اسلام آباد : وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے کلیار شریف انڈیا میں حضرت خواجہ علاؤالدین علی احمد صابر ؒ کے سالانہ عرس میں شرکت کے خواہشمند پاکستانی زائرین سے31مارچ، 2023تک زیارت فارم کے ذریعے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔ درخواستوں کے ہمراہ وزارت کے نام ایک ہزار روپے (Rs.1000/-)کا ناقابلِ واپسی بینک ڈرافٹ لَف کرنا لازم ہے۔
عرس کی تقریبات 25ستمبر تا 2اکتوبر2023ء، کلیار شریف بھارت میں جاری رہیں گی۔ وزارت سے جاری بیان کے مطابق 200پاکستانی زائرین کوعرس میں شرکت کیلئےانڈیا بھجوایا جائے گا ۔ عرس کیلئے درخواستیں زیادہ موصول ہونے پر 5 مئی 2023ءکو دن 11بجے وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی میں قرعہ اندازی کے ذریعے 200زائرین کا انتخاب کیا جائے گا۔عرس سے متعلق دیگر تفصیلات ہدایات درخواست فارم وزارت کی ویب سائٹ اور فیس بک پیج پر دستیاب ہیں۔ وزارت پرانے فارم پر کوئی درخواست قبول نہ کرے گی۔عوام آگہی کیلئے یہ بھی تاکید کی جاتی ہے کہ تمام درخواستیں وزارت میں براہ راست بھجوائیں۔ وزارت نے کسی فرد/ادارے یا کمپنی کو خود سے درخواستیں جمع کرنے یا پراسس کرنے کی اجازت نہیں دی۔