[pullquote]خواتین کے خلاف تشدد خدا کی توہین کے مترادف ہے، پوپ فرانسس[/pullquote]
کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے اپنے سال نو کے پیغام میں خواتین پر تشدد کو خدا کی توہین کے مترادف قرار دے دیا ہے۔ پچاسی سالہ پوپ نے ہفتے کے دن ویٹی کن کے سینٹ پیٹرز باسلیکا میں خصوصی تقریب سے خطاب میں کہا کہ خواتین کے خلاف تشدد کو ختم کرنا ضروری ہے۔ کووڈ انیس کی وجہ سے اس تقریب میں خصوصی حفاظتی اقدامات کیے گئے تھے۔
[pullquote]خلائی سائنس میں تحقیق ہمارا حق ہے، ایرانی حکام[/pullquote]
ایران نے کہا ہے کہ سائنسی اور بالخصوص خلائی اور ایروناٹکس میں تحقیق جاری رکھنا اس کا حق ہے۔ ایرانی دفتر خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادے کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب ایران کی طرف سے ایک ٹیسٹ سیٹیلائٹ مدار میں روانہ کرنے پر امریکا اور فرانس نے تنقید کی ہے۔ خطیب زادے کے مطابق یہ تجربہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف وزری نہیں ہے۔ مغربی ممالک کو خدشات ہیں کہ ایران اس خلائی ٹیکنالوج کا استعمال کرتے ہوئے دور تک مار کرنے والے میزائل تیار کر سکتا ہے۔
[pullquote]بھارتی کشمیر میں بارہ ہندو یاتری بھگدڑ میں ہلاک[/pullquote]
بھارتی زیرانتظام کشمیر میں ایک مندر میں بھگدڑ کے ایک واقعے میں بارہ افراد مارے گئے ہیں۔ حکام نے ہفتے کے دن بتایا کہ یہ واقعہ وِشنو دیوی کے ایک مندر میں رات کے وقت اس وقت رونما ہوا، جب لوگ وہاں مذہبی عبادت کے لیے جمع تھے۔ بتایا گیا ہے کہ سال نو کی خصوصی عبادت کے موقع پر وہاں جمع سبھی ہندو یاتری مندر میں داخل ہونا چاہتے تھے اور اسی کوشش میں اچانک بھگدڑ مچ گئی۔ بتایا گیا ہے کہ اس حادثے میں تیرہ یاتری زخمی بھی ہوئے ہیں۔
[pullquote]جرمنی نے مزید تین جوہری پاور پلانٹس بند کر دیے[/pullquote]
جرمنی میں فعال آخری چھ جوہری پاور پلانٹس میں سے مزید تین کو بند کر دیا گیا ہے۔ سن دو ہزار گیارہ میں جاپان کے فوکو شیما ایٹمی ری ایکٹر میں حادثے کے بعد برلن حکومت نے اپنے ہاں قائم جوہری توانائی گھروں کو مرحلہ وار بند کرنے کا اعلان کیا تھا اور وہ اب توانائی کے متبادل ذرائع کی طرف پیش قدمی کر رہی ہے۔ سن دو ہزار بائیس کے اوآخر تک جرمنی تمام ایٹمی پاور گھروں کو مکمل طور پر بند کر دے گا۔
[pullquote]کووڈ کے باوجود جنوبی کوریا کی برآمدات میں خوش کن اضافہ[/pullquote]
سن دو ہزار اکیس کے دوران جنوبی کوریا کی برآمدات میں اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔ کووڈ انیس کی عالمی وبا اور اس کے نتیجے میں عالمی رسد میں ہونے والی کمی کے باوجود ایشیا کے چوتھی سب سے بڑی معیشت کی اس اقتصادی ترقی کی وجہ سیمی کنڈیکٹرز اور ادویہ سازی کی صنعت میں عالمی مانگ میں اضافہ بنی۔ اس کے علاوہ جنوبی کوریا کی گاڑیوں، اسٹیل سے جڑی ایکسپورٹ میں بھی نمایاں اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔
[pullquote]صنعا ہوائی اڈے کے لیے کمیونیکشن آلات، اقوام متحدہ کی درخواست[/pullquote]
اقوام متحدہ نے یمن کی عالمی حمایت یافتہ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ باغیوں کے زیر قبضہ صنعا کے ہوائی اڈے پر کمیونیکشن آلات پہنچانے کی اجازت دی جائے۔ سعودی عسکری اتحاد کے فضائی حملوں کی وجہ سے یہ ہوائی اڈہ متاثر ہوا، جس کی وجہ سے حوثی باغیوں کے زیر انتظام شمالی علاقوں کے لیے امدادی پروازیں بھی معطل ہو کر رہ گئی تھیں۔ ایران نواز باغیوں نے ستائیس دسمبر کو اس ہوائی اڈے کو فعال کر دیا تھا تاہم اقوام متحدہ کے مطابق امدادی کاموں میں سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے کمیونیکشن کے مجوزہ آلات صنعا پہنچانا لازمی ہیں۔
[pullquote]کووڈ انیس کی وجہ سے ایک اور سال نو کی خوشیاں ماند[/pullquote]
کووڈ انیس کی نئی قسم اومیکرون کے خطرات کی وجہ سے دنیا بھر کے زیادہ تر ممالک میں سال نو کی سرکاری تقریبات کو منسوخ کر دیا گیا۔ یہ مسلسل دوسرا سال ہے، جب اس عالمی وبا کی وجہ سے نئے سال کے ایونٹس متاثر ہوئے ہیں۔ امریکا سمیت جرمنی اور متعدد یورپی ممالک میں بھی اس بار روایتی آتش بازی کی تقریبات کا اہتمام ماضی کی طرح نہ کیا گیا۔ اس کی وجہ اجتماعات سے بچنا تھا تاکہ اومیکرون کے پھیلنے سے بچا جا سکے۔
[pullquote]بھارت میں کووڈ کے کیس پھر بڑھتے ہوئے[/pullquote]
بھارت میں کووڈ انیس کے کیسز میں غیر معمولی اضافہ نوٹ کیا جا رہا ہے۔ حکام نے بتایا ہے کہ ہفتے کے دن ملک بھر میں بائیس ہزار سے زائد نئے کیس درج کیے گئے۔ محکمہ صحت کے ان اعدادوشمار کے مطابق نئے رجحانات کے مطابق دارالحکومت نئی دہلی، اقتصادی مرکز ممبئی اور گنجان آباد شہر کولکتہ میں نئے کیسز میں زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ خدشہ ہے کہ اومیکرون کی وجہ سے ایک مرتبہ پھر کووڈ کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔
[pullquote]ڈیسمنڈ ٹوٹو کی آخری رسومات[/pullquote]
جنوبی افریقہ کے آرچ بشپ ڈیسمنڈ ٹوٹو کی آخری رسومات آج بروز ہفتہ کیپ ٹاؤن میں ادا کی جا رہی ہیں۔ نسلی امتیاز کے خلاف آواز اٹھانے والے نوبل انعام یافتہ رہنما چھبیس دسمبر کو نوے برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ انہوں نے اپنے ہم وطن رہنما نیلسن منڈیلا کے ساتھ مل کر ملک میں نسلی تعصب پر مبنی قوانین کے خاتمے کے لیے گران قدر خدمات سر انجام دیں تھی۔ عالمی رہنماؤں نے ان کی موت پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔
[pullquote]سال دو ہزار بائیس میں کووڈ انیس پر قابو پا لیں گے، ڈبلیو ایچ او[/pullquote]
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے امید ظاہر کی ہے کہ رواں سال کووڈ انیس کی عالمی وبا پر قابو پا لیا جائے گا۔ ڈاکٹر ٹیڈراس آڈونم نے البتہ کہا کہ اس عالمی وبا کے خلاف جنگ میں قوم پرستی کو بھول کو سب ممالک کو متحد ہونا پڑے گا۔ دو سال قبل شروع ہونے والی اس وبا کو وجہ سے مصدقہ طور پر دنیا بھر میں دو سو ستاسی ملین افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد پانچ اعشاریہ پانچ ملین بنتی ہے۔
[pullquote]عراق میں امریکی اتحادی غیر ملکی افواج کا جنگی مشن ختم[/pullquote]
عراق نے کہا ہے کہ ملک میں دہشت گرد تنظیم کے خلاف برسر پیکار امریکی اتحادی فورسز نے جنگی مشن ختم کر دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ عراق میں تعینات یہ غیر ملکی فوجی واپس چلے گئے ہیں۔ اب اس فوجی مشن میں شریک غیر ملکی عسکری ماہرین ملکی حکومت اور فوج کو صرف مشاورت اور تعاون فراہم کریں گے جبکہ کوئی غیر ملکی فوجی کسی عسکری کارروائی میں شریک نہیں ہو گا۔ بغداد حکومت نے دسمبر سن دو ہزار سترہ میں داعش کے خلاف جنگی کامیابی کا اعلان کیا تھا۔
[pullquote]جرمنی میں سال نو کے موقع پر حادثات، ایک شخص ہلاک[/pullquote]
جرمنی میں سال نو کے موقع پر ہوئی آتش بازی کے دوران رونما ہونے والے دو مختلف حادثات کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ یہ حادثات گزشتہ رات مغربی جرمن شہروں میں رونما ہوئے۔ بتایا گیا ہے کہ ضلع ہینف کے شہر ہوخل میں ایک سنتیس سالہ شخص ہلاک جبکہ انتالیس سال شدید زخمی ہو گیا جبکہ دوسرا واقعہ دارالحکومت برلن میں پیش آیا، جس میں متعدد بچوں سمیت کل بارہ افراد زخمی ہوئے۔
[pullquote]ڈیون کونوے کی سنچری، بنگلہ دیش کی عمدہ بولنگ[/pullquote]
نیوزی لینڈ کی قومی کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن پانچ وکٹوں کے نقصان پر دو سو اٹھاون رنز بنا لیے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے بے اوول میں جاری اس میچ میں مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بنگلہ دیش کے بولرز نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا لیکن ڈیون کونوے نے ایک سو بائیس رنز کی شاندار اننگرز سے اپنی ٹیم کو سہارا دیا۔
[pullquote]بشکریہ ڈی ڈبلیو اُردو[/pullquote]