۔
[pullquote]ترکی، چاقو حملے میں ایک شخص زخمی[/pullquote]
ترکی میں ایک کرد نواز جماعت کے ایک دفتر پر ہونے والے ایک چاقو حملے میں ایک شخص زخمی ہو گیا۔ بتایا گیا ہے کہ اس حملے میں ملوث مشتبہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق حملہ آور استنبول میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی HDP کے دفتر میں داخل ہوا اور قتل کی دھمکیاں دیں۔ ترک اخبار جمہوریت کا کہنا ہے کہ اس کے بعد اس حملہ آور نے ایک شخص کو چاقو سے زخمی کر دیا۔ رواں برس ایچ ڈی پی کے دفتر پر حملے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل جون میں ایک مسلح حملہ آور نے ازمیر صوبے میں اس جماعت کے دفتر میں داخل ہو کر ایک خاتون ملازمہ کو قتل کر دیا تھا۔
[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]