اہم خبریں
سندھ، لاہور اور بلوچستان ہائی کورٹ سے 3 ججز کا اسلام آباد ہائی کورٹ میں تبادلہ کردیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان تحریک انصاف کو 8 فروری کے احتجاج سے متعلق خبردار کردیا۔
حکومت نے 14 شہروں میں نئے پاسپورٹ کاؤنٹر بنادیئے ہیں .
ریاست نےامن جرگے سے خیبر پختونواہ کے ضلع کرم میں اسسٹنٹ کمشنر پر فائرنگ کے ملزمان کی حوالگی کا مطالبہ کیا ہے
پاکستانی نوجوان کی محبت میں کراچی آئی امریکی خاتون اونیجا کو کراچی کے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
ملتان میں گیس باؤزر دھماکے کے مزید 3 زخمی دم توڑ گئے جس کے بعد افسوس ناک واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد 16 ہوگئی ہے
امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں لگنے والی خوفناک آگ پر بالآخر 3 ہفتوں بعد قابو پالیا گیا۔
آئی سی سی نے پاکستان میں ہونے والی سہہ ملکی ون ڈے سیریز کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کر دیا۔
پاکستان میں سونےکی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر جاپہنچی ہے۔
آئی بی سی اردو کے خصوصی فیکٹ چیک میں جانیے آج کی فیک نیوز کیا ہے ؟
یوٹیوب لنک
سندھ، لاہور اور بلوچستان ہائی کورٹ سے 3 ججز کا اسلام آباد ہائی کورٹ میں تبادلہ کردیا گیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کی منظوری کے بعد وفاقی وزارت قانون و انصاف نے ججز کے تبادلوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور ہائی کورٹ سے جسٹس سرفراز ڈوگر سندھ ہائی کورٹ سے جسٹس خادم حسین سومرو، بلوچستان ہائی کورٹ سے جسٹس محمد آصف کا اسلام آباد ہائی کورٹ میں تبادلہ کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان تحریک انصاف کو 8 فروری کے احتجاج سے متعلق خبردار کردیا۔
لاہور میں نئے پاسپورٹ آفس کے افتتاح کے موقع میڈیا سے گفتگو میں محسن نقوی کا کہنا تھاکہ 14 شہروں میں پاسپورٹ کاؤنٹر بنانےجارہے ہیں، عوام کو پاسپورٹ کے اجرا کےلیے سہولت پہنچارہے ہیں، نادرا اور پاسپورٹ حکام ملکر شہریوں کو سہولت فراہم کریں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ گجرات اور فیصل آباد ڈویژنوں سے لوگ بڑی تعداد میں غیر قانونی طور پر بیرونِ ملک جاتے ہیں ، بھیجنے والے اصل ذمے دار ہیں ، ان کا پورا بندوبست کریں گے ، ایف آئی اے میں بڑی تبدیلیاں نظر آئیں گی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے امریکا کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں، اس کے نتائج جلد نظر آئیں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ غیر قانونی اور جعلی دستاویزات پر بیرون ملک جانے والوں کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں، سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں میں حقائق نہیں ہوتے، کوئی پاکستانی جائز طریقے سے بیرون ملک جاتا ہے تو خوشی ہوتی ہے۔
پی ٹی آئی کے احتجاج کے حوالے سے وزیر داخلہ نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف سے درخواست کریں گے کہ 8 فروری کو احتجاج نہ کریں، اگر انہوں نے 26 نومبر کی طرح ہماری بات نہ مانی تو پھر وہی کریں گے، ریاست حرکت میں آئے گی۔
اس سوال پر کہ اگر امریکا سے بانی پی ٹی آئی کے لیے کال آئی تو مان لیں گے یا انکار کردیں گے؟ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ٹھینگا دکھا دیا۔
https://www.facebook.com/share/v/18qxSomsyv/
خیبر پختونخواہ ضلع کرم میں گزشتہ روز اسسٹنٹ کمشنر پر فائرنگ کے واقعے سے متعلق حکومت نے جرگے سے ملوث افراد کی حوالگی کا مطالبہ کردیا۔اسسٹنٹ کمشنرسعید منان اسپتال میں بدستور زیرعلاج ہیں اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے. گزشتہ روز کرم کے علاقے بوشہرہ میں اسسٹنٹ کمشنر فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہوئے تھے، واقعے میں 3 اہلکار بھی زخمی ہوئے جن میں سے آج ایک دم توڑ گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر پرفائرنگ کامقصد کوہاٹ میں گرینڈ جرگے کو ناکام بنانا تھا لیکن گزشتہ روزجرگہ کامیابی سےمنعقد ہوا ، معاہدے کے تحت فریقین کو اسلحہ جمع کرانا ہوگا اور بنکرز گرانےہوں گے۔
https://x.com/ibcurdu/status/1885799091055251515?s=46
امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں لگنے والی خوفناک آگ پر بالآخر 3 ہفتوں بعد قابو پالیا گیا۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق کیلیفورنیا فائر ڈیپارٹمنٹ نے تصدیق کی ہےکہ 7 جنوری 2025 کو لگنے والی آگ پر اب مکمل طور پر قابو پالیا گیا ہے۔ کیلیفورنیا فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق آگ سے 37,000 ایکڑ سے زیادہ رقبہ اور 10,000 سے زائد گھر جل گئے جس سے تقریباً 30 افراد ہلاک اور ہزاروں بےگھر ہوگئے۔خبر ایجنسی کے مطابق آگ سے نقصانات کا تخمینہ 250 سے 275 ارب ڈالر تک لگایا گیا ہے۔
https://vt.tiktok.com/ZS6TFd37y/
ملتان میں گیس باؤزر دھماکے کے مزید 3 زخمی دم توڑ گئے جس کے بعد افسوس ناک واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد 16 ہوگئی ہے۔ ملتان کے نشتر اسپتال کے برن یونٹ میں زیر علاج گیس باؤزر دھماکےکے مزید تین زخمی چل بسے، جس کے بعد حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 16 ہو گئی ہے۔یاد رہےکہ 6 روز قبل ملتان کے علاقے شیرشاہ روڈ پر حامد پور کنورہ میں گیس سے بھرے باوزر میں دھماکا ہوا تھا، جس میں 10 افراد موقع پر جاں بحق اور 39 زخمی ہو گئے تھے۔برن یونٹ حکام کے مطابق اب بھی 22 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے بعض کی حالت تشویش ناک ہے۔
ملک میں آج سونےکی فی تولہ قیمت
ملک میں آج سونےکی فی تولہ قیمت میں 400 روپےکا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد فی تولہ سونےکی قیمت 2 لاکھ 92 ہزار 200 روپے ہوگئی ہے۔
پاکستانی نوجوان کی محبت میں کراچی آئی امریکی خاتون اونیجا کو کراچی کے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
امریکی خاتون اونیجا جناح اسپتال کے نفسیاتی وارڈ میں زیرعلاج ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق امریکی خاتون کو گزشتہ شب جناح اسپتال میں لایا گیا تھا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق اونیجا کو پولیس لےکر آئی تھی، اونیجا کے پیروں میں بہت سوجن ہے اور وہ عجیب باتیں کررہی ہے، اونیجا کے مختلف ٹیسٹ کیےجائیں گے۔
اس سے قبل امریکی خاتون کا امریکا میں موجود بیٹا بھی منظرعام پر آیا تھا جس نے اصل حقائق سے پردہ اٹھاتے ہوئے اپنی والدہ کو ذہنی مریض قرار دیا تھا۔
خاتون کے بیٹے نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ میڈیا کے ذریعے معلوم ہوا والدہ پاکستان میں ہیں، میری والدہ ایک شخص اور اس کے اہلخانہ سے ملنے پاکستان گئی تھیں اور والدہ نے 2 ہفتے کے بعد واپس آنا تھا لیکن وہ نہیں آئیں۔نوجوان نے مزید کہا کہ میں نے والدہ کو واپسی کے لیے منانے کی بھی بہت کوشش کی لیکن ناکام رہا، میرے بھائی اور میں نے ان کی واپسی کا ٹکٹ بھی کروایا تھا، والدہ ذہنی مریض ہیں ،ان کی سوچنے سمجھنے کی صلاحیت متاثر ہے۔
آئی سی سی نے پاکستان میں ہونے والی سہہ ملکی ون ڈے سیریز کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کر دیا۔
آئی سی سی نے ڈیوڈ بون، رچرڈالنگورتھ اور مائیکل گف کو سہ فریقی ون ڈے سیریز کے لیے میچ آفیشلز مقرر کیا ہے۔آسٹریلیا کے ڈیوڈ بون جو آئی سی سی ایلیٹ پینل آف میچ ریفریز کے رکن ہیں، میزبان پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا پر مشتمل سہ فریقی ون ڈے سیریز کے لیے پلیئنگ کنٹرول ٹیم کی قیادت کریں گے۔سنگل لیگ کی بنیاد پر ہونے والی سہ فریقی سیریز 8 سے 14 فروری تک لاہور اور کراچی میں کھیلی جائے گی۔
آئی بی سی اردو کے خصوصی سلسلے کاؤنٹرنگ دی فیک نیوز
آئیے چلتے ہیں آئی بی سی اردو کے خصوصی سلسلے کاؤنٹرنگ دی فیک نیوز کی جانب ، تو ناظرین سوشل میڈیا پر وائرل ایک فیک تصویر جسے اب تک لاکھوں لوگ شئیر کر چکے ہیں .
پاکستان میں سوشل میڈیا پر یہ دعوے گردش کر رہے ہیں کہ ضلع کرم میں حالیہ تشدد، جس کے نتیجے میں سڑکیں بند ہو گئیں اور ضروری اشیاء کی قلت پیدا ہو گئی، اس کے بعد کرم کے لوگوں نے حکومت کے خلاف احتجاجاً پاکستانی پرچم جلایا۔
یہ دعویٰ غلط ہے۔ شیئر کی جانے والی تصاویر پاکستان کی نہیں ہیں۔
20 جنوری کو ایک فیس بک صارف نے لوگوں کی پاکستانی پرچم جلاتے ہوئے تصویر پوسٹ کی، جس کے کیپشن میں لکھا تھا: ”لوئر کرم بگن اپڈیٹ، آج ضلع کرم بگن کے علاقے میں بگن کے عوام نے دن دیہاڑے پاکستان کے جھنڈے کو آگ لگا دی۔“
اس خبر کے نشر ہونے تک اس پوسٹ کو 970 سے زیادہ دفعہ شیئر اور 50 سے زیادہ مرتبہ لائک کیا گیا ۔
ہماری خبروں کا سلسلہ اپنے اختتام کو پہنچا ، کل نئی خبروں کے ساتھ آپ سے ملاقات ہوگی . تب تک کے لیے دی جئے گا اجازت ، اللہ آپ کا حامی وناصر