[pullquote]دانیہ کی عامر لیاقت کی آخری رسومات میں شرکت کی خواہش، بیان سامنے آگیا[/pullquote]
گزشتہ روز انتقال کرجانے والے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ دانیہ ملک نے شوہر کی آخری رسومات میں شرکت کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
انسٹاگرام پر عامر لیاقت کے انتقال کے بعد دانیہ ملک کا نجی میڈیا کو دیا گیا انٹرویو وائرل ہورہا ہے جس میں انہوں نے عامر لیاقت کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔
ویڈیو بیان میں دانیہ نے کہا کہ عامر لیاقت نے مجھے 2 دن قبل انسٹا پر میسج بھی کیا تھا لیکن میں نے ان کی بات کا جواب نہیں دیا تھا تاہم میری والدہ سے ان کی روزانہ بات ہوتی تھی۔
دانیہ ملک کا کہنا تھا کہ عامر لیاقت کی آخری رسومات میں جانا چاہتی ہوں لیکن میری والدہ چاہیں تو میں جاؤں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے عامر کو معاف کردیا ہے، میاں بیوی کی کوئی ناراضگی نہیں ہوتی، جو بھی تھا برا وقت تھا جو گزر جاتا ہے اور پھر سب ٹھیک ہوجاتا ہے۔
انسٹاگرام پر دانیہ کی ایک اور ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں انہوں نے عامر لیاقت کی تدفین میں شرکت کے لیے اعلیٰ حکام سے درخواست کی اور کہا کہ ہماری تو صلح ہورہی تھی مجھے تو پتا ہی نہیں تھا کہ وہ مجھے چھوڑ کر چلے جائیں گے۔
دانیہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے درخواست کی کہ میں ان کے پاس جانا چاہتی ہوں، مجھے سکیورٹی کے ساتھ عامر لیاقت کی آخری رسومات میں شرکت کی اجازت دی جائے۔
[pullquote]عامر لیاقت کی وفات پر سابقہ اہلیہ طوبیٰ انور کا ردعمل بھی سامنے آگیا[/pullquote]
رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت کی دوسری سابقہ اہلیہ طوبیٰ انور نے بھی ان کی وفات پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
طوبیٰ انور نے انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے عامر لیاقت کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا اور لکھا کہ ’اپنی زندگی کے دوران عامر لیاقت نے بہت سی زندگیوں کو متاثر کیا، میری دعا ہے کہ عامر لیاقت حسین کی آگے کی زندگی آسان ہو۔
طوبیٰ نے اپنی اسٹوری میں درخواست کی کہ ’میری سب سے درخواست ہے کہ خدارا جن کا نقصان ہوا ہے اُن کی نجی زندگی کا احترام کرتے ہوئے انھیں تھوڑی پرائیویسی دیں‘۔
یاد رہے کہ اس سے قبل عامر لیاقت کی پہلی سابقہ اہلیہ سیدہ بشریٰ اقبال اور تیسری اہلیہ دانیہ ملک کا ردعمل بھی سامنے آچکا ہے جس میں دونوں خواتین نے ان کی موت پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔
عامر لیاقت نے تین شادیاں کیں، ان کی پہلی اہلیہ سیدہ بشریٰ تھیں جن سے ان کے دو بچے ہیں جن میں ایک بیٹا احمد اور بیٹی دعا شامل ہیں تاہم 2020 میں بشریٰ نے عامر لیاقت سے علیحدگی کی تصدیق کر دی تھی۔
عامر لیاقت نے دوسری شادی کی تصدیق دسمبر 2018 میں کی تھی، ان کی دوسری شادی طوبیٰ انور سے ہوئی لیکن یہ شادی بھی زیادہ عرصہ نہ چل سکی اور طوبیٰ نے بھی فروری 2022 میں عامر لیاقت سے علیحدگی کی تصدیق کر دی۔
فروری 2022 میں عامر لیاقت نے تیسری شادی دانیہ شاہ سے کی لیکن 3 ماہ بعد دانیہ نے تنسیخ نکاح کا دعویٰ دائر کر دیا۔