اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے تھانہ آئی نائن میں درج مقدمے میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو اشتہاری قرار دے دیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے خلاف مقدمے کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔ حکم نامے کے مطابق علی امین گنڈا پور کو اشتہاری قراردینے کے بعد کیس کے دیگر ملزمان سے الگ کردیا گیا ہے۔ ملزمان راجہ راشد حفیظ،واثق قیوم،راجہ خرم نواز،فیصل جاوید اورعمر تنویر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے گیے۔
تمام غیر حاضر ملزمان کے وکلاء سردار مصروف،مرتضی طوری،زاہد بشیر ڈار نے حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کی۔ عدالت نے غیرحاضر ملزمان کی حاضری سے معافی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ تمام غیرحاضر ملزمان کے ضمانتی مچلکے منسوخ کیے جاتے ہیں۔ کیس کی سماعت 28 نومبر تک ملتوی کردی گئی۔