اسلام آباد: حکومت، اس کے اتحادی اور پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے معاملے میں فل کورٹ بنچ کے لیے کل سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے معاملے میں حکومتی اتحادی اور پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں نے فل کورٹ تشکیل دینے کے لیے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکومتی اتحادی اور پی ڈی ایم کی جماعتوں کے قائدین کل صبح ساڑھے 10 بجے مشترکہ پریس کانفرنس میں اہم اعلان کریں گے اور پریس کانفرنس کے بعد اپنے وکلاء کے ہمراہ مشترکہ طور پر سپریم کورٹ جائیں گے۔اطلاعات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب، سپریم کورٹ بار کی نظر ثانی درخواست اور متعلقہ درخواستوں کی ایک ساتھ سماعت کرنے کی استدعا کی جائے گی۔
اس درخواست کے لیے پاکستان مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، جے یو آئی (ف) سپریم کورٹ جائیں گے۔ درخواست گزاروں میں ایم کیوایم، اے این پی، بی این پی، باپ سمیت دیگر اتحادی جماعتیں بھی شامل ہیں۔