دبئی: متحدہ عرب امارات کے معروف تاجر عمر فاروق نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کو سعودی ولی عہد کی جانب سے ملی گھڑی اور دیگر تحائف میں نے 20 لاکھ ڈالرز کی رقم ادا کر کے فرح خان سے خریدے۔
نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں تاجر عمر فاروق نے دعویٰ کیا کہ سابق مشیر برائے احتساب و داخلہ شہزاد اکبر نے 2019 میں گھڑی، انگوٹھی اور دیگر تحائف بیچنے کیلیے رابطہ کیا، عمران خان کو ملے سعودی ولی عہد کے تحائف دبئی میں فرح خان میرے دفتر میں لائیں۔
تاجر کے مطابق ’فرح گوگی نے بتایا تھا کہ سعودی ولی عہد نے یہ تحفے دیے کہ جس کی میں نے اپنے ذرائع سے تصدیق کروائی اور تصدیق کے بعد عمران خان کو سعودی ولی عہد سے ملے تحائف 20 لاکھ ڈالر میں خریدے‘۔
عمر فاروق نے کہا کہ شہزاد اکبر جانتے تھے کہ میں گھڑیوں کا شوقین ہوں، اس لیے انہوں نے رابطہ کیا۔
[pullquote]احسن جمیل گجر کی عمر فاروق کے دعوے کی تردید[/pullquote]
دوسری جانب فرح گوگی کے شوہر احسن جمیل گجر نے نجی ٹی وی کے پروگرام ’کل تک‘ میں جاوید چوہدری کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’فرح یا میں شہزاد اکبر کو نہیں جانتے اور نہ ہی عمر فاروق کو جانتے ہیں‘۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ ہمارے لین دین والے تعلقات نہیں اور نہ ہی انہوں نے کبھی کوئی تحفہ مجھے یا فرح کو دیا۔
احسن جمیل گجر نے کہا کہ ’دبئی میں جیولرز کی دکانوں پر سی سی ٹی وی کیمرے لگے ہوئے ہیں، وہ دعوے کے ساتھ فوٹیج بھی نکال کر لے آئیں، اتنی بڑی ڈیل کرنے والے شخص نے اپنے دفتر میں تو کیمرے لگائے ہی ہوں گے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ کہانی من گھڑت اور بے بنیاد ہے، جس ملک میں رانا ثنا اللہ جیسا وزیر داخلہ ہو وہاں پر کیسز کا اللہ ہی حافظ ہے، حکومت ہمارے ساتھ اہل و عیال، عزیز و اقارب کی تضحیک کررہی ہے‘۔
[pullquote]عمر فاروق کو گھڑی فروخت کی نہ اس شخص کا عمران خان سے کوئی تعلق ہے، فواد چوہدری[/pullquote]

پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چوہدری نے دبئی کے تاجر عمر فاروق ظہیر کے دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پانچ ملین ڈالر کی گھڑی کبھی کسی وزیر اعظم کو تحفے میں نہیں دی گئی۔
دبئی کے تاجر کے دعوے پر فواد چوہدری نے کہا کہ تاجرعمرفاروق کوگھڑی فروخت نہیں کی گئی،نہ ہی اس شخص کا عمران خان سے کوئی تعلق ہے، پانچ ملین ڈالر کی گھڑی کبھی کسی وزیراعظم کو تحفہ میں نہیں دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ عمرفاروق نے بتایا اس گھڑی کی قیمت پانچ ملین ڈالر ہے،لیکن میں نےدو ملین ڈالر میں خریدی، عمران خان نے توشہ خانہ سے قانون کے مطابق گھڑی خریدی، یہ گھڑی عمران خان کے ٹیکس ریٹرن اور الیکشن کمیشن کے گوشواروں میں ظاہر کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کیخلاف جب کچھ نہ ملا تو توشہ خانہ کا کیس بنادیا گیا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے سابق رہنما فیصل واؤڈا نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹویٹر پر عمر فاروق کے ہمراہ ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ تاجر عمر فاروق سے ملاقات میری وزارت کے دفتر میں وزیراعظم ہاؤس کی ہدایت پر ہوئی تھی۔
عمر فاروق سے ہونے والی یہ ملاقات میری وزارت کے دفتر میں وزیراعظم آفس کی ہدایت پر ہوئی تھی جس میں میرے علاوہ دیگر چار وزیر اور تمام وزارتوں اعلی حکام بھی موجود تھے- عمر فارق اور دیگر سے ہونے والی یہ ملاقات دبئی ڈیلیگیشن کےتحت ہوئی تھی-اس تصویر کو جو رنگ دینا چاہیں دیں کوئی ڈر نہیں pic.twitter.com/Q7m7WIq6Fo
— Faisal Vawda (@FaisalVawdaPTI) November 15, 2022
انہوں نے کہا کہ اس ملاقات میں میرے علاوہ چار وزیر اور تمام وزارتوں کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ عمر فارق اور دیگر سے ہونے والی یہ ملاقات دبئی ڈیلیگیشن کےتحت ہوئی تھی- فیصل واؤڈا نے کہا کہ اس تصویر کو جو رنگ دینا چاہیں دیں مجھے اس کا کوئی ڈر یا خوف نہیں ہے۔