پاک فضائیہ کے حملے: کابل، قندھار اور پکتیا میں ملٹری تنصیبات تباہ

پاک فضائیہ نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے کابل، قندھار اور پکتیا میں اہم ملٹری تنصیبات تباہ کردیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فضائی کارروائیوں کے دوران کابل میں 2 بریگیڈ ہیڈکوارٹر تباہ ہوگئے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ قندھار میں ایک کور ہیڈکوارٹر، ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹر، ایمونیشن ڈیپو اور لاجسٹک بیس تباہ کردی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں؛
افغان طالبان کی بلااشتعال کارروائیوں کیخلاف پاکستان کا آپریشن غضب للحق، 133 طالبان ہلاک، 27 چوکیاں تباہ، 9 پر قبضہ کرلیا

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پکتیا میں بھی کور ہیڈ کوارٹر کو تباہ کر دیا گیا ہے۔

افغان طالبان نے حملہ کرکے بھیانک غلطی کی، سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے: محسن نقوی

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نےکہا کہ افغان طالبان نے حملہ کرکے بھیانک غلطی کی، افغان طالبان کو سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے افغان طالبان کی جانب سےشہری آبادی کو نشانہ بنانےکی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ بزدل دشمن نے رات کی تاریکی میں وار کیا اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کی مذموم کوشش کی۔

وزیرداخلہ نے افغان طالبان کی جارحیت کو ناقابل برداشت قرار دیتے ہوئے کہا کہ افغان طالبان کی جارحیت پر پاک فوج نےمنہ توڑ جواب دیا۔ قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

طالبان نے افغانستان کو بھارت کی کالونی بنا دیا، انشاء اللہ شکست دشمن کا مقدر بنےگی: خواجہ آصف

وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ ہماری بہادر افواج اسوقت بھارت کی پراکسی طالبان و افغان جارحیت کا منہ توڑ جواب دے رہی ہیں، انشا ء اللہ شکست دشمن کا مقدر ہے۔

خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ نیٹو کی افواج کے انخلاء کے بعد یہ توقع کی جاتی تھی کہ افغانستان میں امن ہو گا اور طالبان افغان عوام کے مفادات اور علاقہ میں امن پہ توجہ مرکوز کریںُ گے مگر طالبان نے افغانستان کو بھارت کی کالونی بنا دیا۔

خواجہ آصف نے کہا طالبان نے ساری دنیا کے دہشت گردوں کا افغانستان میں اکٹھا کر لیا اور دہشت گردی کو ایکسپورٹ کرنا شروع کر دیا۔ اپنی عوام کو بنیادی انسانی حقوق سے محروم کر دیا، خواتین کو جو حقوق اسلام دیتا ہے وہ چھین لیے۔

وزیردفاع نے کہا کہ پاکستان نے براہ راست اور دوست ممالک کے ذریعہ حالات نارمل رکھنے کی پوری کوششیں کیں، بھر پور سفارت کاری کی مگر طالبان بھارت کی پراکسی بن گئے، آج جب پاکستان کو جارحیت کا نشانہ بنانے کی کوشش کی تو ہماری افواج نے فیصلہ کن جواب دیا۔

خواجہ آصف نے کہا پاکستان کی فوج سمندر پار سے نہیں آئی ہے، ہم تمہارے ہمسائے ہیں تمہاری اوقات جانتےہیں۔ ہمارا صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے ، اب ہماری تمہاری کھلی جنگ ہے، اب دما دم مست قلندر ہو گا۔

پاک افغان صورتحال کے پیش نظر ضلع چمن میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ

پاک افغان صورتحال کے پیش نظر ضلع چمن میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

ڈی ایچ او کے مطابق محکمہ صحت کی ہدایت پرضلع میں ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں۔

تمام میڈیکل آفیسرز، پیرا میڈیکل اسٹاف ودیگرعملے کو طلب کرلیاگیا، ہدایت کی گئی کہ ادویات،طبی آلات اور ایمبولینس سروسز کی فعالیت کو یقینی بنایا جائے۔

یاد رہے کہ پاک افغان سرحد پر افغان طالبان رجیم کی بلااشتعال کارروائیوں کے خلاف پاکستان نے آپریشن غضب للحق شروع کردیا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی سے افغان طالبان کے کئی ٹھکانے تباہ ہوگئے۔ اب تک 133 افغان طالبان ہلاک جبکہ200 سے زائد زخمی ہوچکےہیں۔

وطنِ عزیز کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، دشمن کو ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے افغان طالبان کو منہ توڑ جواب دینے پر پاک فوج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا افواج جارحانہ عزائم کو خاک میں ملانے کی بھرپورصلاحیت رکھتی ہے، افواج کاعزم ہے ملک کے امن اور تحفظ پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔

وزیراعظم نے کہا فیلڈمارشل عاصم منیر کی قیادت میں افواج جذبے کے ساتھ فرائض انجام دے رہی ہے۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ افواجِ پاکستان پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مؤثر دفاعی حکمتِ عملی سے لیس ہیں، افواج کسی بھی اندرونی یا بیرونی چیلنج سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔ وطنِ عزیز کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، دشمن کو ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

وزاعظم نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کو فروغ دیا، ملکی سالمیت پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے، قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ ہے۔

پاکستان امن اور علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، صدر مملکت

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان امن اور علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کا ردعمل جامع اور فیصلہ کن ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ امن کو کمزوری سمجھنے والے مضبوط جواب کے لیے تیار رہیں، کوئی بھی دشمن ہماری پہنچ سے باہر نہیں ہوگا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ قومی سلامتی پر کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان کا افغان طالبان رجیم کی جانب سے بلااشتعال کارروائی کے جواب میں آپریشن غضب للحق جاری ہے۔

فضائیہ اور بری افواج کے حملوں میں افغان طالبان کے 72 کارندے ہلاک اور 120 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

سیکیورٹی فورسز کے حملوں میں 16 افغان چوکیاں مکمل تباہ اور7 افغان پوسٹوں پر قبضہ کرکے پاکستان کا پرچم لہرا دیا گیا۔

علما کونسل نے فیصلہ کیا کہ آج خطبات جمعہ یوم عزم استحکام پاکستان کے عنوان پر ہوں: طاہراشرفی

چیئرمین پاکستان علما کونسل علامہ طاہراشرفی نے کہا ہے کہ علما کونسل نے فیصلہ کیا کہ آج خطبات جمعہ یوم عزم استحکام پاکستان کے عنوان پرہوں۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے علامہ طاہراشرفی نے کہا کہ برادراسلامی ممالک نے افغان قیادت کو کہا آپ دشمن کے آلہ کارنہ بنیں۔

طاہر اشرفی نے کہا کہ دشمن ہماری فوج کا میدان میں مقابلہ نہیں کرسکتا اس لیے ملک میں دہشت گردی کروارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ طالبان نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی نہیں کی لیکن اب پاکستان کرے گا، پاکستان فیصلہ کرچکا کہ ملک میں مزید خون اب نہیں بہنے دے گا۔

جنگ افغانستان نے شروع کی، ختم پاکستان کرےگا: فیصل کریم کنڈی

گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے واضح کردیا کہ جنگ افغانستان نے شروع کی ہے لیکن اس کا اختتام پاکستان کرے گا۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے بتایا کہ افغانستان نے آج دوبارہ پاکستان پرحملے کیے۔ امریکاکو سوچنا ہوگا، ان کا چھوڑا گیا اسلحہ پاکستان کےخلاف استعمال ہو رہاہے

فیصل کریم کنڈی نے کہا پاکستان نے افغانستان سے دہشت گردی کے ثبوت عالمی فورمز پرپیش کیے۔

انہوں نے واضح کیا کہ افغان طالبان ایکشن نہیں لیں گے تو پاکستان دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرے گا، پہلے بھی جارحیت کرنے پرافغاسنتان کو منہ کی کھانی پڑی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے