صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے قائد اعظم محمد علی جناح کو یوم ولادت پر زبر دست خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ قائد اعظم نے ایک سیاسی جدو جہد کے ذریعے تاریخ کا دھارا بدلا، قائد کے وژن، عزم اور استقلال کی بدولت مسلمانوں کو آزاد وطن میسر ہوا۔
انہوں نے کہا کہ نازک ترین دور میں قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت ان کی غیر معمولی صلاحتیوں کا ثبوت ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قائد اعظم نے وہ کر دکھایا جسے لوگ ناممکن سمجھتے تھے، ان کی انتھک محنت کی بدولت پاکستان وجود میں آیا، قائداعظم اتحاد، انصاف اور مساوات پر یقین رکھتے تھے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قائد کی جدوجہد کا سفر محنت اور لگن کے ذریعے خوابوں کی تعبیر کا ثبوت ہے، ہمارا فرض ہے کہ قوم کی ترقی، خوشحالی اور اتحاد کے لیے محنت کریں۔
بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا یومِ پیدائش آج جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے
بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا یوم پیدائش آج روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
بابائے قوم کے یوم ولادت پر آج ملک بھر میں عام تعطیل ہے، سرکاری اور غیرسرکاری ادارے خصوصی تقریبات کا انعقاد کریں گے۔
قائداعظم کے یوم پیدائش پر دن کا آغاز وفاق اور صوبائی دارالحکومت میں توپوں کی سلامی سے ہوا اور بابائے قوم کے یوم پیدائش کی مناسبت سے کراچی سمیت ملک بھر میں خصوصی تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔
بانی پاکستان کے یوم پیدائش پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب مزار قائد پر منعقد کی گئی جہاں پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے چاق چوبند دستے نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالے۔
بابائے قوم کے یوم پیدائش کے موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری ،وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ، صوبائی کابینہ، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب ، سمیت دیگر اعلی سول فوجی حکام اور اہم شخصیات مزار قائد پر حاضری دیں گی اور فاتحہ خوانی کریں گے، یہ شخصیات قائد اعظم کی خدمات پر ان کو خراج عقیدت پیش کریں گی۔
دوسری جانب پاک فوج کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سروسز چیفس نے بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افواج قائداعظم کے وژن اور بے مثال قیادت کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں، بانی پاکستان کی انتھک جدوجہد نے ہمارے عوام کو متحد کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے خودمختار اور آزاد پاکستان کی بنیاد رکھی ، قائداعظم کے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں کیلئے غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کرتے ہیں ۔